رائل چیلنجرز بنگلورکی ٹیم چنئی سپرکنگز کو شکست دے کر پلے آف میں جگہ پکی کرناچاہے گی۔ وراٹ اور دھونی کا آخری بار سامنا ہوسکتاہے۔
EPAPER
Updated: May 03, 2025, 10:54 AM IST | Agency | Bengaluru
رائل چیلنجرز بنگلورکی ٹیم چنئی سپرکنگز کو شکست دے کر پلے آف میں جگہ پکی کرناچاہے گی۔ وراٹ اور دھونی کا آخری بار سامنا ہوسکتاہے۔
رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) سنیچر کو بنگلور انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے ایک میچ میں چنئی سپر کنگز سے مقابلہ کرتے ہوئے پلے آف میں اپنی جگہ تقریباً یقینی کرنے کی کوشش کرے گا۔ مہندر سنگھ دھونی اور وراٹ کوہلی کی موجودگی نے اس میچ کو خاص بنا دیا ہے کیونکہ شائقین کرکٹ کو ہندوستانی کرکٹ کے ان دونوں لیجنڈس کو شاید آخری بار ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے ہوئے دیکھنے کا موقع ملے گا۔
اس میچ میں فتح سے آر سی بی کے کل پوائنٹس ۱۶؍ ہو جائیں گے اور پلے آف میں اس کی جگہ تقریباً یقینی ہو جائے گی۔ آر سی بی کے پاس اس کے بعد مزید ۳؍ میچ کھیلنے ہیں اور جس طرح سے ان کی ٹیم مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، ان کی نظریں ٹاپ ۲؍ میں جگہ بنانے پر ہوں گی تاکہ انہیں فائنل میں پہنچنے کے دو مواقع ملیں۔ جہاں تک چنئی کا تعلق ہے، اس کے۱۰؍ میچوں میں صرف ۴؍ پوائنٹس ہیں اور وہ پہلے ہی پلے آف کی دوڑ سے باہر ہے۔
ایم ایس دھونی کی قیادت والی ٹیم آر سی بی کی مساوات کو خراب کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ تاہم اس میچ میں سب کی نظریں دھونی اور کوہلی پر ہوں گی۔ کوہلی اس وقت بہترین فارم میں ہیں۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں اب تک۴۴۳؍ رن بنائے ہیں اور وہ اورنج کیپ دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کریں گے جو مقابلے میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز کو دی جاتی ہے۔
تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے والے دیو دت پڈیکل سے انہیں اچھی مدد مل رہی ہے۔ دیودت نے اپنی پچھلی دو اننگز میں دو نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ لیکن کوہلی یقینی طور پر اپنے اوپننگ پارٹنر فل سالٹ سے مزید شراکت دیکھنا چاہیں گے۔ آر سی بی کو اپنے کپتان رجت پاٹیدار سے بھی بڑی اننگز کی امید ہوگی۔
چنئی کے گیند بازوں میں صرف تیز گیند باز خلیل احمد اور اسپنر نور احمد اب تک اچھی کارکردگی پیش کرنے میں کامیاب رہے ہیں اور آر سی بی کے بلے باز اس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے نظر آئیں گے لیکن چنئی کے بلے بازوں کو ایسی کوئی مہلت نہیں ملے گی کیونکہ ان کا سامنا جوش ہیزل ووڈ، بھونیشور کمار، کرونال پانڈیا اور سویاش شرما سے ہوگا۔
ایم ایس دھونی کی ٹیم چنئی سپرکنگز کے بلے بازوں نے اب تک ٹکڑوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کی ٹیم امید کرے گی کہ ان کے بلے باز جیسے آیوش مہاترے، سیم کرن، ڈیولڈ بریوس اور شیوم دوبے اچھا حصہ ڈالیں تاکہ دھونی آخری اوورس میں اپنے مانوس جارحانہ انداز میں رن بنا سکیں۔ حالانکہ دھونی کو سیزن کے درمیان میں کپتان مقرر کیاگیا ہے کیونکہ رتوراج گائیکواڑ باہر ہوگئے تھے۔
رائل چیلنجرز بنگلور: رجت پاٹیدار (کپتان)، فل سالٹ، وراٹ کوہلی، دیو دت پڈیکل، جیتیش شرما (وکٹ کیپر)، ٹم ڈیوڈ، کرونال پانڈیا، روماریو شیفرڈ، بھونیشور کمار، جوش ہیزل ووڈ، یش دیال، سویاش شرما، لونگی اینگیڈی، لیام لیونگ اسٹون، سوپنل سنگھ، منوج بھنڈاگے، راسخ ڈار سلام، نووان تشارا، جیکب بیتھل، موہت راٹھی، سواستیک چکارا، ابھینندن سنگھ۔
چنئی سپر کنگز: ایم ایس دھونی (کپتان، وکٹ کیپر)، شیخ رشید، آیوش مہاترے، دیپک ہڈا، سیم کرن، رویندر جڈیجا، دیوالڈ بریوس، شیوم دوبے، نور احمد، خلیل احمد، متھیشا پاتھیرانا، انشول کمبوج، آر اشون، کملیش ناگرکوٹی، راہل جامو، شنکر اوور، رام کرشن گھوش ، جیمی اوورٹن ، وجے شنکر، راہل ترپاٹھی، شریاس گوپال، ڈیون کونوے ، راچن رویندر، مکیش چودھری ، ناتھن ایلس ، سی آندرے سدھارتھ ور ونش بیدی۔