Inquilab Logo

بجلی صارفین کو راحت پہنچانے کی بیسٹ کی کوشش

Updated: November 09, 2020, 1:46 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

لاکھوں صارفین کو اسکیم کے تحت بل کی ادائیگی پر ڈیلے پیمنٹ چارج معاف کئے جانے کیساتھ ہی بجلی بل میں بھی ۲؍فیصد رعایت دی جائیگی

Best Electricity
زائد بجلی بل کیخلاف ایک سیاسی جماعت کے کارکنان بیسٹ جنرل منیجر سے بات چیت کرتے ہوئے

لاک ڈاؤن کے دوران روزی روٹی سے محروم عوام پر دوہری مار اُس وقت پڑی جب بجلی کمپنیوں کی جانب سے بغیر میٹر ریڈنگ کے  بھاری بھرکم بجلی بل بھیج کر ان کو مزید پریشان کیا گیا۔ساتھ ہی بجلی سپلائی منقطع کرنے کی دھمکی بھی دی گئی۔ اس سلسلے میں سماجی سطح پر اور سیاسی جماعتوں کے ذریعے متعدد دفعہ زبردست احتجاج کئےگئے،میمورنڈم دئیےگئے، افسران اور منیجروں  کے گھیراؤ تک کئے گئے اس کے باوجود صارفین کو کوئی خاص راحت نہیں ملی۔
  اسی سلسلے میں بیسٹ کی جانب سے اپنے لاکھوں صارفین کو بجلی بل میں رعایت اور قسطوں کے ذریعے مقررہ وقت پر بل ادا کرنے والے صارفین کا ڈیلے پیمنٹ چارج(ڈی پی سی) اور انٹریسٹ آن ایریئرس( آئی او اے) معاف کرنے کے علاوہ بجلی بل میں بھی ۲؍فیصد اور ایک  فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا گیا ہے اور اسے بیسٹ کمیٹی نے بھی اپنی منظوری دی ہے۔دیکھنا یہ ہوگا کہ بیسٹ کی اس اسکیم کی جانب صارفین کتنا راغب ہوتے ہیں اور حقیقی معنوں میں ان اسکیموں سے انہیں کتنا فائدہ ملتا ہے۔
  واضح ہوکہ من مانے طریقے سے بجلی بل بھیجنے کا یہ عالم تھا کہ بعض جگہ جہاں لاک ڈاؤن سے قبل ایک ہزار روپے سے بھی کم بجلی بل آتا تھا وہاں ۳۹؍ہزار روپے تک بجلی بل بھیجا گیا جس سے صارفین نہ صرف پریشان ہوئے بلکہ ان کو بار بار بجلی بل میں رعایت اور تصحیح کے لئے بار بار چکر لگانے پڑے تھے۔
 اسکیم اور رعایت کیا  ہیں؟
 بیسٹ کی جانب سے جن اسکیموں کا اور صارفین کو رعایت دینے کا اعلان کیا گیا ہے وہ کچھ اس طرح ہیں۔
n اول یہ کہ اگر صارف نے اپریل سے نومبر تک اپنا بل جمع تو کر دیا ہے لیکن مقررہ تاریخ اور ماہ کے بعد تو اس کا ڈیلے پیمنٹ چارج اور انٹریسٹ آن ایریئرس معاف کر دیا جائے گا اور ایسے صارف کا دوسرا فائدہ یہ ہوگا کہ اس کا جو کل بجلی بل ہوگا اس میں سے بھی اسے ۲؍فیصد رعایت دی جائے گی۔
 nوہ صارفین جنہوں نے لاک ڈاؤن کے دوران بھی اپنا بجلی بل وقت پر ادا کیا ہے ان کے لئے یہ مسائل ہیں ہی نہیں  اس کے باوجود انہیں سیدھے سیدھے آئندہ بجلی بل میں ۲؍فیصد رعایت دی جائے گی۔
n تیسرے وہ صارفین جنہوں نے اپریل سے اب تک اپنا پورا بجلی کا بل ادا نہیں کیا ہے اگر وہ لاک ڈاؤن کے  اپریل سے نومبرتک کا بجلی بل دسمبر یا جنوری تک ۳؍قسطوں میں ادا کرتے ہیں تو ایسے صارفین کا بھی ڈیلے پیمنٹ چارج اور انٹریسٹ آن ایریئرس معاف کرنے کے علاوہ انہیں بجلی بل میںایک فیصد کی رعایت بھی دی جائے گی۔ لیکن بیسٹ کی جانب سے یہ بھی وضاحت کی گئی ہے کہ صارفین کو دونوں اسکیموں  میں سے کسی ایک اسکیم کا انتخاب کرنا ہوگا۔ دونوں اسکیموں میں سے آدھا یا کچھ حصہ استعمال کرنے والے صارفین کو ان اسکیموں کا کوئی فائدہ نہیں ملے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK