Inquilab Logo

سیٹوں پر گفتگو کے درمیان شیو سینا نے۱۷؍ امیدواروں کی فہرست جاری کردی

Updated: March 27, 2024, 10:40 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

کانگریس ناراض ، کہا کہ جب بات چیت جاری ہے تو لسٹ جاری کردینا درست نہیں ہے، فہرست میں وہ ۳؍ سیٹیں بھی شامل ہیں جن پر کانگریس کا دعویٰ ہے

Shiv Sena chief Uddhav Thackeray has shocked the Congress
شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نےکانگریس کو چونکا دیا ہے

بی جے پی کو اقتدار سے دورکرنے کیلئے مہاراشٹر میں متحد ہو کر لوک سبھا انتخابات لڑنے کا اعلان کرنے والی مہا وکاس اگھاڑی(ایم وی اے)کی جانب سے سیٹوں کی تقسیم کیلئے میٹنگوں کا سلسلہ ابھی جاری ہے لیکن اسی دوران اگھاڑی کی اہم اتحادی شیو سینا (ادھو ) نے بدھ کی صبح ۱۷؍ امیدواروں کی اپنی پہلی فہرست جاری کر دی۔ اس فہرست میں ممبئی کی ۳؍ سیٹوں پر بھی اس نے  امیدواروں کا اعلان کیا ہے لیکن شیو سینا کی اس فہرست سے کانگریس  میں  ناراضگی پائی جارہی ہےکیوں کہ شیو سینا نے جن سیٹوں کااعلان کیا ہے ان میں سے ۳؍ سیٹوں پر کانگریس کا دعویٰ ہے۔  
 شیو سینا کی فہرست کے تعلق سےسنجے راؤت نے کہا کہ ہم نے کسی بھی سیٹ پر زائد امیدوار کھڑا نہیں کیا ہے۔ ہمیں جو  ۲۲؍ سیٹیں الاٹ ہوئی ہیں ان میںسے ہم نے۱۷؍ سیٹوں پر اتفاق رائے سے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ سنجے رائوت نے یہ بھی کہا کہ باقی فہرست بھی اتفاق رائے سے جاری کی  جائے گی۔ واضح رہے کہ شیو سینا نے ممبئی کی بھی ۴؍ سیٹوں پر اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے۔ان میں ممبئی ساؤتھ سے اروند ساونت ،ممبئی نارتھ ایسٹ سے سنجے دینا پاٹل ،ممبئی ساؤتھ سینٹرل سے انل دیسائی اورممبئی نارتھ ویسٹ سے امول کرتیکر شامل ہیں۔
   ۱۷؍ سیٹوں میںبلڈانہ سےنریندر کھیڑیکر، ایوت محل۔واشم سےسنجے دیشمکھ، ماول سےسنجوگ واگھیرے پاٹل،سانگلی سےچندر ہار پاٹل، ہنگولی سےناگیش پاٹل، اورنگ آباد سے چندر کانت کھیرے، عثمان آباد سےاوم راجے نمبالکر ، شرڈی سے بھاؤ صاحب واگھ چورے، ناسک سے راجا  واجے، رائے گڑھ سےاننت گیتے ، سندھو درگ۔ رتناگیری سے ونایک راؤت، تھانے سے راجن وچارے  اور پربھنی  سےسنجے  جادھو  شامل ہیں۔  شیو سینا کے اعلان پر کانگریس  کے سینئر لیڈر  لیڈر بالاصاحب تھورات نے ناراضگی ظاہر کی اور کہا کہ ادھو ٹھاکرے نے جو اعلان کیا ان میں سے کچھ سیٹوں پر ابھی بات چیت چل رہی تھی ۔ ایسے میں ادھو ٹھاکرے کو تحمل برتنا چاہئے تھا ۔ان سیٹوں میں سانگلی اور ممبئی کی سیٹیں بھی شامل ہیں۔ بالا صاحب تھورات نے مزید کہاکہ ان سیٹوں  کے ساتھ ساتھ بھیونڈی کی سیٹ کے لئے بھی کانگریس کا پرزور مطالبہ ہے جو کہ ابھی تک حل نہیں ہوا ہے۔ ایسے میں ہمارا ماننا ہے کہ گٹھ بندھن کا دھرم سبھی کو نبھانا چاہئے۔   
   دوسری طرف امول کیرتیکر کو ممبئی نارتھ ویسٹ سے امیدوار قرار دینے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کانگریسی لیڈر سنجے نروپم نے کہا   کہ ان کی امیدواری سے کانگریس ورکروں میں ناراضگی پائی جارہی ہے۔  امول کیرتیکر پر کووڈ کے دوران کھچڑی گھوٹالا کا سنگین الزام عائد ہوا ہے۔ ادھو ٹھاکرے کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئےتھی لیکن ہم اعلان کرتے ہیں کہ ان کیلئے کام نہیں کریں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK