جہاں پینگوئن رکھے گئے ہیں اس کے قریب ہی ۶۰۰؍ مربع میٹر کے رقبے پر اسے قائم کیا جائے ، گنبدنما دروازے سے اندر داخل ہوتے ہوئے سیاحوں کوایسا محسوس ہوگا جیسے وہ سمندر میں اتر رہے ہیں۔ مختلف اقسام کی مچھلیاں اور آبی پودوں کا نظارہ کیا جاسکے گا
EPAPER
Updated: June 21, 2022, 10:30 AM IST | Mumbai
جہاں پینگوئن رکھے گئے ہیں اس کے قریب ہی ۶۰۰؍ مربع میٹر کے رقبے پر اسے قائم کیا جائے ، گنبدنما دروازے سے اندر داخل ہوتے ہوئے سیاحوں کوایسا محسوس ہوگا جیسے وہ سمندر میں اتر رہے ہیں۔ مختلف اقسام کی مچھلیاں اور آبی پودوں کا نظارہ کیا جاسکے گا
یہاں کے قدیم رانی باغ چڑیاگھر ( ویرماتا جیجا بائی بھوسلے ادیان ) میں اب بین الاقوامی معیار کا مچھلی گھر تعمیر کیا جائے گا اور اسے بی ایم سی چلائے گی۔ اس کے لئے ٹینڈر کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ایک گنبد والے داخلی دروازے اور سرنگ کی طرح سرکلر ایکویریئم سے گزرتے ہوئے سیاح سمندر کی مختلف اقسام کی مچھلیوں کا نظارہ کر سکیں گے جس کی وجہ سے یہ مچھلی گھر مستقبل میں یقیناً سیاحوں کے لئے مزید دلچسپی کا باعث بنے گا۔
ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی )کے زیر اہتمام رانی باغ چڑیا گھر کی جدید کاری کی تکمیل کے ساتھ ہی اس میں ایک کے بعد ایک پرکشش چیز شامل ہوتی جارہی ہے۔ ماحولیات اور سیاحت کے وزیر مملکت اور ممبئی مضافاتی کے نگراں وزیر آدتیہ ٹھاکرے کی ہدایات کے مطابق اس چڑیا گھر میں مختلف خصوصی چیزیں شامل کی جا رہی ہیں۔ سیاح ہر روز چڑیا گھر میں تفریح کیلئے آتے ہیں خاص طور پر پینگوئن آنے کے بعد یہ چڑیا گھر سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے اور اب انہیں مختلف قسم کے نئے آنے والے جنگلی جانور دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
سیاحوں، درخت اور جنگلات سے محبت کرنے والوں اور بالخصوص بچوں اور طلبہ کی بڑھتی ہوئی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی ) نے اب یہاںبین الاقوامی معیار کا مچھلی گھر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
یہ مچھلی گھر پینگوئن کے قریب تقریباً ۶۰۰؍ مربع میٹر کے رقبے پر قائم کیا جائے گا۔ گنبد نما دروازے سے داخل ہوتے ہوئے آپ کو ایسا محسوس ہوگا جیسے آپ سمندر میں اتر رہے ہوں اور مچھلیوں کی زندگی اور آبی پودوں کو دیکھ رہے ہوں۔ وہاں سے مچھلی گھر (ایکویریئم )کو سرنگ کی شکل کی طرح سرکولر پیٹرن میں دو علاقوں میں تعمیر کیا جائے گا۔۱۴؍ میٹر لمبے ایک حصے میں مچھلیوں کی مختلف قسمیں اور۳۶؍ میٹر کے دوسرے حصے میں مختلف مچھلیوں اور گہرے سمندرمیں پائے جانے والے پودوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔ ان دو کروی حصوں کو جوڑنے میں ایک اور گنبد تک رسائی کا راستہ ہوگا۔ سمندری زندگی بھی وہاں دیکھی جا سکتی ہے۔ پورے مچھلی گھر کی قدرتی شکل کو بحال کرنے کے لئے اس میں سمندری زندگی، مصنوعی پتھراور مسلسل لائٹنگ وغیرہ شامل کئے جائیں گے۔ تفریح کرنے والوں کو سمندر میں مچھلیوں اور دیگر آبی مخلوقات کو دیکھ کر بے حد خوشی ہوگی۔