Inquilab Logo

میرابھائندر اور وسئی ویرار کیلئے نئے پولیس کمشنر کی تقرری

Updated: September 28, 2020, 7:30 AM IST | Kazim Shaikh | Mira Bhayandar

دونوں میونسپل کارپوریشن کے ۱۳؍ پولیس اسٹیشنوں کے پولیس اہلکار اب جلدہی نئے کمشنر کے ماتحت کام کریں گے۔ نئے پولیس کمشنر سدانند داتے کیلئےمیرابھائندر مہانگر پالیکا کےآفس میں جگہ کا انتظام نہ ہونے پر انہیں چارج سنبھالنے میں اب بھی وقت لگ سکتا ہے

Sadanand Date
آئی پی ایس آفیسر سدانندداتے میرابھائندراوروسئ ویرار کے نئے پولیس کمشنر ہوں گے۔

وسئی ویرار  اور میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن کے ۱۳؍ پولیس اسٹیشنوں کیلئے تقریباً ۲۰؍ دن  پہلے   نئے پولیس کمشنر کی تقرری  ہوچکی ہے لیکن ابھی تک ان کے بیٹھنے کا کوئی معقول انتظام نہیں ہوسکا ہے جس کی وجہ سے میرابھائندر  اور وسئی ویرار مہانگر پالیکا کے شہریوں  اور پولیس اہلکاروں کو اس کیلئے مزید کچھ دنوں تک انتظار کرنا پڑسکتا ہے ۔ 
 میرابھائندر میونسپل کارپوریشن کے ایک افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر نمائندۂ ٔانقلاب کو بتایا کہ نائیگاؤں سے ویرار تک کا علاقہ  پال گھر گرامین  میںآتا ہے اور میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن کا علاقہ تھانے گرامین میں آتا ہے ۔ اب  ان  دونوں علاقوں کی آبادی کافی بڑھ گئی ہے اور یہ دونوں میونسپل کارپوریشن  ترقی کرتے ہوئے شہر میں تبدیل ہوچکے ہیں  ۔ اس لئے ان علاقوں کیلئے اب ایک پولیس کمشنر کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی ۔  ابھی تک ان علاقوں کے پولیس اہلکار  پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) کے ماتحت کام کرتے تھے  اور  میرا بھائندر کے علاقے کے  تمام پولیس اہلکاروں کے علاوہ شہری اپنے کسی کام کیلئےتھانے گرامین کے ایس پی   سے رجوع ہوتے  تھے ۔ اسی طرح وسئی ویرار کے شہریوں او ر پولیس اہلکاروں کو پال گھر  ایس پی  سے رابطہ قائم کرنا  پڑتا تھا ۔  انھوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ان علاقوں کیلئے نئے پولیس کمشنر کے طور پر آئی پی ایس آفیسر سدانند داتے کی۲؍   ہفتے قبل تقرری کردی  ہے اور وہ یکم اکتوبر سے اپنا چارج بھی سنبھالنے والے تھے  ۔ ان کے بیٹھنے کیلئے میراروڈ کے علاقے میں ایک بلڈنگ تعمیر ہورہی ہے ۔ اس میں مستقل  طور پر پولیس کمشنر کا آفس بنایا جائے گا۔  فی الحال عارضی پر میراروڈ کے رام نگر میونسپل آفس میںپولیس کمشنر سدانند داتے اور ان کے اسٹاف کے بیٹھنے کیلئے جگہ بنائی جارہی تھی اور میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کو جگہ خالی  کرکے دیگر جگہ منتقل ہونے کوکہا گیا تھا نیز اس سلسلے میں انہیں کارپوریشن کی جانب سے ۲؍ بار نوٹس بھی دیا گیا ہے لیکن ابھی تک جگہ خا لی نہ ہونے سے پولیس کمشنر کے چارج لینے کا معاملہ التوا میں پڑتا ہوا  نظر آرہا ہے ۔ 
 میراروڈ کے نیا نگر پولیس اسٹیشن کے ایک پولیس اہلکار کے مطابق نئے پولیس کمشنر کی تقرری ہوچکی ہے اور ایسا کہا جارہا تھا کہ نئے پولیس کمشنر یکم اکتوبر سے چارج بھی سنبھال لیں گے لیکن اب کچھ تاخیر ہوسکتی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے بتایا کہ نئے پولیس کمشنر کی تقرری اور یہاں پر ان کے آفس میں خاص طور سے  میرابھائندر کے علاقے میں واقع ۵؍ پولیس اسٹیشنوں کے اہلکاروں  اور وسئی ویرار مہانگر پالیکا میں آنے والے ۷؍ پولیس اسٹیشنوںکے اہلکاروں کو پولیس کمشنر سے ملاقات کرنے اور  دیگر معاملات کیلئے کافی آسانی ہوجائے گی ۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ فی الحال ان ۱۳؍ پولیس اسٹیشنوں میں کام کرنے والے ۲؍ ہزار پولیس اہلکاروں کو اپنے اعلیٰ پولیس افسران کے پاس کسی نہ کسی ضرورت کیلئے  آنے جانے پر کافی وقت  چلا جاتا ہے ۔ مذکورہ پولیس افسر کے مطابق  پولیس کمشنر کا چارج لینے کے بعد میرابھائندر مہانگر پالیکا کے علاقے میں ۲؍ اور وسئی ویرا ر مہانگر پالیکاکے علاقے میں ۵؍ مزید پولیس اسٹیشن قائم کئے جائیں گے اور کل ۲۰؍ پولیس اسٹیشنوں میں  پولیس کمشنر کے ماتحت ۴؍ ہزار پولیس اہلکار کام کریں گے۔ اس سے تمام علاقوں میں پولیس کی گرفت نہ صرف مضبوط ہوگی بلکہ پولیس اہلکاروںکو جرائم کے معاملات پر قابو پانے میں بھی کافی آسانی  اور مدد ملے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK