• Thu, 17 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’بھکاری‘ بننے والے رکن اسمبلی نے سموسہ اور بریانی دینے والوں کی عزت افزائی کی

Updated: September 17, 2026, 2:07 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

مورلینڈروڈ کے رہنے والے عبدالصمد خان نے رکن اسمبلی پراگ شاہ کو گھاٹکوپر اسٹیشن کے باہر بھکاری سمجھ کر مفت میں سموسے دیئے تھے۔ اس سے متاثرہوکرانہوں نے اپنے گرو کےہاتھوں انہیں ۲۲؍ہزارروپے نقد بطور تحفہ پیش کیا۔

Abdul Samad Khan, whose generosity greatly impressed MLA Prag Shah. Photo: INN
عبد الصمد خان جن کی فراخدلی سے رکن اسمبلی پراگ شاہ کافی متاثر ہوئے۔ تصویر: آئی این این

اپنے گرو   کے کہنے پر بھکاری بن کر دن گزارنے والے رکن اسمبلی پراگ شاہ نے مدنپورہ  کےمورلینڈ روڈ (نیانگر) کے رہنے والے  ۲۶؍ سالہ عبد الصمد خان   جنہوں نے اس روز گھاٹکوپر  اسٹیشن  (مشرق ) کے  باہر انہیںکھانے کیلئے مفت میں سموسے دیئے تھے، کو دفتر بلا کر اپنے گرو کے ہاتھوں اعزاز سے نوازا اور نقد ۲۲؍ہزار روپے بطور تحفہ پیش کئے ۔ عبدالصمد کے علاوہ ایک   اسٹال والے نے انہیں بریانی دی تھی،اس کی بھی عزت افزائی کی گئی ۔  بی جے پی رکن اسمبلی پراگ شاہ  ریاست کے امیر ترین سیاستدانوں میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز بھکاری کا حلیہ اختیارکر کے گھاٹکوپر کی سڑکوں پر بھیک مانگی۔ان کا یہ تجربہ   زندگی کی سچائی بیان کرنے والا رہا۔واضح رہے کہ پراگ شاہ نے اپنے جین روحانی گرو نمرمونی کے مشورے پر بھکاری کا بھیس اپنایا تھا۔ 

  پراگ شاہ نے اپنے تجربے سے متعلق بتایا کہ ’’  اس عمل سے ممبئیکرس میں پائے جانے والے مددکے جذبے کابھی اچھا تجربہ ہوا ۔‘‘انہوں نےیہ بھی بتایا کہ ’’گھاٹ کوپر اسٹیشن کے باہر ایک خوانچے والے نے مجھےسموسے کھانے کیلئے دیئے۔ حالانکہ میں نے سموسے والے سے کہاکہ  میرے پاس پیسے نہیں ہیں تب بھی اس نے مسکراتے ہوئے سموسے دیئے اور کہاآپ کھالیں۔ وہ نوجوان بہت چھوٹا تھا، ایک غریب پھیری والا تھالیکن اس نے بغیر منہ بنائے مجھے سموسے دیئے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:ایس آئی آر کی ڈرافٹ ووٹرلسٹ سے متعلق رہنمائی کیلئے مالونی میں ہیلپ ڈیسک قائم

پراگ شاہ میک اپ اُتارنے کے بعدکچھ جگہوں پر دوبارہ گئے جہاں وہ بھکاری کے بھیس میں گئے تھے اور انہی لوگوں سے بات چیت کی ۔ انہیں بتایاکہ میں رکن اسمبلی پراگ شاہ ہوں جو بھکاری بن کر آپ لوگوںسے ملنے آیا تھا جس پر ان لوگوں کو بہت حیرت اورتعجب ہوا ۔ 

  اُترپردیش کے ضلع گونڈہ سے تعلق رکھنے والے عبدالصمد کے مطابق ’’۶؍ستمبر کو گھاٹ کوپر اسٹیشن کے پاس میں نے قریب بیٹھے ایک بھکاری کو  کاغذ میں ۵؍سموسے دیئے تھے۔   اسی دن شام کو ایک بڑی کار میرے خوانچہ کے قریب آکر رکی جس میں مقامی رکن اسمبلی پراگ شاہ بھی موجود تھے۔ ان کے پی اے نے بتایاکہ یہ یہاں  کے ایم ایل اے ہیں ،اس کے باوجود میری سمجھ میں کچھ نہیں آیا  جس پر پراگ شاہ نے خود مجھ سے کہاکہ تم مفت میں سموسہ فروخت کرتے ہو، میں نے کہا نہیں   پھر انہوںنے بتایا کہ صبح میں بھکاری بن کر آیاتھا،تم نےمجھے مفت میں سموسہ دیا تھا۔یہ سن کر بڑی حیرت ہوئی  پھر انہوں نے میری  ستائش کی اور مجھ سے کہا جب میں اپنے دفتر بلائوں تو ضرور آنا۔ یہ کہہ کر وہ چلے گئے ۔منگل ۱۶؍ستمبرکو پراگ شاہ کے پی اے نے مجھے دفتر بلایا تھا۔  وہاں  پہنچنے پر پراگ شاہ اور ان کے گرو نے  میری ستائش کرتے ہوئے  اعزاز سے نوازااورایک لفافہ میں ۲۲؍ہزارروپے نقد بطور تحفہ پیش کیا۔  پراگ شاہ نے یہ بھی کہاکہ جب کبھی میری مدد کی ضرورت ہو،میرا دفتر تمہارے لئے کھلا ہے۔‘‘  انہوں نے یہ بھی بتایا کہ میرے علاوہ  ایک بریانی والے کو بھی انعام دیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK