اس اقدام کا مقصد ملک کی تعمیر میں نمایاں خدمات انجام دینے اور مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کے تعاون کو خراج تحسین پیش کرنا اور قومی تقریبات میں عوامی شراکت کو مضبوط بنانا ہے
EPAPER
Updated: January 19, 2026, 10:08 PM IST | New Delhi
اس اقدام کا مقصد ملک کی تعمیر میں نمایاں خدمات انجام دینے اور مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کے تعاون کو خراج تحسین پیش کرنا اور قومی تقریبات میں عوامی شراکت کو مضبوط بنانا ہے
: زمینی سطح پر تعاون پیش کرنے والوں کی خدمات کے اعتراف اور قومی تقریبات میں عوامی شرکت کو بڑھانے کے حکومتی اقدام کے حصے کے طور پر، دارالحکومت کے کرتویہ پتھ پر۷۷؍ ویں یوم جمہوریہ کی پریڈ دیکھنے کیلئے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً۱۰؍ ہزار خصوصی مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔مدعوین میں وہ افراد اور گروہ شامل ہیں جنہوں نے آمدنی اور روزگار کی فراہمی، اختراع، تحقیق، اسٹارٹ اپس، اپنی مدد آپ گروپ اور حکومت کی اہم اسکیموں کے مستفدین کے طور پر مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ملک کی تعمیر میں ان کے تعاون کو خراج تحسین پیش کرنا اور قومی اہمیت کی حامل تقریبات میں ’جن بھاگیداری‘کو مضبوط بنانا ہے۔
ان خصوصی مہمانوں کیلئے کرتویہ پتھ پر نمایاں نشستوں کا انتظام کیا جائے گا۔ پریڈ میں شرکت کے علاوہ وہ نیشنل وار میموریل، پی ایم سنگر ہالیہ اور دہلی کے دیگر نمایاں مقامات کا دورہ بھی کریں گے اور انہیں وفاقی وزراء کے ساتھ بات چیت کے مواقع بھی ملیں گے۔ ان مہمانوں میں ورلڈ ایتھلیٹکس پیرا چمپئن شپ کے فاتحین، قدرتی کاشتکاری کرنے والے کسان، دالوں کے شعبے میں خود انحصاری کے مشن کے تحت بہترین کارکردگی پیش کرنے والے کسان، پی ایم اسمائل اسکیم کے تحت بحال ہونے والے افراد، دھرتی آبا جن جاتی گرام اتکرش ابھیان کے مستفدین اور دیہی علاقوں میں مویشی پروری اور مویشیوں کی افزائش نسل سے متعلق خدمات فراہم کرنے والے تربیت یافتہ ’میتری‘ اہلکار شامل ہیں۔
اس فہرست میں نیشنل گرین ہائیڈروجن مشن کے تحت تعاون پانے والی کمپنیوں کے سربراہان اور سی ای اوز، اسرو کے اہم مشنز جیسے گگن یان اور چندریان سے وابستہ سائنسدان اور تکنیکی ماہرین، آئسوٹوپ پروڈکشن اور ڈیپ اوشین مشن پر کام کرنے والے تحقیق کار اور اٹل ٹنکرنگ لیبارٹریز کے تحت تربیت یافتہ اختراع کار اور طلبہ بھی شامل ہیں۔ بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کے فاتحین، پی ایم دھن دھانیا کرشی یوجنا کے تحت تعاون پانے والے خواتین پروڈیوسر گروپس، کھادی وکاس یوجنا اور پی ایم وشوکرما اسکیم کے تحت تربیت یافتہ دستکار، قبائلی بہبود کے اقدامات سے استفادہ کرنے والے اور سیمی کون انڈیا، بائیو ای تھری پالیسی اور سیلف ریلائنٹ انڈیا (ایس آر آئی) فنڈ جیسے پروگراموں کے تحت بہترین کارکردگی پیش کرنے والے اسٹارٹ اپس اور ایم ایس ایم ایز کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ دیگر خصوصی مہمانوں میں پی ایم شرم یوگی ماندھن یوجنا کے پنشن یافتگان غیر منظم شعبے کے ورکرزاور جل جیون مشن کے مستفدین شامل ہیں۔
مہمانوں کی فہرست میں مزید سرحدی سڑکوں کی تنظیم اور کرتویہ بھون کے تعمیراتی کارکن اور مشن سکشم آنگن واڑی کے تحت بہترین کارکردگی پیش کرنے والی آنگن واڑی ورکرز، قدرتی آفات کے بندوبست سے متعلق رضاکار، مائی بھارت کے رضاکار، این آر ایل ایم کے تحت لکھ پتی دیدیاں، پرائمری زرعی کریڈٹ سوسائٹیز،’من کی بات‘ کے شرکاء، ویر گاتھا پروجیکٹ کے فاتحین اور نیشنل اسکول بینڈ مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے والے بچے شامل ہیں۔ یوتھ ایکسچینج پروگرام۲۰۲۶ء کے تحت غیر ملکی مندوبین، اور انٹرنیشنل اولمپیاڈ آن ایسٹرونومی اینڈ ایسٹرو فزکس کے تمغہ یافتگان بھی ان تقریبات کا حصہ ہونگے۔