Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوگا کو ایک عوامی تحریک بنا نے کی اپیل

Updated: June 22, 2025, 11:25 AM IST | New Delhi

وزیر اعظم نریندر مودی کا عالمی یوم یوگا کے موقع پر خطاب، کہاکہ یوگا کو جدید طبی نظام میں شامل کرنے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔

Prime Minister Narendra Modi and others at the 11th International Yoga Day celebrations in Visakhapatnam. Photo: PTI.
وشاکھاپٹنم میں منعقدہ ۱۱؍ویں بین الاقوامی یومِ یوگا کی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے یوگا کو عالمی امن، ہم آہنگی اور صحت کی ایک طاقتور تحریک بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یوگا آج پوری دنیا میں انسانیت کو جوڑنے کا ذریعہ بن چکا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ اسے ایک عوامی عالمی مہم کی صورت دی جائے۔ 
وزیر اعظم مودی آندھرا پردیش کے ساحلی شہر وشاکھاپٹنم میں منعقدہ ۱۱؍ویں بین الاقوامی یومِ یوگا کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جہاں لاکھوں افراد کی موجودگی میں انہوں نے خود یوگ کی مشق کی اور اسے روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بنانے پر زور دیا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ یوگ کا مطلب ہے `جوڑنا اور یہ دیکھنا انتہائی خوش آئند ہے کہ آج یوگا کس طرح پوری دنیا کو ایک لڑی میں پرو رہا ہے۔ یوگا ایک ایسی طاقت ہے جو نہ صرف جسم اور ذہن کو جوڑتی ہے بلکہ قوموں، معاشروں اور تہذیبوں کے درمیان بھی پل کا کام کر رہی ہے۔ 
انہوں نے اس موقع پر یاد دلایا کہ ہندوستان کی جانب سے عالمی یوم یوگا کی تجویز کو اقوامِ متحدہ میں ۱۷۵؍ ممالک کی حمایت حاصل ہوئی تھی، جو کہ عالمی یکجہتی کی ایک مثال ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت یوگا کو محض روحانی یا جسمانی مشق کے طور پر نہیں دیکھتی بلکہ اسے ایک سائنسی، تحقیقی اور طبی بنیاد پر دنیا کے سامنے پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یوگا کو جدید طبی نظام میں شامل کرنے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ نیشنل آیوروید مشن کے ذریعے یوگا اور صحت کے اصولوں کو فروغ دیا جا رہا ہے اور اس مشن میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو بھی مؤثر طریقے سے شامل کیا گیا ہے تاکہ یوگا کو نوجوان نسل تک بہتر انداز میں پہنچایا جا سکے۔ 
وزیر اعظم نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آئیے ہم سب مل کر یوگا کو ایک عوامی تحریک بنائیں ایک ایسی تحریک جو دنیا کو امن، صحت اور ہم آہنگی کی طرف لے جائے۔ جہاں ہر فرد دن کا آغاز یوگا سے کرے، ہر معاشرہ یوگا سے جڑے اور کشیدگی سے پاک ہو، اور یوگا انسانیت کو ایک ساتھ باندھنے کا ذریعہ بنے۔ انہوں نے `یوگا فار ون ارتھ، ون ہیلتھ (یعنی ایک زمین، ایک صحت) کے عالمی نعرے کو دہراتے ہوئے کہا کہ یوگا کو عالمی صحت اور ماحولیاتی توازن کے نظریے سے جوڑنے کی اشد ضرورت ہے۔ 
اس موقع پر تقریب میں آندھرا پردیش کے گورنر سید عبدالنذیر، ریاست کے وزیر اعلیٰ این چندرا بابو نائیڈو، نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان، مرکزی وزراء رام موہن راؤ نائیڈو، پرتاپ راؤ جادھو، چندرشیکھر، بھوپتی راجو، سری نواس ورما سمیت کئی دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی اور وزیر اعظم کے ہمراہ یوگا میں حصہ لیا۔ وزیر اعظم مودی نے ایک اہم پہلو کی جانب توجہ دلاتے ہوئے بتایا کہ آج دنیا کے کئی ممالک میں بریل رسم الخط میں بھی یوگا کی تعلیم دی جا رہی ہے تاکہ بصارت سے محروم افراد بھی یوگا کے فوائد سے مستفید ہو سکیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK