Inquilab Logo

بھیونڈی: میونسپل کارپوریشن نے نالوں کی صفائی کیلئے۲؍ کروڑ۲۲؍لاکھ روپےکا ٹھیکہ دیا

Updated: April 26, 2024, 8:49 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

مانسون میں صرف ۴۵؍ دن رہ گئے ہیں لیکن ابھی تک نالے کی صفائی کا کام شروع نہیں کیاگیا ہے۔ سوال کیا جارہا ہے کہ اس مدت میں ٹھیکیدار نالوں کی صفائی کا کام کیسے مکمل کرسکیں گے؟سماجی تنظیم نے میونسپل کمشنر سے خودنگرانی کرنے اور صفائی کی ویڈیو گرافی کا مطالبہ کیا۔

Citizens have to face problems in monsoon due to not cleaning the drains properly. Photo: INN
نالوں کی صفائی ٹھیک سے نہ ہونے پرمانسون میں شہریوں کوپریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تصویر : آئی این این

یہاں  میونسپل کارپوریشن نے اپنی حدود  میں تقریباً ۴۵؍ کلومیٹر طویل ۹۲؍ نالوں کی صفائی کیلئے۲؍ کروڑ ۲۲؍ لاکھ روپے کا ٹھیکہ دیا ہے جو گزشتہ سال کی بہ نسبت ۱۳؍لاکھ روپے سے زائد ہے۔سماجی تنظیم آپریشن مکت بھیونڈی نے میونسپل کمشنر سے   بدعنوانی پر قدغن لگانے کیلئے کام کی نگرانی خود کرنے اورصفائی کی ویڈیو گرافی کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح ہوکہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ہر سال بارش میں سیلابی کیفیت سے نمٹنے کیلئے نالا صفائی کا ٹینڈر جاری کیا جاتا ہے لیکن ٹھیکیداروں اور میونسپل کارپوریشن کی مبینہ لاپروائی اور بدعنوانی کے سبب نالے صحیح ڈھنگ سے صاف نہیں کئے جاتے ہیں جس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ موسلا دھار بارش کے دوران شہرمیں سیلابی صورت پیدا ہوجاتی ہے۔ لوگوں کی دکانوں،گھروں،کارخانوں اور دیگر مقامات پر پانی جمع ہوجاتاہےجس سے شہریوں کا شدید مالی نقصان ہوتا ہے۔
میونسپل کارپوریشن  کے پانچوں پربھاگ سمیتیوںمیں۴۴ء۸؍کلومیٹر چھوٹے اور بڑے ۹۲؍  نالوں کی صفائی کیلئے ۲؍کروڑ ۲۲؍لاکھ  خرچ کئے جائیں گے۔ اس کام کیلئے  پربھاگ سمیتی کی سطح پر پرائیویٹ ٹھیکیداروں کا تقرر کیا گیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ مانسون آنے میں صرف ۴۵؍ دن رہ گئے ہیں لیکن ابھی تک ٹھیکیداروں نے نالے کی صفائی کا کام بھی شروع نہیں کیا۔ ایسے میں سوال کیا جارہا ہے کہ ٹھیکیدار ۴۵؍ دن میں نالوں کی صفائی کا کام کیسے مکمل کریں گے؟

یہ بھی پڑھئے: انٹاپ ہل: ۷؍ اور ۵ ؍سال کے بچوں کی لاش بھنگار میں پڑی کار سے برآمد

میونسپل کارپوریشن سے موصول اطلاع کے مطابق پربھاگ سمیتی ایک میں۷ء۲۷۷؍ کلومیٹر   کے ۱۷؍ نالے ہیں جن کی صفائی کیلئے ۳۶؍لاکھ ۷۳؍ ہزار روپے ،پربھاگ سمیتی ۲؍ میں ۹ء۷۷۰؍ کلومیٹر کے ۱۴؍ نالے جن کی صفائی کیلئے ۳۸؍لاکھ ۵۲؍ہزار روپے، پربھاگ سمیتی ۳؍ میں۱۰ء۷۰۶؍ کلومیٹر  کے ۲۶؍ نالے جن کی صفائی کیلئے ۴۵؍لاکھ ۲۹؍ہزار ، پربھاگ سمیتی ۴؍ میں۸ء۲۱۴؍ کلومیٹر لمبائی کے ۱۳؍ نالے  جن کی صفائی کیلئے ۳۶؍لاکھ ۲۳؍ہزار روپے اور پربھاگ سمیتی  ۵؍ میں۴ء۷۷۹؍کلومیٹر  کے ۲۲؍ نالوں کی صفائی کیلئے ۳۷؍لاکھ ۹؍ہزار روپے اور اہم شاہراہ سے منسلک نالوں کی صفائی کیلئے ۲۸؍ لاکھ ۴۷؍ہزار روپے کا ٹینڈر نکالا گیا ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ میونسپل کارپوریشن   نے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر  ضابطہ اخلاق نافذ ہونے سے پہلے ہی ٹینڈر کا عمل مکمل کروا لیا تھا۔
 سماجی تنظیم آپریشن مکت بھیونڈی کے صدر ڈاکٹر شفیق صدیقی نے انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نالا صفائی کے کام پر ہر سال  بدعنوانی  کے الزامات عائد کئے جاتے رہے ہیں۔ٹھیکیدار نالوں میں موجود مٹی، کیچڑاور ریت کو یونہی چھوڑکر اوپر پڑا ہوا پلاسٹک،کوڑا کرکٹ نکال دیا کرتے ہیںجس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ  تیز بارش میں پانی کی نکاسی نہیں ہوپاتی  جس کے سبب لوگوں کے گھروں اور پاور لوم کارخانوں  میں پانی بھر جاتا ہےجس سے مالکان کو بھاری مالی نقصان اُٹھانا پڑتا ہے لیکن میونسپل کارپوریشن شہریوں کے نقصان پر کبھی کوئی توجہ نہیں دیتی ہے۔
 انہوں نے میونسپل کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر اجے ویدیہ  سے مطالبہ کیا ہےکہ اس کیلئے ضروری ہے کہ  نالوں کی صفائی کی ویڈیو گرافی کروانے کا حکم جاری کیا جائے۔میونسپل کمشنر ٹھیکیداروں کو ہدایت جاری کریں کہ سبھی ٹھیکیدارہر روز اپنے کام کاویڈیو کارپوریشن کے متعلقہ محکمہ کے پاس جمع کروائیں جس سے کام میں شفافیت آئے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK