۲۰۲۹ء کے سیاسی مستقبل سے متعلق نائیڈو کے بیان سے ہلچل، دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم کے بغیر ’ترقی یافتہ ہندوستان۲۰۴۷ء ‘ کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔
EPAPER
Updated: August 02, 2026, 10:46 AM IST | Amravati
۲۰۲۹ء کے سیاسی مستقبل سے متعلق نائیڈو کے بیان سے ہلچل، دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم کے بغیر ’ترقی یافتہ ہندوستان۲۰۴۷ء ‘ کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔
آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندربابو نائیڈو نے جو این ڈی اے کے سب سے اہم اور دیرینہ حلیف ہیں، وزیر اعظم نریندر مودی کے بارے میں ایک بڑا بیان دیا ہے۔ ۲۰۲۹ء کے سیاسی مستقبل سے متعلق نائیڈو کے بیان نے ملک بھر کے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ ہم وطنوں سے اپیل کرتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے بغیر ’ترقی یافتہ ہندوستان۲۰۴۷ء ‘ کے ویژن کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔ نائیڈو کے اس موقف اور ’۲۰۲۹ء کیلئے مودی‘کے بالواسطہ پیغام نے اس بحث کو جنم دیا ہے کہ کیا جنوبی ہندوستان میں بی جے پی کی جیت آسان ہو جائے گی؟سنیچرکو وزیر اعظم نریندر مودی نے بھوگا پورم میں نئے تعمیر شدہ الوری سیتارام راجو بین الاقوامی ہوائی اڈے کو قوم کے نام وقف کیا۔ مودی نے آندھرا پردیش کیلئے روڈ کنکٹی ویٹی اور توانائی کی حفاظت سے متعلق ۱۸؍ ہزارکروڑ روپے کے کئی ترقیاتی پروجیکٹو ں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ یہ سنہرے آندھرا پردیش کے خواب کیلئے ایک مبارک دن ہے۔ وزیر اعظم مودی نے وزیراعلیٰ چندرابابو نائیڈو کو ان کے ویژن کے لیے مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ بھوگا پورم ایرپورٹ شمالی آندھرا کی ترقی کے لئے ایک نئے رن وے کے طور پر کام کرے گا۔
کیا ۲۰۲۹ء کی جنگ مودی کیلئے آسان ہوگی؟
اس موقع پر چندرا بابو نائیڈو نے وزیر اعظم مودی کی عالمی ساکھ اور ویژن کی تعریف کی۔ نائیڈو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا ملک کو آگے لے جانے کا واضح ویژن ہے اور وہ دنیا کے سب سے طاقتور اور قابل احترام لیڈروں میں سے ایک ہیں۔ آج ہم دنیا میں جہاں بھی جاتے ہیں، ہندوستان اور وزیر اعظم مودی کو بے مثال عزت ملتی ہے۔ ایسے میں پورے ملک کو صرف ایک بات سوچنی چاہیے کہ قوم کو ان کی قیادت سے نوازا ہے۔ ان کے بغیرہم ۲۰۴۷ء تک ہندوستان کو عالمی سطح پر نمبر ایک بنانے کے ہدف کو حاصل کرنے کا تصور نہیں کر سکتے۔
یہ بھی پڑھئے: مودی کا نیااِنسٹا ویڈیو ، ’معافی ‘ کے اعلان پرسوالوں سے گھر گئے
مودی اور چندر بابو نائیڈو میں گاڑھی چھننے کا مطلب
نائیڈو نے وزیر اعظم مودی کے ناقدین کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان پر تنقید کرنے والوں کو پہلے ملک کی ترقی میں ان کے تعاون پر غور کرنا چاہئے۔ نائیڈو کا یہ بیان محض ایک اتحادی پارٹنر کی تعریف نہیں ہے، بلکہ اس کے پیچھے ایک گہرا سیاسی حساب ہے۔ اپنی تقریر میں چندرابابو نائیڈو نے کہا کہ جہاں دنیا کی بڑی معیشتیں کساد بازاری اور چیلنجوں سے نبرد آزما ہیں، ہندوستان وزیر اعظم کی اقتصادی اصلاحات کی وجہ سے تیز رفتاری سے ترقی کر رہا ہے۔ نائیڈو خود آئی ٹی اور ٹیکنالوجی سے چلنے والی حکمرانی کے حامی رہے ہیں اور ان کا خیال ہے کہ مودی حکومت کی’ ڈیجیٹل انڈیا‘، ‘یو پی آئی اور بنیادی ڈھانچے کی پالیسیوں نے ہندوستان کو۲۱؍ویں صدی کی سپر پاور بننے کے راستے پر گامزن کر دیا ہے۔