سنیچر کی شب غیبی نگر علاقے میں اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب ۷؍ سالہ بچی لاپتہ ہوگئی۔
بچی کو خاتون پولیس اہلکار کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این
سنیچر کی شب غیبی نگر علاقے میں اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب ۷؍ سالہ بچی لاپتہ ہوگئی۔ تاہم پولیس اور مقامی افراد کی بروقت کوششوں سے وہ اگلی صبح صحیح سلامت مل گئی، جس سے اہلِ خانہ اور علاقے میں اطمینان کی لہر دوڑ گئی۔
اطلاع کے مطابق حیدر علی خان(۵۲) پاورلوم مزدور ہیں اور غیبی نگر، (انصار نگر) میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ مقیم ہیں۔ سنیچر کی رات تقریبا ًساڑھے ۹؍بجے انہوں نے اپنی ۷؍ سالہ بیٹی اور ۹؍ سالہ بیٹے کو قریبی دکان سے سامان لینے بھیجا۔ واپسی پر ایک نامعلوم شخص نے بچوں کے قریب آکر بچی کو چاکلیٹ دینے کے بہانے بہلایا اور لڑکے کو گھر بھیج کر بچی کو اپنے ساتھ لے گیا۔جب لڑکا گھر پہنچا اور واقعہ بتایا تو والدین نے فوراً شانتی نگر پولیس سے رابطہ کیا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کی ناکہ بندی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ شروع کی۔تفتیش میں پتہ چلا کہ ملزم بچی کو بھساول کمپاؤنڈ کے سنسان علاقے کی طرف لے گیا مگر بچی نے حاضر دماغی سے موقع پاتے ہی بھاگ کر اندھیرے میں پناہ لے لی۔ صبح ایک ٹیمپو ڈرائیور نے بچی کو خوف زدہ حالت میں دیکھا اور پولیس کو اطلاع دی۔ کچھ ہی دیر میں اہل خانہ اور پولیس نے بچی کو بحفاظت بازیاب کرلیا۔پولیس نے نامعلوم شخص کے خلاف اغوا کی کوشش کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے بچی کی بہادری اور عوامی تعاون کی تعریف کی جس سے ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔