Inquilab Logo

بڑھتے سائبر کرائم کے پیش نظر بینکوں کو’ کے وائی سی ‘سسٹم مزید سخت بنانے کی ہدایت

Updated: May 29, 2023, 11:48 AM IST | Mumbai

شاطر افراد آسانی سےجعلی دستاویزات کے ذریعہ اکاؤنٹ بناکر شہریوں کے پیسے نکال لیتے ہیں:سائبر پولیس

The cyber police has appealed to the banks as well as the public to be vigilant.
سائبر پولیس نے بینکوں کے ساتھ ساتھ عوام سے بھی ہوشیار رہنے کی اپیل کی ہے۔

بڑھتے سائبر جرائم پر قدغن لگانے کے پیش نظر سائبر پولیس نے شہر اور مضافات کے اکثر و بیشتربینکوں کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے پیسوں کے آن لائن لین دین   کے سلسلہ میں استعمال ہونے والے کے وائی سی سسٹم کو مزید مستحکم اور سخت بنانے کا مشورہ دیا ہے۔پولیس کے بقول مجرمانہ سازش کرنے والے کے وائی سی کی مدد سے آسانی سےجعلی دستاویزات کے ذریعہ اکاؤنٹ بناتے ہیں اور شہریوں کے پیسے نکال لیتے ہیں ۔
 سائبر پولیس کے جاری کردہ مکتوب کے ذریعہ بینکوں کو یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ وہ پیسوں کے لین دین کے لئے آن لائن استعمال ہونے والے بینکوں و دیگرذرائع کا ایک ایسا  سنگل ونڈ سسٹم بنائیں جو فریب دہی ، جعلسا زی  اور مجرمانہ سرگرمیوں کو انجام دینے والوںکا سگنل فراہم کرسکے اور پولیس ان کے خلاف فوری کارروائی کرسکے ۔ پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ آن لائن پیسوں کے لین دینے کے موجودہ سسٹم میں کئی خامیاں ہونے کی وجہ سے تفتیش میں تاخیر ہوتی ہے اور اکثر کیس میں بینک سے جعلسازی کرنے والوں کا پتہ حاصل کرنے میں ۱۰؍ دن کا وقفہ لگ جاتا ہے جس کی وجہ سے تفتیش کمزور پڑ جاتی ہے ۔
 سائبر پولیس نے بینکوں اور پیسوں کا لین دین کرنے والے الگ الگ پورٹل کو مکتوب کے ذریعہ ہدایات جاری کرنے کے علاوہ ایک میٹنگ کا بھی اہتمام کیا تھا ۔اس میٹنگ میں شہر کے الگ الگ بینکوں اور پورٹل کے ۱۳۰؍ نوڈل افسران نے حصہ لیا تھا ۔میٹنگ میں نیشنل کارپوریشن آف انڈیا کے نمائندے بھی شریک ہوئے تھے ۔ میٹنگ کے دوران آن لائن فراڈ کرنے کے الگ الگ طریقوں پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا تھا ۔ ساتھ ہی سائبر پولیس نے حالیہ دنوں میں سائبر کے ذریعہ کئے جانے والی فریب دہی کے ۳؍ کیسوں کو حل کرتے ہوئے ۱۲؍ ملزمین کو گرفتار کرنےاور ان الگ الگ طریقوں سے شہریوں کے بینک کی تفصیلات حاصل کئے جانےکی بھی اطلاع دی ۔
  اس میٹنگ میں کے وائی سی سسٹم کے کمزور ہونے کی نشاندہی بھی کی گئی تھی اور بتایا تھا کہ ملزمین  شہریوں کے نام سے جعلی دستاویزات بنا کر اکاؤنٹ کھولتے ہیں اور ان سے بینک کی تفصیلات حاصل کرکے پیسے اپنے فرضی دستاویزات کی مدد سے بنائے گئے اکاؤنٹ میں منتقل کر لیتے ہیں۔
 میٹنگ میں موجود ڈپٹی کمشنر سائبر  پولیس بالا سنگھ راجپوت نے بینکوں اور دیگر ذرائع کے نوڈل افسروں کو کے وائی سی سسٹم کے کمزور ہونے کے دیگر کئی مثالیں دے کر اسے مزید مستحکم اور سخت بنانے کا مشورہ دیا ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK