• Sat, 01 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم اپنا پہلا ورلڈ کپ خطاب جیتنے کے لئے پرجوش

Updated: October 31, 2025, 10:04 PM IST | Navi Mumbai

ہرمن پریت کور کی قیادت میں ہندوستانی خواتین ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ ۲۰۲۵ء کے فائنل میں شاندار انداز میں جگہ بنا لی ہے۔ ہندوستان نے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو ۵؍ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کا ٹکٹ حاصل کیا۔

Women Cricket Team.Photo:PTI
خواتین کی ٹیم۔ تصویر:پی ٹی آئی

 ہرمن پریت کور کی قیادت میں ہندوستانی خواتین ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ ۲۰۲۵ء کے فائنل میں شاندار انداز میں جگہ بنا لی ہے۔  ہندوستان نے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو ۵؍ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کا ٹکٹ حاصل کیا۔ اب ۲؍ نومبر کو فائنل میں ٹیم انڈیا کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا۔جنوبی افریقہ نے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو  شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ دونوں ٹیمیں اپنا پہلا ورلڈ کپ خطاب جیتنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔ اس فیصلہ کن مقابلے سے قبل یہ جاننا دلچسپ ہوگا کہ ہندوستان کا جنوبی افریقہ کے خلاف ریکارڈ کیسا رہا ہے۔
ون ڈے کرکٹ میں اب تک ہندوستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیمیں ۳۴؍ بار آمنے سامنے آ چکی ہیں، جن میں سے ۲۰؍ میچ ہندوستان کے نام رہے، جب کہ ۱۳؍ میں جنوبی افریقہ فاتح رہا۔ اعداد و شمار کے لحاظ سے ہندوستان کا پلڑا بھاری نظر آتا ہے، تاہم دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے  آخری ون ڈے میں ہندوستان کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ایسے میں ہندوستانی ٹیم حریف کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہیں کرے گی۔

یہ بھی پڑھئے:ایک مہینے کی بے چینی کے بعد یہ ایک خواب کی مانند محسوس ہوا: روڈریگیز

ویمنز ورلڈ کپ ۲۰۲۵ء کے گروپ مرحلے میں دونوں ٹیموں کے درمیان وشاکھاپٹنم میں کھیلے جانے والے  میچ میں جنوبی افریقہ نے ۳؍ وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ہندوستان نے پہلے کھیلتے ہوئے ۲۵۱؍ رنز بنائے تھے، جس میں رچا گھوش نے سب سے زیادہ ۹۴؍ رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے کپتان لورا وولوارٹ اور نادین ڈی کلارک کی نصف سنچریوں کی مدد سے ۷؍ گیندیں باقی رہتے ہدف حاصل کر لیا تھا۔ نادین نے۸۴؍ اور وولوارٹ نے۷۰؍ رنز بنائے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی خواتین ٹیم تیسری بار ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی ہے۔ اس سے قبل میتھالی  راج کی قیادت میں ۲۰۰۵ء اور۲۰۱۷ء میں ہندوستان فائنل میں پہنچا تھا، مگر دونوں بار خطاب جیتنے سے محروم رہا۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ کی  ٹیم  پہلی بار ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی ہے۔ دونوں ٹیمیں اپنا پہلا ٹائٹل جیتنے کے لیے بے تاب ہیں - یعنی اس بار ویمنز ورلڈ کپ کو نیا چمپئن  ملنے والا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK