مانخورد شیواجی نگر اسمبلی حلقہ میں سماج وادی کی ریلی میںپارٹی کارکنان اور مقامی شہریوں نے شرکت کرکے بیداری کا ثبوت دیا
EPAPER
Updated: October 07, 2025, 11:43 PM IST | Mumbai
مانخورد شیواجی نگر اسمبلی حلقہ میں سماج وادی کی ریلی میںپارٹی کارکنان اور مقامی شہریوں نے شرکت کرکے بیداری کا ثبوت دیا
مانخورد شیواجی نگر اسمبلی حلقہ میں منشیات کے کاروبار اور نشہ کی لت میں پھنسنے والے افراد، خصوصاً نوجوانوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے، اس معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے منگل کو گوونڈی میں ایک عظیم الشان منشیات مخالف ریلی کا انعقاد کیا تھا جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی تاکہ پولیس اور حکومت کی توجہ اس جانب مبذول کرائی جاسکے اور اس علاقے سے اس لعنت کو ختم کرنے کے اقدام کئے جائیں۔
اس سلسلے میں انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے ابو عاصم اعظمی نے کہا کہ ’’منشیات کی لعنت نے صرف ممبئی ہی نہیں پورے مہاراشٹر کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور اسمبلی میں میرے علاوہ دیگر کئی ایم ایل اے اپنے حلقہ انتخاب میں منشیات کے مسئلہ کو اٹھاتے ہیں جس سے اس معاملے کی سنگینی کا پتہ چلتا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’لوگوں کو بتانا پڑتا ہے کہ جس طرح سور کا گوشت حرام ہے، شراب حرام ہے اسی طرح قرآن نے نشہ کو بھی حرام قرار دیا ہے۔ اگر کسی نشہ کرنے والے سے پوچھو کہ آپ کو سور کا گوشت دیا جائے گا تو کیا آپ کھائیں گے تو وہ کہتے ہیں نہیں کھائیں گے لیکن وہی لوگ نشہ کرتے ہیں۔ ہمارے علاقے میں جو نوجوان بے روزگار ہیں ان میں سے بہت سے افراد نشہ کی لت میں پھنس گئے ہیں۔ ہم نے پولیس سے اس سلسلے میں بات کی اور کئی مرتبہ اس موضوع پر اسمبلی میں بحث کرکے اس بات کو حکومت تک پہنچایا ہے۔ کافی کوششوں کے بعد اب ایسا محسوس ہورہا ہے کہ پولیس نے کچھ سختی شروع کی ہے اور لوگ پکڑے جارہےہیں۔نئے قانون کے حساب سے منشیات کا دھندہ کرنے والوں پر مکوکا بھی عائد ہوگا۔‘‘
مانخورد شیواجی نگر حلقہ میں نشے کا مسئلہ کئی سال سے موضوع بحث رہا ہے اور اس سے مقامی شہریوں کی زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
ابو عاصم کے مطابق موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے سماج وادی پارٹی پوری قوت کے ساتھ مانخورد شیواجی نگر میں اپنے حلقہ میں اپنے لوگوں کے ساتھ نشہ مخالفت مہم چلا رہے ہیں اور اس مہم میں علمائےکرام، ڈاکٹر، سماجی کارکنان اور اسکول کے بچے تک ساتھ دے رہے ہیں۔ اسی کا ایک نمونہ منگل کو پیش کیا گیاجس میں ہزاروں افراد اپنا احتجاج درج کرانے کیلئے سڑک پر اترے اور نشہ مخالف نعرے لگائے۔
سماج وادی پارٹی لیڈر ابو عاصم کی قیادت میں منگل کی دوپہر تقریباً ۲؍ بجے شیواجی نگر، گوونڈی میں واقع پرانے بس ڈپو سے یلغار گوونڈی ریلی شروع کی گئی جو رفیع نگر اور پھر ۹۰؍ فٹ روڈ وغیر سے ہوتے ہوئے ۱۴؍ نمبر روڈ پر جاکر ختم ہوئی۔ اس دوران لوگ ’’نشہ بالکل بند کرو‘‘، ’’نشہ زندگی برباد کرتا ہے‘‘ اور ’’گوونڈی کو نشہ مکت کرو‘‘جیسے نعرہ لگا رہے تھے۔ شرکاء نے منشیات کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ منشیات سے دور رہیں۔ ریلی کا بنیادی مقصد علاقے کے نوجوانوں کو منشیات کے چنگل سے نجات دلانا اور انتظامیہ پر اس غیر قانونی تجارت کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالنا تھا۔ اس لئے مظاہرے میں نہ صرف پارٹی کارکنان بلکہ علاقے کی مائیں، بہنیں، نوجوان اور بزرگ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے مسئلے کی سنگینی کو اجاگر کیا۔
ابو عاصم اعظمی کے مطابق گوونڈی کو نشہ سے پاک کرنا ہے جس کیلئے سماج وادی پارٹی مہم چلارہی ہے اور پولیس کے تعاون سے بہت جلد اس کو بند کرادیں گے ۔ البتہ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ ’’منشیات کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جانی چاہئے ورنہ سماج وادی پارٹی اور مقامی شہری مزیدبڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے۔‘‘