Inquilab Logo Happiest Places to Work

ارشد وارثی ۱۷؍ سال کی عمر میں گلی گلی جاکر کاسمیٹکس کا سامان فروخت کرتے تھے

Updated: July 15, 2026, 12:04 PM IST | Mumbai

کچھ فنکاروں نے بے پناہ جدوجہد کے بعد کامیابی حاصل کی، جبکہ کئی ایسے بھی ہیں جو آج بھی اپنی زندگی کے مختلف محاذوں پر مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔بالی ووڈ کے معروف اداکار ارشد وارثی کی کہانی بھی کچھ ایسی ہی ہے۔

Arshad Warsi. Photo: INN
ارشد وارثی۔ تصویر: آئی این این

فلمی ستاروں کی زندگی باہر سے جتنی پُرکشش اور چمک دمک سے بھرپور نظر آتی ہے، حقیقت میں اتنی آسان نہیں ہوتی۔ کچھ فنکاروں نے بے پناہ جدوجہد کے بعد کامیابی حاصل کی، جبکہ کئی ایسے بھی ہیں جو آج بھی اپنی زندگی کے مختلف محاذوں پر مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔بالی ووڈ کے معروف اداکار ارشد وارثی کی کہانی بھی کچھ ایسی ہی ہے۔ وہ اپنی شاندار اداکاری اور منفرد مزاحیہ انداز کی بدولت ناظرین کے دلوں پر راج کرتے ہیں، لیکن ان کی زندگی کا ابتدائی دور انتہائی کٹھن اور تکلیف دہ رہا۔ارشد وارثی نے نوعمری ہی میں اپنے والدین کو کھو دیا تھا۔ کم عمری میں یتیم ہونے کے بعد انہیں زندگی کا بوجھ خود اپنے کندھوں پر اٹھانا پڑا۔ گزر بسر کے لیے انہوں نے کئی چھوٹے بڑے کام کیے اور مسلسل محنت کے ذریعے اپنی قسمت خود سنواری۔صرف ۱۷؍برس کی عمر میں ارشد وارثی گلی گلی جا کر کاسمیٹکس کا سامان فروخت کیاکرتے تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نےایک فوٹو لیب میں بھی ملازمت کی۔ معاشی مشکلات کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور مسلسل جدوجہد جاری رکھی۔ آج اگرچہ لوگ انہیں سرکٹ جیسے یادگار مزاحیہ کردار کی وجہ سے پسند کرتے ہیں، لیکن ان کی زندگی کے ابتدائی صفحات پڑھ کر ہر شخص جذباتی ہو جاتا ہے۔والدین کے انتقال کے بعد مختلف ملازمتیں کرنے کے دوران آخرکار انہیں ممبئی میں معروف کوریوگرافر اکبر سمیع کے ڈانس گروپ میں شامل ہونے کا موقع ملا۔ یہی ان کے فلمی سفر کا نقطۂ آغاز ثابت ہوا۔ اداکار بننے سے پہلے وہ ایک کامیاب کوریوگرافر کے طور پر بھی کام کرتے رہے۔ارشد وارثی کو بطور اداکار پہلا بڑا موقع ۱۹۹۶ءمیں فلم’تیرے میرے سپنے‘سےملا۔یہ فلم امیتابھ بچن کارپوریشن لمیٹڈ (اے بی سی ایل)کے بینر تلے بننے والی پہلی فلم تھی۔ابتدائی دور میں ان کی کئی فلمیں باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئیں اور وہ ایک بڑی کامیابی کے لیے طویل عرصے تک انتظار کرتے رہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK