ہر پربھاگ کو ایک ایک کروڑ روپےکا فنڈ۔ ۵؍ ٹھیکیدار مرمت کا کام سنبھالیں گے ۔سڑکوں کی حالت میں بہتری کی امید۔
EPAPER
Updated: October 24, 2025, 6:10 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
ہر پربھاگ کو ایک ایک کروڑ روپےکا فنڈ۔ ۵؍ ٹھیکیدار مرمت کا کام سنبھالیں گے ۔سڑکوں کی حالت میں بہتری کی امید۔
مسلسل کئی ماہ تک جاری موسلا دھار بارش نے بھیونڈی شہر کی سڑکوں کی حالت بری کردی ہے جس سے شہریوں کی روزمرہ زندگی اور آمدورفت بری طرح متاثر ہورہی ہے۔ اب سڑکوں کی خستہ حالت جلد ختم ہونے کی امید ہے۔ بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن (بی این ایم سی) نے پانچ کروڑ روپے کے فنڈ کے ذریعے سڑکوں کی مرمت کا منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت پانچوں پربھاگوں میں مرمت کا کام عنقریب کے شروع کیا جائے گا۔
میونسپل کمشنر انمول ساگر نے بتایا کہ اس سال گزشتہ برس کے مقابلے میں تقریباً ۷۰؍ملی میٹر زیادہ بارش ہوئی ہے جس کی وجہ سے شہر کی بیشتر سڑکوں پر گڑھے پڑ گئے اور آمدورفت کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق اب بھی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے لیکن جیسے ہی موسم صاف ہوگا، سڑکوں کی مرمت اور پیوپنگ کا کام تیزی سے شروع کر دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ بھیونڈی شہر۲۶؍کلومیٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے اور پاورلوم صنعت کے باعث یہاں روزانہ بھاری گاڑیوں کی آمدورفت رہتی ہے، جس سے سڑکیں تیزی سے خراب ہوتی ہیں۔ اسی دوران شہر میں بڑے پیمانے پر ڈرینیج لائن بچھانے کا کام بھی جاری ہے، جس سے سڑکوں کی خستہ حالی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
کمشنر ساگر کے مطابق عید میلاد النبیؐ اور گنیش اُتسو کے موقع پر شہری سہولت کیلئے کچھ سڑکوں کے گڑھے بھرے گئے تھے مگر موسلا دھار بارش کی وجہ سے اسے بھی نقصان پہنچا ہے۔ اب برسات ختم ہونے کے بعد تمام اہم شاہراہوں اور گلیوں کی مرمت کو ترجیحی بنیاد پر انجام دیا جائے گا۔ اس مقصد کیلئے ہر پربھاگ کو ایک ایک کروڑ روپے کا فنڈ مختص کیا گیا ہے اور پانچ مختلف ٹھیکیداروں کو کام کی ذمہ داری سونپی گئی ہے تاکہ ہر زون میں مرمت کا کام بیک وقت شروع ہو سکے۔میونسپل کمشنر انمول ساگر نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد نہ صرف سڑکوں کی حالت بہتر ہوگی بلکہ شہر کی ٹریفک روانی اور عوامی سہولت میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہماری ترجیح شہریوں کو محفوظ، ہموار اور بہتر سڑکیں فراہم کرنا ہے۔
کارگزار شہر انجینئر سچن نائک نے بتایا کہ شہر کی۵۲؍ اہم سڑکوں کو کنکریٹ سے بنانے کا منصوبہ ایم ایم آر ڈی اے کے تحت جاری ہے، جن میں سے۳۷؍ سڑکوں کا کام مکمل ہو چکا ہے، ۵؍ سڑکوں پر جزوی کام جاری ہے جبکہ ۱۰؍ سڑکوں کیلئے ریاستی حکومت سے فنڈ کی منظوری کا انتظار ہے۔ فنڈ ملتے ہی ان کا تعمیراتی کام بھی شروع کر دیا جائے گا۔