ہوٹل، چائنیز فوڈ سینٹر کے لئے ہدایات جاری، میونسپل انتظامیہ نے کارروائی کا انتباہ دیا۔
EPAPER
Updated: May 18, 2026, 12:41 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
ہوٹل، چائنیز فوڈ سینٹر کے لئے ہدایات جاری، میونسپل انتظامیہ نے کارروائی کا انتباہ دیا۔
بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن کے بازار محکمہ نے شہر میں سڑک کنارے قائم چائنیز فوڈ سینٹر، ہوٹلوں اور ہاتھ گاڑیوں پر کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والے دکانداروں کیلئے اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے عوامی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے ایگزاسٹ فین فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیا ہے۔ میونسپل انتظامیہ کے مطابق کئی ہوٹل، چائنیز سینٹر اور ٹھیلہ فروش اپنی دکانوں کے باہر سڑک کی سمت ایگزاسٹ فین نصب کرتے ہیں، جن کے ذریعے مصالحہ دار دھواں اور تیز بو والی مضر گیس براہِ راست سڑک پر خارج کی جاتی ہیں۔ دھوئیں اور گیس کی وجہ سے راہگیروں اور خصوصاً گاڑی چلانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ متعدد مواقع پر گاڑی سواروں کی آنکھوں میں جلن، چبھن اور پانی آنے کی شکایات سامنے آئی ہیں، جبکہ اچانک دھواں آنے سے چند لمحوں کیلئے نظر دھندلا جانے کے باعث سڑک پر حادثات بھی پیش آئے ہیں۔ بازار محکمہ نے اس صورتحال کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کی حفاظت اور ٹریفک کے نظام کو محفوظ رکھنے کیلئے ایسے تمام ایگزاسٹ فین فوری طور پر ہٹانا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھئے: شدید گرمی سے سبزیوں کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ
میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے ہدایت دی ہے کہ دکاندار ایگزاسٹ فین کی جگہ مناسب چمنی نصب کریں تاکہ دھواں اور گرم گیس براہِ راست سڑک پر نہ آئیں اور عام شہریوں کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ جو دکاندار اس ہدایت پر عمل نہیں کریں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس مقصد کیلئے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے خصوصی دستہ بھی تشکیل دیا گیا ہے، جو مختلف علاقوں میں معائنہ کرکے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی انجام دے گا۔ بازار محکمہ نے تمام ہوٹل مالکان، چائنیز سینٹر چلانے والوں اور ٹھیلہ فروشوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شہری مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے میونسپل انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور فوری طور پر سڑک کی سمت لگے ایگزاسٹ فین ہٹا کر چمنی نصب کریں، تاکہ شہر میں ٹریفک حادثات کی روک تھام اور عوامی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔