بنگلور شہر میں دھماکے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ۵؍مشتبہ دہشت گردوں کو ریاست کی سینٹرل کرائم برانچ(سی سی بی ) نے گرفتار کرلیا ہے۔
EPAPER
Updated: July 20, 2023, 9:16 AM IST | Bangalore
بنگلور شہر میں دھماکے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ۵؍مشتبہ دہشت گردوں کو ریاست کی سینٹرل کرائم برانچ(سی سی بی ) نے گرفتار کرلیا ہے۔
بنگلور شہر میں دھماکے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ۵؍مشتبہ دہشت گردوں کو ریاست کی سینٹرل کرائم برانچ(سی سی بی ) نے گرفتار کرلیا ہے۔ ان میں سے ایک مشتبہ فرار بتایا جارہا ہے۔ پولیس نے اس تعلق سے بتایا کہ یہ پانچوں نوجوان کرناٹک کی ہی جیل میں دہشت گردی کے الزام میں بند ایک دیگر نوجوان ٹی نذیر سے رابطے میں تھے۔ اس نے ہی ان سبھی کو شہر میں دھماکوں کی سازش رچنے اور اسے انجام دینے پر آمادہ کیا تھا ۔ سینٹرل کرائم برانچ نے گرفتار کئے گئےنوجوانوں کے پاس سے پستول، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد سمیت بہت سی چیزیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سی سی بی نے انٹیلی جنس بیورو کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں سہیل، عمر، زاہد، مدثر اور فیصل کو گرفتار کیا ہے۔ ان تمام کی عمریں ۲۵؍ سے ۳۵؍ سال کے درمیان بتائی جارہی ہیں۔ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ پانچوں اس سے قبل بھی دہشت گردی کے الزام میں ہی جیل میں بند تھے اور ۲۰۱۹ء میں ہی رہا ہوکر آئے ہیں۔ اس کے علاوہ جنید تاحال مفرور ہے۔ اس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ کسی غیر ملک میں مقیم ہے اور وہیں سے انہیں واردات کے لئے فنڈ فراہم کررہا تھا ۔ اس کے علاوہ ٹی نذیر بھی ملزم ہے جو جیل میں بند ہے۔ تفتیش کے دوران ملزمین نے مبینہ طور پر بتایا کہ وہ سب جیل میں ملے تھے اور دوسرے مشتبہ دہشت گردوں سے دوستی کی۔ یہیں انہوں نے گولہ بارود بنانے کی تربیت حاصل کی۔ یہ تمام ملزمین بنگلور کے آر ٹی نگر کے رہنے والے ہیں۔ ان لوگوں میں سے ایک کورونا کے دور میں اغوا اور قتل کے کیس میں بھی جیل گیا تھا۔
دوران تفتیش یہ بات بھی سامنے آئی کہ مشتبہ افراد کی ایک ٹیم دھماکے کی منصوبہ بندی کر رہی تھی ۔سی سی بی کو اس کی اطلاع ملی اور مشتبہ افراد کا سراغ لگانے کیلئے اس نے کارروائی کرتے ہوئے دھماکے سے قبل ہی ملزمین کو گرفتار کر لیا۔