Inquilab Logo

امریکہ میں نئے دور کا آغاز، بائیڈن کو عالمی لیڈروں کی مبارکباد

Updated: January 22, 2021, 9:20 AM IST | Agency | Washington

بائیڈن نے حلف لیتے ہی کئی اہم حکم ناموں پر دستخط کئے ، ان میں متنازع سفری پابندیوں کا خاتمہ، پیرس ماحولیاتی معاہدے کی بحالی، ڈبلیو ایچ او میں دوبارہ شمولیت اور تمام وفاقی اداروں میں ماسک پہننے کے بل شامل

Joe Biden - Pic : PTI
جو بائیڈن ۔ تصویر : پی ٹی آئی

کئی طرح کے نشیب و فراز اور مشکل حالات سے گزرنے کے بعد جو بائڈن نے امریکی صدر اور کملا ہیرس نے نائب صدر کے عہدہ کا حلف لے لیا۔ حلف برداری کی تقریب انتہائی جذباتی معلوم پڑ رہی تھی جب وہاں موجود لوگ ہی نہیں بلکہ جو بائڈن کی بیوی جِل بائڈن کی آنکھیں بھی خوشی سے نم ہوگئیں۔ بائڈن کی حلف برداری سے قبل امریکہ کی مشہور گلوکارہ لیڈی گاگا نے قومی ترانہ گا کر ماحول کو خوشگوار بنا دیا اور پھر تاریخی حلف برداری کے ساتھ جو بائڈن امریکہ کے ۴۶؍ ویں صدر بن گئے۔کملا ہیرس نے بھی تالیوں کی گڑگڑاہٹ کے درمیان امریکہ کی نائب صدر کا حلف  لے لیا۔ حلف لینے کے ساتھ ہی وہ امریکہ کی تاریخ میں پہلی سیاہ فام نائب صدر، پہلی ہند نژاد نائب صدر اور پہلی خاتون نائب صدر بن گئیں۔اس تاریخی حلف برداری  میں بل کلنٹن اور  بارک  اوبامہ جیسی کئی شخصیات موجود تھیں۔اس حلف برداری کےبعد پوری  دنیا سے بائیڈن کیلئے مبارکبادیوں کے پیغامات آنے لگے۔ عالمی لیڈروں نے  نہ صرف  بائیڈن اور کملا ہیرس کو مبارکباد پیش کی بلکہ ان کے ساتھ کام کرنے کے تئیں نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔  
 برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ ’’میں بائیڈن اور ان کے نئے انتظامیہ کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے اور اپنی مشترکہ ترجیحات پر کام کرنے کا منتظر ہوں۔ان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا ، وبا کے بعد بہتر مستقبل کی تعمیر اور ہماری بین البراعظمی سیکوریٹی کو مضبوط بنانا شامل ہے۔‘‘
 یورپی کمیشن کی صدر اُرسلا وان دیر لیون نے کہا  کہ امریکہ واپس آگیا ہے اور یورپ ایک سابقہ اور آزمودہ کار شراکت دار سے دوبارہ روابط کے  لئے تیار ہے تاکہ ہمارے اتحاد میں ایک نئی روح پھونکی جاسکے۔ جرمن صدر فرینک والٹر اسٹین مائر نے صدر بائیڈن کی حلف برداری کے موقع پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ آج جمہوریت کے  لئے ایک اچھا دن ہے۔ امریکہ میں جمہوریت نے بڑے چیلنجوں کا سامنا کیا ہے اور آج کامیاب ہوکر نکلی ہے۔ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے امریکہ کے نئے صدر جو بائیڈن کو صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے اور ان کے ساتھ مل کر دونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط کرنے کے ارادہ کا اظہار کیا۔
 ہندوستان کے وزیراعظم مودی نے بھی مبارکباد   کے ٹویٹ میں کہا کہ ہندوستان اور امریکہ کی شراکت داری مشترکہ اقدار پرمبنی ہے۔ دونوں ممالک کا کثیر جہتی ایجنڈا ہے۔نریندر مودی نے مزید کہا کہ ہم مشترکہ چیلنجز کا سامنا کرنے کے  لئے ساتھ کھڑے ہیں۔وزیر اعظم نے ایک دیگر ٹویٹ میں کملا ہیرس کے نائب صدر کے منصب کا حلف  لینے کو ایک تاریخی واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ کی شراکت داری پوری دنیا کے مفاد میں ہے۔ 
 جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس کے حلف لینے کے ساتھ ہی ٹرمپ کے دور کا اختتام اور ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ اس نئے دور کا آغازصدر بائیڈن نے حلف لینے کے فوراً  بعد ۱۵؍صدارتی حکم ناموں پر دستحظ کرتے ہوئے کیا ۔ ان میں متنازع سفری پابندیوں کا خاتمہ، پیرس ماحولیاتی معاہدے کی بحالی، عالمی طبی تنظیم (ڈبلیو ایچ او) میں واپسی اور تمام وفاقی اداروں میں لازمی ماسک پہننے کے بل پر دستخط   کئے۔ واضح رہے جو بائیڈن نے تبدیلی کا واضح پیغام دیتے ہوئے ان ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کئے ہیں جن کاتعلق سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی متنازع پالیسیوں سے تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK