Inquilab Logo

امریکہ میں غیر ملکیوں کی آمد پر پابندی ختم کرنے کااعلان

Updated: October 27, 2021, 10:38 AM IST | Washington

ہندوستان اور چین سمیت کئی اہم ممالک سے آنے والے مسافروں کیلئے ویکسین سے متعلق قوانین میں بھی نرمی برتنے کا حکم۔ ۱۸؍ سال سے کم عمراور طبی مسائل سے دوچار افراد ویکسین کی شرط سے مستثنیٰ ۔ البتہ کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ دینی ہوگی۔ انتظامیہ کےایئر لائنز کیلئے نئے شرائط و ضوابط جاری

US to ease travel restrictions in 3 months (File Photo)
امریکہ کوئی ۲۰؍ ماہ بعد سفر کی پابندیوں میں نرمی برتنے جا رہا ہے( فائل فوٹو)

 کورونا وائرس کی آمد کے کوئی ڈیڑ ھ سال بعد امریکہ نے غیر ملکی مسافروں کی ملک میں آمد پر سے پابندی ہٹانے کا اعلان کیا ہے۔ وہائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ  صدر جو بائیڈن نے کئی غیرملکی مسافروں کیلئے ویکسین سے متعلق نئے قواعد کے نفاذ اور چین اور ہندوستان کے علاوہ یورپ کے کئی ممالک  پر سے ۸؍ نومبر سے سخت سفری پابندیوں کو ہٹانے سے متعلق حکم پر پیر کو دستخط کر دیئے ہیں۔
 اطلاع کے مطابق امریکہ نے پہلی مرتبہ ۲۰۲۰ء میں غیر معمولی سفری پابندیاں لگائی تھیں تاکہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکا جاسکے۔ ان  پابندیوں کی رو سے امریکیوں کے علاوہ  سوا دیگر ممالک کے باشندے جو گزشتہ۱۴؍ دنوں سے برطانیہ، یا ۲۶؍ دنوں سےیورپی ممالک، آئرلینڈ، چین، ہندوستان، جنوبی افریقہ، ایران اور برازیل میں رہے ہوں، ان کا امریکہ میں داخلہ ممنوع تھا۔ 
البتہ اب امریکی  انتظامیہ  نے اعلان کیا ہے کہ    کہ یہ امریکہ کے مفاد میں ہے کہ مختلف ممالک سے مرحلہ وار پابندیوں کو ہٹایا جائے جو پہلے ان پر کورونا وائرس کی وجہ سے عائد گئی تھیں۔ اور ایسی فضائی سفر کی پالیسی کو اپنایا جائے جو بنیادی طور پر ویکسی نیشن پر منحصر ہو تاکہ امریکہ کیلئے  بین الاقوامی فضائی سفر کی محفوظ واپسی ہو سکے۔
بچوں  کیلئے استثنیٰ
 دوسری جانب وہائٹ ہاؤس نےاس بات کی  تصدیق کی ہے کہ ۱۸؍ سال سے کم عمرکے بچے اور کچھ طبی مسائل کا شکار افراد کو ویکسین کی اس نئی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہے۔اس کے علاوہ لگ بھگ ایسے ۵۰؍ ممالک کے غیر سیاحتی مسافر جن کے ملک میں ویکسی نیشن کی شرح ۱۰؍ فی صد سے بھی کم ہے وہ بھی نئے قواعد سے مستثنیٰ ہوں گے۔ان ممالک میں نائیجیریا، مصر، الجیریا، آرمینیا، میانمار، عراق، نکاراگوا، سینیگال، یوگانڈا، لیبیا، ایتھوپیا، زمبیا، کونگو، کینیا، یمن، ہیٹی، چاڈ اور مڈغاسکر شامل ہیں۔البتہ جنہیں استثنیٰ ملے گا انہیں امریکہ آمد کے بعد ۶۰؍ روز میں ویکسی نیشن کروانے کی ضرورت ہو گی۔اس کے علاوہ غیر ملکی فضائی مسافروں کیلئے ضروری ہو گا کہ وہ `سرکاری ذرائع سے ویکسی نیشن کے دستاویز فراہم کریں اور ایئرلائنز کیلئے یہ لازمی ہوگا کہ وہ تصدیق کریں کہ ویکسین کی آخری خوراک سفر کرنے کی تاریخ سے کم از کم دو ہفتے قبل کی ہو۔بین الاقوامی مسافروں کو روانگی سے قبل تین دن کے اندر کئے گئے کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ فراہم کرنی ضروری ہو گی۔
 وہائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ویکسین نہ لگوانے والے امریکیوں اور استثنیٰ حاصل کرنے والے غیر ملکیوں کو روانگی سے ایک دن قبل کروائے گئے منفی کورونا ٹیسٹ کا ثبوت دینا ہو گا۔واضح رہے کہ اس سے قبل وائٹ ہاؤس نے ۲۰؍ ستمبر کو یہ کہا تھا کہ وہ نومبر کے اوائل میں ۳۳؍ ممالک سے آنے والے مکمل ویکسی نیٹیڈ مسافروں کیلئے پابندیاں ہٹا دے گا۔امریکہ کے محکمۂ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ’’ گھر والے اور دوست ایک دوسرے کو دوبارہ دیکھ سکتے ہیں۔ سیاح ہمارے بہترین مقامات کو دیکھ سکتے ہیں۔ یہ پالیسی معیشت کی بحالی کو بھی مزید تیز کرے گی۔‘‘ بائیڈن انتظامیہ نے ایئرلائنز کو بھی تفصیلی طور پر واضح کیا ہے کہ وہ امریکہ آنے والی پروازوں میں بیٹھنے سے قبل غیرملکی مسافروں سے تصدیق کریں کہ ان کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔
 ایئر لائنز کیلئے نئے شرائط وضوابط
 امریکی حکام اور ایئرلائنز کو ایک فکر یہ لاحق ہے کہ غیرملکی مسافروں کو نئے ویکسین قواعد سے آگاہ کرنایقینی بنانا ہے جو صرف دو ہفتوں میں نافذ ہو جائیں گے۔ اس  کےساتھ ویکسین نہ لگوانے والے امریکیوں کو سخت ٹیسٹنگ کے قواعد کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔امریکہ کے بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے ادارے (سی ڈی سی) نے پیر کو ایئرلائنز کیلئے نئے شرائط و ضوابط  جاری کئے تاکہ وہ بین الاقوامی مسافروں سے فون نمبر، ای میل اور امریکہ کا پتہ حاصل کریں اور اسے ضرورت پڑنےپر ۳۰؍ روز تک اپنے پاس رکھیں ۔ سی ڈی سی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی ضروریات سے بچنے کی کوشش کرنے والے بین الاقوامی مسافروں کیلئے کوئی مذہبی استثیٰ نہیں ہے۔​
  واضح رہے کہ امریکہ مارچ ۲۰۲۰ء سے ہوائی سفر پر پابندی کی گئی تھی۔ اس کے بعد  زمینی سرحدوں کو سیل کر دیا گیا تھا۔  بائیڈن انتظامیہ نے تمام امریکیوں کا ویکسی نیشن کروانے کیلئے کئی پروگرام چلائے لیکن اب تک وہ اپنے مشن میں کامیاب نہیں ہو سکے۔  بالآخر انہوں نے ویکسین کے تعلق سے کئی چھوٹ دینی شروع کی۔ حال ہی میں انہوں نے کینیڈا اور یورپی ممالک کی زمینی سرحدیں کھولنے کا بھی اعلان کیا تھا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK