Inquilab Logo

اندھیری سب وے کو سیلابی صورتحال سے بچانے کیلئے مزید ۲۰۹؍کروڑ روپے درکار!

Updated: April 14, 2024, 11:28 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

مانسون کے دوران سب وے میں پانی جمع ہونے سے روک تھام کیلئے موگرا نالہ کی چوڑائی بڑھائی جائے گی جس میں ۳؍سے ۴؍سال کا وقت درکار ہوگا۔

Andheri subway gets flooded during rain. Photo: INN
اندھیری سب وے میں بارش کے دوران پانی بھر جاتا ہے۔ تصویر : آئی این این

مانسون کے دوران اندھیری سب وے میں پانی جمع ہونے سے روکنے کیلئے میونسپل انتظامیہ نے مختلف کام شروع کئے ہیں۔ پانی کی تیزی سے نکاسی کےلئے سب وے کے متوازی ریلوے پٹریوں کے نیچے بارش کے پانی کیلئے چینل بچھایا جائے گا۔ اس کے علاوہ نالے کو چوڑا کرنے اور اس کا رخ موڑنے کا کام بھی کیا جائے گا۔ ان تمام کاموں پر مزید ۲۰۹؍ کروڑ کی لاگت آئے گی جبکہ ان کاموں کو مکمل کرنے میں ۳؍ سے ۴؍ سال تک لگ جائیں گے۔ اس دوران بارش کا پانی جمع ہونے کی صورت میں اندھیری سب وے میں گاڑیوں کا داخلہ بند کرنا ہی واحد حل ہوگا۔ واضح رہے کہ موگرا پمپنگ اسٹیشن کیلئے پہلے ہی ۲۵۰؍ کروڑ روپے کے اخراجات کی تخمینہ تھا اور یہ کام رک بھی گیا ہے، اب اس کام کیلئے مزید ۲۰۹؍ کروڑ  روپے خرچ کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ موسلادھار بارش ہونے پر اندھیری سب وے اور ملن سب وے سمیت نشیبی جگہوں پر پانی جمع ہو جاتا ہے۔ اگرچہ مانسون کے دوران ملن سب وے میں پانی جمع ہونے سے روکنے کیلئے اسٹوریج ٹینک کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے لیکن اس بات کا خدشہ ہے کہ اندھیری سب وے اس مانسون میں بھی زیر آب آجائے گا۔

یہ بھی پڑھئے : مدنپورہ کے بچوں کی تعلیمی کفالت اور کھیل کود کے فروغ کیلئے کوشاں ’عیداسپورٹس کمیٹی ‘کے کامیاب ۶۵؍سال!

 اندھیری مغرب میں موگرا نالہ کی چوڑائی کئی جگہوں پر کم ہونے کی وجہ سے تیز بارش اور سمندر میں طغیانی کے دوران موگرا نالہ میں  پانی  تیزی سے  بھرنے لگتا ہے اور اندھیری سب وے، داؤد باغ، آزاد نگر اور ویرا دیسائی روڈ کے  علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوجاتی ہے۔ یہ علاقے قدرے نشیب میں واقع ہیں  اس لئے پانی نکلنے میں بھی وقت لگتا ہے۔
اندھیری مغرب میں بارش کا پانی موگرا نالہ سے اندھیری سب وے سے بہہ کر گزرتا ہے اور ملت نگر، لوکھنڈ والا کمپلیکس کے قریب ملاڈ کی کھاڑی میں پہنچتا ہے۔ اس صورتحال کا معائنہ کرنے کے بعد شہری انتظامیہ نے موگرا نالے کو چوڑا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ جہاں نالے کو چوڑا کرنا ممکن نہیں وہاں نالے کا رخ موڑ کر پانی نکالنے کے انتظامات کئے جائیں گے۔ 
 شہری انتظامیہ کے ایک افسر نے بتایا کہ اندھیری سب وے نشیبی حصہ ہے اور قریب ہی ایک بڑی ڈھلان ہے، اس لئے جب ایک گھنٹے میں ۵۰؍ملی میٹر بارش ہوتی ہے تو فی سیکنڈ ۵۰؍ ہزار لیٹر پانی تیزی سے بہتا ہوا آتا ہے۔ اس کے مقابلے نالے کی چوڑائی کم ہونے کی وجہ سے پانی جمع ہونے لگتا ہے۔ اس لئے نالے کو چوڑا کرنا ضروری ہے اور اس کام کیلئے ٹینڈر نکالا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر ضابطہ اخلاق نافذ ہے اس لئے انتخابات کے بعد اس پر فوری طور پر عمل کیا جائے گا۔ریلوے ٹریک کے نیچے بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے نالے کی لائن بچھانے کا کام پیچیدہ ہے اور اسے مکمل ہونے میں ۳؍ سے ۴؍ سال لگ  سکتے ہیں۔ اس لئے اندھیری سب وے کو کم از کم اگلے ۳؍ مانسون تک راحت نہیں مل سکے گی۔ موگرا نالہ چوڑا کرنے کا کام پچھلے سال گوکھلے بریج کا کام رک جانے کی وجہ سے شروع نہیں ہو سکا تھا۔ چونکہ اس بریج کا ایک حصہ حال ہی میں شروع کیا گیا ہے اس لئے اندھیری سب وے میں ٹریفک کا دباؤ تھوڑا کم ہوا ہے۔ اس لئے اب شہری انتظامیہ نے سب وے میں پانی جمع ہونے سے روک تھام کے کام کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ شہری انتظامیہ کے ایک افسر نے بتایا کہ اس کام کیلئے کنسلٹنٹ کا تقرر کیا گیا ہے، ٹینڈر کا مسودہ بھی تیار کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK