• Fri, 13 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اے آئی جلد ہی بیشتر وہائٹ کالر ملازمتوں پر قابض ہوجائے گا: مصطفیٰ سلیمان

Updated: February 13, 2026, 9:15 PM IST | New York

مائیکرو سافٹ کے اے آئی کے سی ای او مصطفیٰ سلیمان نے دعویٰ کیا ہے کہ آنے والے ۱۲؍ سے ۱۸؍ مہینوں میں زیادہ تر وائٹ کالر ملازمتیں اے آئی کے ذریعے خودکار (آٹومیٹ) ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے وکلا، اکاؤنٹنٹس اور مارکیٹنگ پروفیشنلز تک پر اس کے اثرات پڑنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

Mustafa Suleyman .Phpto:INN
مصطفیٰ سلیمان۔ تصویر:آئی این این

اگر آپ کمپیوٹر کے سامنے بیٹھ کر کام کرتے ہیں تو یہ خبر آپ کے لیے تشویش کا باعث ہو سکتی ہے۔ مصطفیٰ سلیمان کا ماننا ہے کہ مصنوعی ذہانت بہت جلد اس سطح تک پہنچ جائے گی جہاں وہ انسانوں کی طرح پیچیدہ فیصلے کر سکے گی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے واضح کیا کہ صرف کوڈرز ہی نہیں بلکہ وکیل، اکاؤنٹنٹ، پروجیکٹ منیجر اور مارکیٹنگ پروفیشنلز جیسے کمپیوٹر پر کام کرنے والے افراد بھی اے آئی آٹومیشن کی زد میں آ سکتے ہیں۔
۱۲؍ سے ۱۸؍مہینوں میں بڑی تبدیلیوں کا امکان
سلیمان کے مطابق آئندہ  ۱۲؍سے ۱۸؍ مہینوں میں کام کے میدان میں نمایاں تبدیلیاں دیکھنے کو مل سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’جو لوگ کمپیوٹر کے سامنے بیٹھ کر کام کرتے ہیں، ان کے زیادہ تر کام کو اے آئی مکمل طور پر خودکار بنا سکتا ہے۔‘‘ یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب کئی کمپنیاں تیزی سے اے آئی اپنانے کی طرف بڑھ رہی ہیں۔
پروفیشنل گریڈ اے جی آئی کی تیاری
 سلیمان نے انکشاف کیا کہ مائیکروسافٹ اب پروفیشنل گریڈ آرٹیفیشل جنرل انٹیلی جنس (اے جی آئی) تیار کر رہی ہے۔ یہ ایک جدید اے آئی ماڈل ہوگا جو ایک پیشہ ور انسان کی طرح تقریباً ہر کام باریکی سے انجام دینے کی صلاحیت رکھے گا۔ ان کے مطابق جو بھی شخص اسکرین کے سامنے کام کرتا ہے، اس کا کام مستقبل قریب میں مکمل طور پر خودکار ہونے کے قریب ہے۔
 کلاؤڈ کوورک نے چل مچا دی ہل
حال ہی میں اینتھروپک  کے کلاؤڈ کوورک ماڈل نے شیئر بازار میں ہلچل مچا دی تھی۔ کمپنی نے اپنے اے آئی ٹول میں کچھ انٹرپرائز پلگ اِنز متعارف کرائے تھے جو آئی ٹی کمپنیوں کی کئی سروسز کو خودکار بنا سکتے تھے۔ اس اعلان کے بعد ہندوستان  اور امریکہ کی اسٹاک مارکیٹس میں نمایاں گراوٹ دیکھی گئی۔  ہندوستان  میں ٹاٹا کنسلٹنسی سروسیز اورانفوسیس   سمیت پانچ بڑی آئی ٹی کمپنیوں کے شیئرز  ۵؍ سے۷؍ فیصد تک گر گئے، جس سے مارکیٹ کو ایک ہی دن میں ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کا نقصان ہوا۔

یہ بھی پڑھئے:ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ: متحدہ عرب امارات کی کنیڈا پر سنسنی خیز فتح

نیا اے آئی بنانا پوڈکاسٹ بنانے جتنا آسان ہوگا
جیسے جیسے ٹیکنالوجی ترقی کرے گی، اے آئی ماڈل تیار کرنا کسی بلاگ لکھنے یا پوڈکاسٹ ریکارڈ کرنے جتنا آسان ہو جائے گا۔ سلیمان کا ماننا ہے کہ مستقبل میں ہر ادارہ اور فرد اپنی ضروریات کے مطابق اپنا ذاتی اے آئی تیار کر سکے گا۔ اگلے دو سے تین برسوں میں اے آئی ایجنٹس اتنے ماہر ہو جائیں گے کہ وہ بڑے اداروں کے پیچیدہ ورک فلو کو بغیر کسی انسانی مداخلت کے سنبھال سکیں گے۔

یہ بھی پڑھئے:فلم ڈان ۳ ؍ میں رتیک: رتیک روشن نے حقیقت بیان کر دی

مائیکروسافٹ اوپن اے آئی پر انحصار کم کر رہا ہے
 مائیکروسافٹ اب اوپن اے آئی  پر اپنا انحصار بتدریج کم کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ کمپنی اے آئی کے میدان میں مکمل خود کفالت حاصل کرنے کے لیے اپنے ماڈلز تیار کر رہی ہے۔ مصطفیٰ سلیمان نے اشارہ دیا ہے کہ مائیکروسافٹ کے یہ نئے اور خود تیار کردہ اے آئی ماڈلز ۲۰۲۶ء کے آخر تک مارکیٹ میں آ سکتے ہیں، جو اے آئی کے شعبے میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK