گرمی سے سبزیاں سوکھ کر خراب ہو جا رہی ہیں، سپلائی متاثر ہونے سے ان کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، سبزیاں ڈیڑھ سو سے ۲۰۰؍ روپے فی کلو مل رہی ہیں۔
EPAPER
Updated: May 17, 2026, 12:23 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
گرمی سے سبزیاں سوکھ کر خراب ہو جا رہی ہیں، سپلائی متاثر ہونے سے ان کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، سبزیاں ڈیڑھ سو سے ۲۰۰؍ روپے فی کلو مل رہی ہیں۔
شدید گرمی سے سبزیوں کی پیداوار میںکمی آئی ہےجس کی وجہ سے تھوک اور خردہ بازاروں میں سبزیوں کی قیمتوں میںہوش ربا اضافہ ہواہے جس سے صارفین کے گھروں کا بجٹ بگڑ رہاہے ۔ یہاں کے اے پی ایم سی میں سبزیوں کی آمد میں کمی کا براہ راست قیمتوں پر اثر پڑا ہے ۔ اس وقت سبزیاں ۱۲۵؍ سے ۱۵۰؍روپے فی کلوفروخت ہو رہی ہیں ۔گرمی کی شدت سے جہاں سبزیاں کم پیدا ہو رہی ہیں وہیں جو پیدا ہو رہی ہیں ان کی کوالیٹی اچھی نہیں ہے ۔ پیداوار میں کمی سے واشی مارکیٹ میں سبزیوں کی آمد جو پہلے ۷۰۰؍ سے ۸۰۰؍ گاڑیاں تھیں اب کم ہو کر ۵۰۰؍ تک آگئی ہیں۔کم آمد سے ہول سیل اور ریٹیل مارکیٹ میں سبزیوں کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں ۔
ریٹیل مارکیٹ میں سبزیاں ڈیڑھ سے ۲۰۰؍ روپے کلو فروخت ہو رہی ہیں جس سے عام لوگوں کو نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: عید قرباں کے لئے آج سے دیونار منڈی میں جانوروں کی آمد
تھوک مارکیٹ میں سبزیوں کی قلت سے ان کی قیمتوں میں ۴۰؍ سے ۵۰؍فیصد تک کا اصافہ ہوا ہے وہیں خردہ بازار میں جن سبزیوں کی قیمت پہلے ۱۰۰؍ روپے سے کم تھی اب ۱۵۰؍ سے ۲۰۰؍روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہیں ۔ پھلیاں اور مٹر۲۴۰؍روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہیں۔ بیگن ۱۲۰؍ سے ۱۳۰؍ روپے ، اسی طرح دیگر سبزیاں بھی تقریباً ان ہی قیمتوں پر دستیاب ہیں ۔
ڈونگری ،کھڑک ،جے بی شاہ مارگ کی سعیدہ قریشی کے مطابق ’’ گرمی کے بڑھنے کے ساتھ سبزیوں کی قیمتوں کے بڑھنےکا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ قیمتوں میں اضافہ ہونے سے قطع نظر سبزیوں کی کوالیٹی اور معیار میں آنے والی گراوٹ سے مزید پریشانی ہو رہی ہے ۔‘‘ ان کا مزید کہناتھاکہ’’ ایک تو قیمتیں بڑھ گئی ہیں دوسری طرف سڑی گلی سبزیاں مل رہی ہیں جس سے صارف کا نقصان ہو رہا ہے ۔ابھی کچھ دنوں پہلے ٹماٹر ۲۵؍ سے ۳۰؍ روپے فی کلو مل رہا تھا لیکن اب وہی ٹماٹر ۵۰؍روپے کلو ہوگیا ہے ۔ جو آلوپیاز ۲۰؍ سے ۲۵؍ روپے تھا وہ ۳۰؍ سے ۳۵؍ روپے فی کلو ہوگیا ہے ۔ لہسن ۲۰۰؍ سے ۲۵۰؍ روپے فی کلو ہوگیاہے ۔ میتھی کی بھاجی جو ۲۰؍ روپے تھی وہ ۵۰؍سے ۶۰؍روپے فی گڈی ہوگئی ہے۔ گوار ۱۵۰؍ سے ۲۰۰؍روپے کلو ہوگئی ہے ۔ ساری سبزیوں کا بھائو بڑھ گیا ہے ۔ سمجھ میںنہیں آ رہا ہےکہ کونسی سے سبزی کھائی جائے؟‘‘
یہ بھی پڑھئے: ممبئی یوتھ کانگریس کا ’شہری مزدور انصاف مہم‘ اور ’ممبئی کا حق‘ مہم کا اعلان
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ’’ سنیچر کو میں نے ناقص قسم کی نرم اور چھوٹی بھنڈی اور گلی سڑی ،سوکھی گوبھی ۲۰؍روپے پائو کے حساب سے خریدی جبکہ اروی جو قدر غنیمت تھی وہ ۳۰؍روپے پائو ملی۔ ‘‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’عنقریب عید قرباں ہے، اس موقع پر لہسن کی ضرورت زیادہ ہوتی ہے ، اس لئے لوگ مہنگا ہونےکے باوجود مجبوراً لہسن خرید رہے ہیں ۔ یہ الگ بات ہے کہ جہاں زیادہ مقدار میں لہسن خریدتے تھے وہاں کم خرید رہے ہیں ۔ اگر گرمی کی وجہ سے سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے تو گرمی کے بعدقیمتیں کم ہو نا چاہئے لیکن جو قیمت بڑھا دی جاتی ہے ، اسے کم نہیں کیا جاتا ہے ۔‘‘
مدنپورہ ،محمد عمررجب روڈ کی عائشہ انصاری کے بقول’’ لہسن، ٹماٹر، ہرادھنیا، ادرک ، ہری مرچ اور دیگر سبھی سبزیوں کی قیمتوں میں خاصا اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے گھریلو اخراجات کا بجٹ متاثر ہوا ہے ۔ ہرا مسالہ بھی مہنگا ہوگیا ہے ۔ ادرک ۴۰؍روپے پائو یعنی ۱۶۰؍روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے ۔ایک سبزی کی ہانڈی بھی اب کم ازکم ۲۰۰؍ سے ۲۵۰؍ روپے میں تیار ہو رہی ہے۔ سبزی بھی غریبوں کے دسترس سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: اب ۲۰؍ سے کم طلبہ والے اسکولوں کو بند نہیں کیا جائے گا، حکومت کا نیا فیصلہ
اے پی ایم سی کے ویجیٹیبل ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹرشنکر پرینگلے سے اس بارے میںاستفسار کرنے پر انہوں نے کہا کہ ’’گرمی کے موسم میں سبزیوں کے سوکھ جانے سے پیداوار متاثر ہوتی ہے جس کی وجہ سے سپلائی کم ہو جاتی ہے ۔ مارکیٹ میں سبزیاں کم آنے سے قیمتیں بڑھ جاتی ہیں ۔ ممبئی سے باہر ہونے کی وجہ سے موجودہ صورتحال کی معلومات فراہم نہیں کرسکتا ہوں لیکن گرمی میں ایسا ہوتا ہے۔‘‘