Inquilab Logo

اندھیری : مانسون سے قبل گوکھلے بریج شروع نہیں ہوا تو شہریوں کو آمدورفت میں مزید پریشانی ہوگی

Updated: February 24, 2023, 10:06 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

بارش میں سانتاکروز کا ملن سب وےبھی زیرآب آجاتا ہے۔ بی ایم سی اس مسئلے کے حل کیلئے سیلابی پانی خالی کرنے کیلئے زائد پمپ لگانے پر غور کررہی ہے

Andheri subway gets flooded during monsoon rains. (File Photo)
موسلادھاربارش کے دوران اندھیری سب وے میں پانی بھرجاتا ہے۔(فائل فوٹو)

 اندھیری مشرق  اور مغرب کو جوڑنے والے گوکھلے بریج کو خستہ حالی قرار دے کر  بند کردیا گیا ہے اور اسے منہدم کرکے ازسرنوتعمیر کیا جارہا ہے۔  اس اہم پل کے بند ہونے سے لوگ جن ۲؍ سڑکوں کا استعمال کررہے ہیں ،ان میں  سانتاکروز کا ملن سب وے بھی شامل ہے جو اکثر  موسلادھار بارش کے دوران زیرآب آجاتا ہے۔ اسی لئے  اب شہری  انتظامیہ کو یہ فکر لاحق ہے کہ اگر مانسون سے قبل بریج کی از سر نو تعمیر کا کام مکمل نہیں ہوا تو ملن سب وے کو متبادل کے طور پر استعمال کرنے والے افراد کی مشکلیں بڑھ سکتی ہیں۔
  اس   کے پیش نظر شہری انتظامیہ اس مسئلہ کا حل تلاش کرنے کی کوشش کررہا ہے جس کیلئےگزشتہ دنوں    میونسپل افسران کی ایک میٹنگ رکھی گئی تھی جس میں ایک حل تو یہ بتایا گیا کہ اس بات کا مطالعہ کیا جائے کہ سب وے سے جلد از جلد پانی خالی کرنے کیلئے زائد پمپ لگانے کے کیا امکانات ہیں۔ 
 بی ایم سی کے ایک افسر کے مطابق اس میٹنگ کے انعقاد کی وجہ یہ تھی کہ ایسے کسی متبادل کا انتظام کیا جاسکے جس سے برسات میں عوام کو پریشانیوں سے بچایا جاسکے۔ اس افسر کا یہ بھی کہنا تھا کہ برسات میں ٹریفک پہلے ہی سست روی سے چلتا ہے،  اس دوران اگر سڑکوں پر پانی بھر جائے تو ایسے کیا اقدام کئے جاسکتے ہیں جن سے گاڑیوں کی آمدورفت کو بغیر رکاوٹ کے جاری رکھا جاسکے۔ اسی مقصد سے `اسٹارم واٹر ڈرین اینڈ روڈ ڈپارٹمنٹ  کے ساتھ میٹنگ رکھی گئی تھی۔  انہوں   نے مزید کہا کہ بی ایم سی کو امید ہے کہ مانسون کی ابتداء تک گوکھلے بریج کا ایک طرف کا حصہ شہریوں کی آمدورفت کیلئے کھول دیا جائے گا لیکن احتیاط کے طور پر مزید انتظامات کئے جارہے  ہیں۔ 
 مذکورہ میونسپل افسر کے مطابق  بی ایم سی نے ریلوے   سے درخواست کی ہے کہ گوکھلے بریج کے مغربی جانب کے حصہ پر گرڈر بچھانے کے لئے عارضی طور پر جگہ فراہم کی جائے اور ریلوے نے فروری کے آخر تک جگہ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ 
 یاد رہے کہ گوکھلے بریج بند ہونے کے بعد سے گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے متبادل راستہ کے طور پر لوگ ملن سب وے اور کیپٹن ونایک گورے فلائی اوور کا استعمال کررہے ہیں۔ گورے بریج پر پہلے ہی بہت زیادہ ٹریفک بڑھ چکا ہے اس لئے لوگ ملن اندھیری سب وے کے استعمال کو زیادہ ترجیح دینے لگے ہیں۔یہ بھی یاد رہے کہ گوکھلے بریج کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK