Inquilab Logo

انٹاپ ہل: ۷؍ اور ۵ ؍سال کے بچوں کی لاش بھنگار میں پڑی کار سے برآمد

Updated: April 26, 2024, 9:00 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

پولیس کو شبہ ہے کہ کھیلنے کے دوران کار کےدروازے اندر سے بند ہوجانے کے سبب دونوں بھائی بہن کی دم گھٹنے سے موت ہوگئی۔

The car lying in Bhangar from which the bodies of the two children were recovered. Photo: INN
بھنگار میں پڑی وہ کار جس سے دونوں بچوں کی لاش برآمد ہوئی۔ تصویر : آئی این این

یہاں کے انٹاپ ہل علاقے میں بھنگار میں پڑی ایک کار سے ۷؍ سال کے لڑکے اور ۵؍ سال کی لڑکی کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ دونوں بھائی بہن ہیں۔ اس واقعہ سے علاقے میں سراسیمگی پھیل گئی   ہے۔  اس تعلق سے پولیس نے حادثاتی موت کا معاملہ درج کرلیا ہے اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال روانہ کر دیا ہےجس کی رپورٹ کا انتظار ہے ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ کھیلنے کے دوران دونوں کار میں داخل ہوئے اور دروازے بند ہونے کے سبب ان کا دم گھٹ دیا جس سے ان کی موت ہوگئی۔
۷؍ سالہ ساجد اور ۵؍ سالہ مسکان انٹاپ ہل کے بھوانڈن بدھواری علاقے میں واقع میدان میں جھوپڑے میں رہتے تھے۔ بدھ کی دوپہر ڈیڑھ بجے اچانک دونوں لاپتہ ہوگئے ۔ والد ین  انہیں آس پاس کے علاقوں میں کئی گھنٹے تک تلاش  کرتے رہے۔ جب وہ نہیں ملے تو انہوں نے انٹاپ ہل پولیس میں شکایت درج کرائی۔ پولیس نے فوری طورپر گمشدگی کا کیس درج کرتے ہوئے ان کی تلاش شروع کر دی۔ اس کیلئے ایک خصوصی ٹیم بنائی گئی جس نے سب سے پہلے بچوں کی رہائش گاہ کے قریب لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی لیکن اسےکوئی کامیابی نہیں ملی۔

یہ بھی پڑھئے: آج راہل، تھرور، ہیمامالنی، اوم برلا کی تقدیر کا فیصلہ

اس ضمن میں مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے انٹاپ ہل پولیس اسٹیشن کے سینئر  انسپکٹر بھگوان گرانڈے نے بتایا کہ’’ خصوصی دستہ نے بھوانڈن بدھواری علاقے میں پارک کی گئی کئی بھنگار گاڑیوں کا جائزہ لیا۔ اس  دوران ایک خاتون پولیس افسر کو وہاں کھڑی ایک لال رنگ کی کار ایم ایچ ۰۴ اے ڈبلیو ۸۳۳۷؍ میں دونوں بچے  دکھائی دیئے۔ پولیس نے چند منٹ کی کوشش کے بعد گاڑی کا دروازہ کھولا اور بے سدھ پڑے بچوں کو اسپتال پہنچایا۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ’’ بدھ کو رات ساڑھے ۱۰؍ بجے بچوں کو تلاش کر لیا گیا تھا  اور اسپتال لے جانے کے بعد ڈاکٹر نے انہیں مردہ قرار دے دیا تھا۔‘انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ ابتدائی تفتیش سے بچوں کے کار میں دم گھٹنے سے موت ہونے کا پتہ چلا ہے لیکن اصل وجہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ ملنے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گی۔
جب اپنے بچوں کی موت کا پتہ چلا تو والدہ صدمے سے نڈھال ہوگئی اور چیخ مار کر زار و قطار رونے لگی۔ اس سلسلہ میں بچوں کے والد محمد شیخ جو تعمیراتی مزدور ہیں،سے گفتگو کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ ’’معمول کے مطابق بچے گھر کے قریب واقع میدان میں کھیل رہے تھے لیکن جب ڈیڑھ اور دو بجے کے درمیان کھانے کے وقت وہ گھر نہیں لوٹے تو انہیں کافی دیر تک تلاش کیا گیا۔ بعدازیں شام ۷؍ بجے گمشدگی کی رپورٹ  درج کرائی گئی۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK