بیٹی اور شوہر زخمی، اسپتال داخل، چاروں دوپہیہ گاڑی پر سوار تھےکہ حادثہ پیش آگیا
EPAPER
Updated: January 11, 2023, 10:16 AM IST | bangalore
بیٹی اور شوہر زخمی، اسپتال داخل، چاروں دوپہیہ گاڑی پر سوار تھےکہ حادثہ پیش آگیا
بنگلور میں آؤٹر رنگ روڈ کی ناگاواڑہ لائن پر ایک زیر تعمیر میٹرو کا کھمبا گرنے سے منگل کو ایک ہی خاندان کے ۲؍ افراد ہلاک اور دیگر ۲؍ زخمی ہو گئے۔
بنگلورو ایسٹ زون کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) بیماشنکر ایس گلڈ نے بتایا کہ یہ حادثہ صبح ساڑھے ۱۰؍ بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب متاثرین(میاں بیوی اپنے دونوں بچوں کے ساتھ) دو پہیہ گاڑی میں ناگا واڑہ لائن سے گزر رہے تھے۔ کھمبے کے اچانک گرنے سے وہ اس کی زدپر آگئے۔ خاتون اور ان کا ۲؍ سال کا بیٹا جاں بحق ہوگیا جبکہ باپ اور بیٹی زخمی ہوئے ہیں۔ فوت ہونےوالی خاتون کی شناخت تیجسونی اوران کے بیٹے کی شناخت ویہان کے طور پر ہوئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دونوں کو زخمی حالت میں الٹیئس اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کی موت ہوگئی۔ تیجسوینی کی موت اندرونی خون بہنے سے ہوئی جبکہ ان کے بیٹے ویہان کی موت سر میں چوٹ لگنے سے ہوئی۔ کانگریس نے ریاست کی حکمراں پارٹی بی جے پی پر بدعنوانی میں ملوث ہونے کا الزام لگاتے ہوئے اسے اس حادثے کیلئے ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ ڈی سی پی کے مطابق حادثہ کی وجہ جاننے کیلئے فورنسک ماہرین کی ٹیم جائے واردات پر پہنچ گئی ہے۔اس بیچ وزیراعلیٰ بسوراج بومئی نے اعلان کیا ہے کہ کھمبا گرنے کی وجوہات کا پتہ لگایا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے ابھی اس کا علم ہوا ہے، ہم مکمل جانچ کروائیں گے۔ وجوہات کا پتہ لگائیں گے اور متاثرین کو معاوضہ دیں گے۔‘‘بنگلور میٹرو ریل کارپوریشن لمیٹڈ نے متاثرہ خاندان کیلئے فوری طور پر ۲۰؍ لاکھ کے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔