Inquilab Logo Happiest Places to Work

امیت شاہ ایوان میں نہیں آئے، آج اجلاس کاآخری دن

Updated: August 13, 2026, 7:34 AM IST | New Delhi

اجلاس کے آخری مرحلہ میں  وزیرداخلہ کی بحث پر آمادگی، اسپیکر کو خط لکھا ، راہل گاندھی نے کہا: ہمیں لیکچر نہیں سننا، یہ جواب دیں کہ طلبہ پر پیلٹ گن چلانے کا حکم کس نے دیا

Rahul Gandhi speaking to the media outside Parliament on Wednesday.
راہل گاندھی بدھ کو پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے

: پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا آج(جمعرات کو)  آخری  دن ہے۔  پورے اجلاس میں غیر حاضر رہنے کے بعد بدھ کو وزیر داخلہ نے    ایوان میں آئے بغیر  طلبہ کے احتجاج   پر بحث کی پیشکش کی ہے تاہم اپوزیشن  لیڈر راہل گاندھی  نے اسے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اور ملک کو وزیر داخلہ کا لیکچر نہیں سننا، وہ صرف اتنا بتائیں کہ طلبہ پر پیلٹ گن کی فائرنگ کا حکم کس نے دیاتھا۔اس کے ساتھ ہی انہوں  نے وزیر داخلہ کے استعفیٰ پر اصرار کیا۔
’’غبارے میں ہوا بھرنے کی کوشش‘‘
 امیت شاہ کی جانب سے طلبہ کے احتجاج پر بحث کی پیشکش کو  ان کی شبیہ کے پھٹے ہوئے ’’غبارے میں آخری وقت میں دوبارہ ہوا بھرنے کی کوشش ‘‘ قرار دیتے ہوئے  راہل گاندھی نے کہا  ہےکہ نوجوان یہ جاننا چاہتے ہیں کہ مظاہرین پر پیلٹ گن سے فائرنگ کا حکم کس نے دیا تھا۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ اپوزیشن کو پارلیمنٹ میں امیت شاہ کی خیالی باتیں اور لیکچر سننے میں کوئی دلچسپی نہیں  ہے۔
امیت شاہ کےاستعفیٰ کی مانگ
  اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اگر  امیت شاہ نے طلبہ پر فائرنگ کا حکم دیا تھا تو وہ قصوروار ہیں اور اگر انہوں نے حکم نہیں دیا  تو وہ نااہل ہیں، دونوں صورتوں میں انہیں استعفیٰ دینا ہوگا۔ پارلیمنٹ کے  احاطہ میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہاکہ’’ کھرگے جی اور میں نے  ّ(منگل  کو ہی )پریس کانفرنس کرکے  اور باقی اپوزیشن نے بھی واضح کر دیا ہے کہ ہم  امیت شاہ کی خیالی باتیں سننے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ ہم ان کا لیکچر یا بحث سننے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔‘‘ انہوں نے کہاکہ ’’ہم ایک سادہ سی بات جاننا چاہتے ہیں۔ جب میں ہم کہتا ہوں تو میرا مطلب ملک کی نوجوان نسل سے ہے....اُن طلبہ پر فائرنگ کا حکم کس نے دیا، ایک طالب علم کو کس نے نابینا کیا، ایک طالب علم کے کان میں کس نے گولی ماری، طلبہ کو کیٖلوں اور الیکٹر شاک والی لاٹھیوں  سے مارنے کا حکم کس نے دیا؟‘‘
 وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی غیر حاضری
  ۲۰؍ جولائی سے پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس  چل رہا ہے جس کا  جمعرات کو آخری دن ہے۔  پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو  نے منگل کو کہا تھا کہ امیت شاہ جواب دینے کو تیار ہیں ،تب یہ امید پیدا ہوئی تھی کہ وہ بالآخر ایوان میں  آئیں  گے مگر  نہ وہ منگل کو ایوان میں آئے ، نہ بدھ کو آئے۔ رواں اجلاس میں وزیر داخلہ کے علاوہ وزیراعظم بھی ایک دن بھی اجلاس میں نہیں پہنچے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK