رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی کی قیادت میں بیوپاری اور رہیواشی سنگھرش کمیٹی اور دھارمک استھل بچاؤ سمیتی کے وفد نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی۔
EPAPER
Updated: October 31, 2025, 5:37 PM IST | Bhiwandi
رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی کی قیادت میں بیوپاری اور رہیواشی سنگھرش کمیٹی اور دھارمک استھل بچاؤ سمیتی کے وفد نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی۔
 
                                یہاں کلیان ناکہ سے ٹیم گھر ناکہ کے درمیان سڑک کو کشادہ کرنے کے منصوبے کے خلاف مقامی شہریوں اور تاجروں نے سخت اعتراض درج کرایا ہے۔ اسی سلسلے میں کلیان روڈ بیوپاری و رہیواشی سنگھرش کمیٹی اور دھارمک استھل بچاؤ سمیتی کے وفد نے بدھ کو رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی کی قیادت میں وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سے ان کی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کر کے ایک تفصیلی یادداشت پیش کی۔ وفد میں شاداب عثمانی، رام لہارے، دین محمد خان، محمود مومن، یوسف سولاپورکر اور راکیش پال سمیت کئی ذمہ دار اراکین شریک تھے۔ 
وفد نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ کلیان ناکہ کے راجیو گاندھی چوک سے ٹیم گھر تک کے علاقے میں سیکڑوں رہائشی و تجارتی عمارتوں کے ساتھ پانچ مندر، دو مسجدیں، دو درگاہیں، ایک قبرستان اور ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی یادگار واقع ہے۔ ان کے تحفظ کے پیش نظر حکومت نے اسی روٹ پر چلنے والی تھانے-بھیونڈی-کلیان میٹرو لائن کو۱۷۰۰؍کروڑ روپے کے اضافی خرچ سے زیرزمین کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ وفد نے نشاندہی کی کہ جب حکومت نے مذہبی مقامات کے تحفظ کیلئے اتنا بڑا قدم اٹھایا تو اب اسی راستے پر بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے نئی ترقیاتی منصوبہ بندی کے تحت دونوں جانب۲۰؍ فٹ سڑک کی توسیع کی تجویز نہ صرف غیر ضروری ہے بلکہ نقصان کا باعث بھی بن سکتی ہے۔ اس اقدام سے درجنوں مذہبی مقامات، مکانات اور کاروباریسدارے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ 
سمیتی کے نمائندوں نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کی کہ اس تجویز کو فی الفور منسوخ کیا جائے تاکہ شہریوں کے مکانات اور مذہبی ڈھانچے محفوظ رہیں۔ 
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے وفد کی بات سنی اور یقین دلایا کہ وہ متعلقہ محکمہ سے بات کر کے اس معاملے پر جلد مناسب فیصلہ لیں گے۔