مدنپورہ، ناگپاڑہ اور بائیکلہ کے کارخانےوالوں نے خواتین، لڑکیوں اور بچوں میں مفت چپل اور سینڈل تقسیم کرنےکافیصلہ کیا ہے۔
EPAPER
Updated: August 12, 2026, 10:35 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
مدنپورہ، ناگپاڑہ اور بائیکلہ کے کارخانےوالوں نے خواتین، لڑکیوں اور بچوں میں مفت چپل اور سینڈل تقسیم کرنےکافیصلہ کیا ہے۔
فُٹ وئیر مینوفیکچرر ویلفیئر اسوسی ایشن ( ایف ایم ڈبلیو اے) ممبئی نے یوم آزادی کے موقع پر خواتین، لڑکیوں اور بچوں میں مفت فُٹ وئیر ( چپل اور سینڈل )تقسیم کرنے کا اعلان کیاہے۔ سنیچر ۱۵؍اگست کو ناگپاڑہ جنکشن پر واقع کوکن مرکنٹائل بینک کے سامنے صبح ۱۰؍ بجے سے دوپہر ایک بجے کے درمیان چپل اور سینڈل تقسیم کی جائےگی۔ مدنپورہ، ناگپاڑہ اور بائیکلہ وغیرہ کے علاقوں کے تقریباً ۵۰۰؍ کارخانے والوں کا ایف ایم ڈبلیو اے کی سرپرستی میں یوم آزادی کے موقع پر خواتین، لڑکیوں اور بچوں میں تقریباً ایک ہزار ۲۰۰؍ جوڑی چپل اور سینڈل مفت تقسیم کرنے کا منصوبہ ہے۔ ایف ایم ڈبلیو اے کے مطابق’’ ہماری روزی روٹی ان ہی علاقوں سے جڑی ہے، اس لئے آزادی کے اس خوشی کے موقع پر ہم ان علاقوں کی خواتین اور بچوں کی خدمت میں تحفہ پیش کرنا چاہتے ہیں۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: کلیان میں آوارہ کتّے کی دہشت، ۷؍ گھنٹے میں ۱۴۰؍ شہریوں کو کاٹ لیا
ایف ایم ڈبلیو اے کے جنرل سیکریٹری اشرف شیخ نے انقلاب کو بتایا کہ ’’۲؍سال قبل ہماری اسوسی ایشن نے ناگپاڑہ پولیس اسٹیشن کے اشتراک سے رکھشا بندھن کے موقع پر بھی ۲۰۰؍ جوڑی لیڈس چپل اور سینڈل مفت تقسیم کی تھی۔ اب ملک کی آزادی پر ۱۵؍ اگست کوایک ہزار ۲۰۰؍ جوڑی چپل اور سینڈل مفت تقسیم کرنے کا ارادہ ہےجس کی تیاریاں جاری ہیں ۔ ‘‘ان کا مزیدکہنا تھا کہ’’ہماری اسوسی ایشن میں مدنپورہ، ناگپاڑہ اور بائیکلہ وغیرہ کے تقریباً ۵۰۰؍ کارخانےوالےممبر ہیں ۔ ان سب کی متفقہ رائے سے اس پروگرام کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ ‘‘ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ’’ سبھی کارخانے والے اپنی استطاعت کے مطابق مہم میں حصہ لے رہے ہیں ۔ کچھ کارخانے والے اسٹاک کا مال جبکہ متعدد کارخانے داروں نےخاص طور پر اس موقع کیلئے اسپیشل چپل اور سینڈل تیار کئےہیں۔ فی الحال ان کی پیکنگ کا کام جاری ہے۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: جین زی رائزنگ ٹور: نیہا، رانچی کے بعد کولکاتا میں، کہا’’پیپر لیک سسٹم کا مسئلہ ہے‘‘
پروگرام کامقصد دریافت کرنے پر انہوں نے بتایاکہ ’’ ایک تو ہماری روزی روٹی ان ہی علاقوں سے وابستہ رہی ہے، دوسرے خواتین، لڑکیوں اور بچوں میں مفت چپل اور سینڈل تقسیم کر کے ہم بھی ملک کی آزادی کی خوشی میں شریک ہونا چاہتے ہیں ۔ ‘‘ اشرف شیخ کے بقول’’ سنیچر ۱۵؍اگست کو ناگپاڑہ جنکشن پر مقامی کارپوریٹر وقار خان کی سرپرستی میں پرچم کشائی کی رسم ادا کی جائیگی، اس کے بعد فٹ ویئر تقسیم کرنے کا پروگرام صبح ۱۰؍ بجے سے دوپہر ایک بجے تک جاری رہے گا۔ اس دوران بلاتفریق خواتین، لڑکیاں اور بچے چپل اور سینڈل مفت حاصل کرسکتے ہیں ۔ ایک ہزار جوڑی لیڈس چپل اور بچوں کیلئے ۲۰۰؍جوڑی سینڈل وغیرہ کے تقسیم کرنےکا ارادہ ہے۔ آئندہ سال یوم آزادی پر بڑے پیمانے پر اس طرح کے پروگرام کی منصوبہ بندی ہے۔ ‘‘خواتین اور لڑکیوں کے علاوہ مرد حضرات کیلئے اس طرح کانظم کیوں نہیں کیاگیا ؟یہ دریافت کرنے پر اشرف شیخ نے بتایا کہ’’ ہماری اسوسی ایشن میں ۹۰؍فیصد لیڈس فٹ وئیر بنانے والے ہیں ، اس لئے ہم صرف لیڈس فُٹ ویئر تقسیم کریں گے۔ ‘‘