Inquilab Logo

باندرہ:نالے کا کام تقریباً مکمل،بس خدمات جلد بحال ہونےکی امید

Updated: May 14, 2022, 10:59 AM IST | Bakolesh Trivedi | Bandra

بی ایم سی نے نالے کی چوڑائی اور باؤنڈری وال کا کام ایک ہفتے کے اندر مکمل کرنے کا یقین دلایا

Boundary wall of drain is being constructed in Bandar. Picture:Nimesh Duvay
باندرہ میں نالے کی باؤنڈری وال بنانے کا کام جاری ہے۔ تصویرَ: نمیش دوے

باندرہ کرلا میں واقع ڈائمنڈ مارکیٹ اور دیگر کمپنیوں میں کام کرنے والے ملازمین  اور کرلا کی جانب سفر کرنے والوں کیلئے  یہ ایک اچھی خبر ہے کہ بہت جلد باندرہ ریلوے اسٹیشن (ایسٹ) سے بیسٹ کی بس  خدمات بحال کر دی جائیںگی۔شہریوں کو ہونے والی پریشانیوں کے تعلق سے بی ایم سی اور بیسٹ انتظامیہ کو خبروں کے ذریعے مطلع کرنے کے بعدنالے کی باؤنڈری وال ترجیحی بنیاد پر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ۲؍سال سے باؤنڈری وال کا کام کیا جارہا تھا جس کی وجہ سے اسٹیشن کے باہر سے چلنے والی بیسٹ سروس کی خدمات کو بند کردیا گیا تھا۔ مسافروں کو بس پکڑنے کیلئے ڈپو تک جانا پڑتا تھا جو اسٹیشن سے تقریباً ۴۰۰؍میٹر  دور ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ۲؍سال سے بی ایم سی  باندرہ اسٹیشن کے قریب نالے کو چوڑا کرنے  کا کام کر رہا ہے۔نالے کی چوڑائی بڑھانے کے ساتھ ساتھ اس کی باؤنڈری وال بنانے کا بھی کام کیا جا رہا ہے۔اسی وجہ سے یہاں سے چلائی جانے والی کئی بس خدمات کو بند کردیا گیا تھا۔باندرہ بی کے سی اور کرلا جانے والوں کو بس کے لئے باندرہ کورٹ تک پیدل سفر کرنا پڑرہا ہے۔ دریں اثنا نالے کی چوڑائی کا کام تو مکمل کر لیا گیا ہے لیکن باؤنڈری وال کا کام سست روی کا شکار ہے جس کی وجہ سے بیسٹ انتظامیہ یہاں سے بس خدمات بحال نہیں کر پا رہا ہے۔
مسافر آٹو رکشا سے سفر کرنے پر مجبور
 باندرہ اسٹیشن سے بی کے سی اور کرلا کی جانب سفر کرنے والوں کو آٹو رکشا کا سہارا لینا پڑ رہا ہے۔ بس سے سفر کرنے پر جہاں ۵؍سے ۶؍روپے میں لوگ منزل تک پہنچ جاتے تھے وہیں آٹو رکشا سے سفر کرنے پر ۷۰؍سے ۱۴۰؍روپے خرچ کرنے پڑ رہے  ہیں۔بیسٹ انتظامیہ نے انقلاب کوبتایا کہ مانسون کی آمد آمد ہے اور سیفٹی وال کا کام ابھی مکمل نہیں ہوا ہے۔شاید اکتوبر تک کام مکمل ہو پائےگا۔حالانکہ جب انقلاب میں خبر شائع ہوئی تو بی ایم سی نے کام میں تیز لائی اور یقین دہائی کروائی کہ ایک ہفتے کے اندر سیفٹی وال کا کام مکمل کر لیا جائےگا۔بیسٹ انتظامیہ نے اس پر یقین دلایا ہے کہ باؤنڈری وال کا کام مکمل ہوتے ہی بس خدمات بحال کر دی جائیںگی۔ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے بی ایم سی اسٹارم واٹر ڈپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ انجینئر جگدیش بارپترے نے کہا کہ ’’ہم نے بدھ سے نالے کی سیفٹی وال بنانے کا کام جنگی پیمانے پر شروع کیا  ہے اور امید ہے کہ آئندہ ۴؍دنوں میں یہ کام مکمل کر لیا جائےگا۔اس کے ساتھ ہی بس اسٹاپ بنانے کا کام بھی کیا جائےگا اور جلد از جلد یہاں سے بس سروس بحال کی جائےگی۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK