شہر کی خستہ حال سڑکیں اور بے قابو ٹریفک کے خلاف عوام نے متحد ہوکر احتجاجی مہم شروع کردی ہے۔
بڑی تعداد میں شہریوں نے مہم میں حصہ لیا۔ تصویر: آئی این این
شہر کی خستہ حال سڑکیں اور بے قابو ٹریفک کے خلاف عوام نے متحد ہوکر احتجاجی مہم شروع کردی ہے۔ لائیو اِن بھیونڈی( ایل آئی بی) نام کے مقامی نیوز چینل کی جانب سے ’بھیونڈی اگینسٹ بیڈ روڈ این ایکسیڈنٹ ‘کے عنوان سے جاری دستخطی مہم میں مختلف علاقوں کے شہری، تاجر، خواتین اور نوجوان بڑی تعداد میں حصہ لے رہے ہیں۔ایل آئی بی کے سہیل انصاری نے بتایا کہ مہم کا مقصد بھیونڈی نظام پور شہر میونسپل کارپوریشن کی توجہ سڑکوں کی بدحالی اور ناقص ٹریفک نظام پر مبذول کرانا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’’ہم لاکھوں دستخطوں پر مشتمل یادداشت میونسپل کمشنر اور ٹریفک محکمہ کو پیش کریں گے تاکہ فوری اصلاحات کی جائیں۔‘‘ شرکائے مہم نے بتایا کہ برسوں سے انتظامیہ کی طرف سے صرف وعدے کئے جا رہے ہیں، عملی اقدامات نہ ہونے کے باعث سڑکیں حادثات اور ٹریفک جام کا باعث بنی ہوئی ہیں۔ گڑھوں سے بھری سڑکیں، ناقص نکاسیٔ آب اور سڑک کنارے تجاوزات نے صورتحال مزید خراب کر دی ہے۔
عوامی تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ کارپوریشن صرف وقتی مرمت کے بجائے مستقل منصوبہ بندی کرے، غیر قانونی قبضے ختم کرے اور ٹریفک نظم کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائے۔شہریوں نے انتباہ دیا ہے کہ اگر جلد اصلاحات نہ کی گئیں تو احتجاج کو شہر گیر تحریک کی شکل دی جائے گی۔ سابق کارپوریٹر داؤد ابراہیم انصاری نے انقلاب کو بتایا کہ عوام میں بیداری ضروری ہے۔ جب حادثہ ہوتا ہے تو شہری اپنی بیداری کا ثبوت دیتے ہیں لیکن پھر سب بھول جاتے ہیں۔ ان کے مطابق انتظامیہ کی سنجیدگی اور شہری تعاون ہی سے بھیونڈی کی سڑکوں اور ٹریفک صورتحال میں بہتری ممکن ہے۔