Inquilab Logo

اورنگ آباد ڈیویژن میں نقل کے سب سے زیادہ معاملے

Updated: March 28, 2024, 11:53 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

امسال بورڈامتحانات میں کل۴۴۲؍ نقل کےمعاملات سامنے آئےہیں جن میں دسویں اور بارہویں جماعت کے بالترتیب ۱۴۰؍اور۳۰۲؍ کیس ہیں۔

Students solving the paper. Photo: INN
طلبہ پرچہ حل کرتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

ایچ ایس سی اور ایس ایس سی کے بورڈ امتحانات ختم ہوچکے ہیں۔ لیکن اس بار بھی اسٹیٹ بورڈ کا نقل سے پاک امتحان منعقد کروانےکا دعویٰ کھوکھلا ثابت ہوا۔ ایس ایس سی امتحان میں گزشتہ سال سے زیادہ امسال نقل کرنے کے معاملات درج کئے گئے۔ امسال ہونےوالے ایس ایس سی اور ایچ ایس سی امتحانات میں کل۴۴۲؍ نقل کےکیس درج ہوئے۔ نقل کرنے کی سب سے زیادہ شکایت اورنگ آبادڈیویژن میں پائی گئی۔ البتہ یہ کہا جا سکتا ہے کہ کولہاپوراور کوکن ڈیویژن میں نقل سے پاک امتحان منعقد کئے گئے کیونکہ یہاں کوئی معاملہ درج نہیں کیا گیا ہے۔ ممبئی ڈیویژن میں نقل کے ۱۲؍معاملات سامنے آئے۔ 
واضح رہےکہ مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن پونے، نے تعلیمی سال ۲۰۲۴ءمیں دسویں اوربارہویں جماعت کےامتحانات میں بدعنوانی اورنقل روکنے کیلئے متعدد قسم کی مہم چلائی تھی ساتھ ہی امتحان کےدوران سخت انتظامات کئے تھے تاکہ صاف شفاف امتحان منعقدکیاجاسکےلیکن بورڈ کی یہ کوشش صرف ایک دعویٰ ثابت ہوئی۔ البتہ امسال ایس ایس سی امتحان میں گزشتہ سال سے زیادہ نقل کی شکایتیں سامنے آئی ہیں۔ ایس ایس سی امتحان میں گزشتہ سال نقل کے ۱۱۶؍ کیس درج کئے گئے تھے جبکہ امسال یہ تعداد بڑھ کر ۱۴۰؍ تک پہنچ گئی ۔ امسال بورڈامتحانات میں کل۴۴۲؍ نقل کےمعاملات سامنے آئےہیں جن میں دسویں اور بارہویں جماعت کے بالترتیب ۱۴۰؍اور۳۰۲؍ کیس ہیں۔ 
نقل کرنےکےمعاملہ میں سب سےآگے اورنگ آباد ڈیویژن ہے۔ ۲۰۲۳ءمیں یہاں ۱۱۱؍ نقل کرنےوالے طلبہ کے خلاف کارروائی کی گئی تھی لیکن امسال ۲۰۲۴ءمیں ۱۴۲؍ طلبہ نقل کرتے پائے گئے ہیں۔ اس سے یہ محسوس ہورہاہےکہ اورنگ آباد ڈیویژن اس معاملہ میں ہر سال اپنا قائم کیا ہو ا پچھلا ریکارڈ توڑ رہاہے۔ امسال اورنگ آباد ڈیویژن میں ایس ایس سی امتحان میں کاپی کرنےوالے طلبہ کی تعداد ۶۸؍ پائی گئی ہے جبکہ گزشتہ سال ۳۰؍ طلبہ کے خلاف اس معاملہ میں کارروائی کی گئی تھی۔ اسی طرح ایچ ایس سی امتحان میں کاپی کرنےوالےطلبہ کے معاملہ میں بھی اورنگ آباد ڈیویژن پہلےنمبر پرہے۔ دوسرے نمبر پر پونے ڈیویژن ہے جہاں ایس ایس سی امتحانات میں نقل کے ۱۹؍ معاملے درج کئے گئے جبکہ ایچ ایس سی میں ۶۸؍ معاملے درج ہوئے۔ مجموی طور پر یہاں نقل کے ۸۷؍ معاملے سامنے آئے ہیں۔ ان دونوں ڈیویژنوں کے بعد کسی بھی ڈیویژن میں ۴۰؍ سے زیادہ معاملے نہیں ملے ہیں۔ لاتو ر میں ایچ ایس سی (۱۶) اور ایس ایس سی (۱۰) ملا کر کل ۳۶؍ معاملے درج کئے گئے ہیں۔ ناسک اور امراوتی میں بالترتیب ۲۹؍ اور ۱۶؍ معاملے درج ہوئے ہیں۔ سب سے کم ممبئی میں ایس ایس سی میں ایک اور ایچ ایس سی میں ۱۱؍ نقل کے معاملے درج ہوئے۔ کوکن اور کولہاپور ڈیویژن میں کوئی معاملہ درج نہیں ہوا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK