Inquilab Logo

بھارت جوڑو نیائے یاترا: راہل گاندھی کی منی پور کے عوام کو امن بحالی کی یقین دہانی

Updated: January 15, 2024, 2:53 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کا آج دوسرا دن ۔ آج یہ یاترا ناگالینڈ میں ختم ہوگی۔ راہل گاندھی نے یاترا کے دوران لوگوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل جاننے کی کوشش کی۔ راہل گاندھی نے منی پور کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم منی پور میں دوبارہ امن بحال کرنے کی کوشش کریں گے اور اسے دوبارہ متحد ریاست بنائیں گے۔

Rahul Gandhi addressing the people of Manipur. Photo: PTI
راہل گاندھی منی پور کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

راہل گاندھی کا خطاب
راہل گاندھی نے بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوسرے دن لوگوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ کانگریس منی پور کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ریاست میں دوبارہ امن بحال کرنے کی خواہشمند ہے۔ خیال رہے کہ راہل گاندھی نے بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوسرے دن کا آغاز بذریعہ بس کیا لیکن انہوں نے چند کلومیٹر کا پیدل سفر بھی کیا۔ اسی درمیان انہوں نے لوگوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل جاننے کی کوشش کی۔ سیناپتی میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے راہل نے کہا کہ کانگریس نے کشمیر سے کنیا کماری تک بھارت جوڑو یاترا نکالی جس کا مقصد لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑنا تھا۔ یہ ہماری ایک کامیاب یاترا تھی۔ بعد ازیں ہمیں مغرب سے مشرق تک ایک اور یاترا نکالنے کا خیال آیا جس کے بعد ہم نے سوچا کیوں نہ یاترا منی پور سے نکالی جائے تا کہ ملک کے عوام یہ محسوس کریں کہ منی پور کے عوام کس درد سے گزرے ہیں۔ انہوں نے کیسی مشکلات دیکھیں اور کتنی ہمت سے ان کا سامنا کیا۔
راہل گاندھی نے منی پور کے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے معلوم ہے آپ لوگوں نے کیسا وقت دیکھا ہے۔ اپنے پیاروں کو کھویا ہے۔ آپ نے اپنی جائیداد کھوئی لیکن میں آپ کو یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم سب آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم منی پور میں امن واپس لانا چاہتے ہیں۔ ہم منی پور کے ایک مرتبہ پھر متحد کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے ریاست کے ایک وفد سے بھی ملاقات کی جنہوں نے انہیں منی پور کے لوگوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔بعد ازیں، انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے منی پور میں دوبارہ امن بحال ہوگا۔ 

راہل گاندھی یاترا کے دوران۔ تصویر: آئی این این

کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے سیکمائی سے بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوسرے دن کا آغاز کیا۔ اس درمیان راہل نے راستے میں لوگوں سے ملاقات کی اور ان کے احوال پوچھے۔ راہل گاندھی نے بس سے اپنے سفر کا آغاز کیا۔ اس ضمن میں جے رام رمیش نے اپنے ایکس پوسٹ میں لکھا ہے کہ پرچم کشائی کے بعد بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوسرے دن کا آغاز کیا گیا۔ منی پور کی پی سی سی صدر میگا چندرا کے ذریعے پرچم کشائی کے بعد یاترا کا آغاز کیا گیا۔ یہ یاترا سیکمائی سے کانگپوکپی جائے گی۔ بعد ازیں منی پور کے علاقے سیناپتی سے گزرنے کے بعد رات کو ناگالینڈ پہنچے گی۔ خیال رہے کہ راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس نے ۱۴؍ جنوری کو بھارت جوڑو نیائے یاترا کا آغاز کیا ہے۔ یاترا منی پور کی راجدھانی امپھال سے شروع ہوئی ہے جبکہ اس کا اختتام ۲۰؍ مارچ کو ممبئی میں ہوگا۔ یہ یاترا ۱۵؍اضلاع سے گزرے گی۔ یاترا میں کانگریس کے اہم لیڈران کے علاوہ دیگر پارٹیوں کے لیڈران بھی شرکت کریں گے۔ خیال رہے کہ بھارت جوڑو نیائے یاترا کا مقصد ملک کے عوام کیلئے سیاسی، سماجی اور معاشی انصاف کی مانگ کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK