Inquilab Logo

بی جے پی صدر نڈا اور امیت مالویہ کیخلاف بنگلور پولیس کا سمن

Updated: May 08, 2024, 11:24 PM IST | Bangalore

مسلمانوں کیخلاف نفرت انگیز ویڈیو پوسٹ کرنے کے معاملے میں کانگریس نے پولیس اور الیکشن کمیشن میں شکایت درج کرائی تھی

Jagat Prakash Nadda and Amit Malviya
جگت پرکاش نڈا اور امیت مالویہ

مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز ویڈیو پوسٹ کرنے کے معاملے میں کانگریس پارٹی کے ریاستی یونٹ کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت پر بنگلور پولیس نے بی جے پی صدر جے پی نڈا اورپارٹی کے آئی ٹی سیل کے سربراہ امیت مالویہ کو پوچھ تاچھ کے لئے سمن جاری کردیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی کارروائی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے ٹویٹر سے یہ پوسٹ فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت دی ہے اور اس پر اعتراض بھی ظاہر کیا ہے۔ اس کارروائی کے بعد ہی بنگلور پولیس نے یہ سمن جاری کیا ہے اور  بی جے پی کے دونوں ہی لیڈران کوبنگلور شہر کے ہائی گرائونڈس  پولیس اسٹیشن میں طلب کیا گیا ہے۔ اس سمن پر فی الحال بی جے پی کی جانب سے کوئی باقاعدہ ردعمل نہیں آیا ہے لیکن پارٹی کے باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اس سمن کا جواب دینے پر غور کررہے ہیں لیکن فی الحال پیش ہونے پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
 واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کرناٹک بی جے پی کے ٹویٹر اکائونٹ سے ایک اینی میشن ویڈیو ایکس پر پوسٹ کیا گیا تھا جس میںمسلمانوں کو نشانہ بناتے ہوئے راہل گاندھی پر بھی تنقید کی گئی تھی اور بتایا گیا تھا کہ کیسے ایس سی ، ایس ٹی اور او بی سی کا ریزرویشن چھین کر مسلمانوں کو دے دیا جائے گا۔ اس ویڈیو پر کانگریس پارٹی نے شدید اعتراض کرتے ہوئے نہ صرف الیکشن کمیشن میں شکایت درج کروائی بلکہ پولیس میں بھی ایف آئی آر کروائی تھی ۔ جس کے بعد الیکشن کمیشن نے فوری طور پر ویڈیو ہٹانے کا حکم دیا جبکہ اب پولیس نے بھی کارروائی کرتے ہوئے جے پی نڈا اور امیت مالویہ کو سمن جاری کیا ہے اور دونوں کو پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔  

karnataka Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK