حملوں کے نتیجے میں ۵؍ لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم،مواصلاتی اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے تباہ۔
EPAPER
Updated: October 15, 2026, 12:50 PM IST | Agency | Kyiv
حملوں کے نتیجے میں ۵؍ لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم،مواصلاتی اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے تباہ۔
روس کے فضائی حملوں میں یوکرین میں کم از کم ۶؍ افراد ہلاک ہوگئے جبکہ لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔ روسی وزارت دفاع نے بدھ کو کہا کہ اس کی فوج نے یوکرین میں مواصلاتی اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بناتے ہوئے بڑے پیمانے پر حملے کئے۔وزارت کے مطابق حملوں میں دارالحکومت کیف کے دو حرارتی و بجلی گھروں، کیف کے وسیع تر علاقے میں ایک اور ایسے ہی مرکز، ایک تھرمل پاور پلانٹ اور بجلی کے سب اسٹیشن کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کے علاوہ خارکیف میں ایک حرارتی و بجلی گھر اور ایک تھرمل پاور پلانٹ پر بھی حملہ کیا گیا جس کے بارے میں روس کا دعویٰ ہے کہ وہ خارکیف کے جنوب مشرقی علاقے میں یوکرینی فوج کو بجلی فراہم کرتا تھا۔روسی وزارت دفاع نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ کیف میں ایک ڈیٹا سینٹر کو نشانہ بنایا گیا جسے روسی مسلح افواج کے بارے میں خفیہ معلومات جمع کرنے کے لئے استعمال کیا جاتا تھا۔کیف کے میئر وٹالی کلیچکو نے شہریوں سے پناہ گاہوں میں رہنے کی اپیل کی۔ انہوں نے ٹیلی گرام پر لکھا کہ کیف اور اس کے اطراف میں توانائی کی تنصیبات پر بیلسٹک میزائلوں سے بڑے پیمانے پر حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں دارالحکومت میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: انکیتا کے والدین کا دہلی میں احتجاج، راہل اور پرینکا ملنے پہنچے
یوکرین کی سب سے بڑی نجی توانائی کمپنی ڈی ٹی ای کے نے بتایا کہ حملوں کے باعث کیف کے کئی شہری علاقوں میں ہنگامی طور پر بجلی بند کرنی پڑی۔یوکرین کی سرکاری ایمرجنسی سروس کے مطابق، دارالحکومت کے ڈیسنیانسکی ضلع میں ایک کثیر منزلہ عمارت پر روسی حملے میں دو افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ہولوسیوسکی ضلع میں ایک اور شخص مارا گیا۔یوکرینی فوج نے بتایا کہ دنیپروپیٹروفسک علاقے میں روسی حملوں کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوئے۔ جنوب مشرقی زاپوریژیا علاقے میں بھی ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
خارکیف اور ژیتومیر علاقوں میں مزید روسی میزائل حملوں کی اطلاعات ہیں، جبکہ سومی اور چیرنیہیو میں بھی حملے کیے گئے۔
کیف سے الجزیرہ کی نامہ نگار آڈری میک الپائن نے بتایا کہ دارالحکومت پر حملوں میں ریکارڈ تعداد میں ہائپرسونک میزائل استعمال کئے گئے۔ ان کے مطابق حملوں کے نتیجے میں یوکرین میں ۵؍ لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔