Inquilab Logo

بھیونڈی: قومی شاہراہ پر گزشتہ سال ۶۱؍ حادثات، ۲۴؍افراد ہلاک ہوئے

Updated: February 14, 2024, 9:22 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

بیشتر حادثے رات ۱۲؍بجے سے علی الصباح۳؍بجے کے درمیان ہوئے۔ ڈرائیوروں کے مطابق گڑھے اہم وجہ ۔

File photo of the fatal accident on the Mumbai-Nashik highway. Photo: INN
ممبئی-ناسک ہائی وے پربھیانک حادثے کی فائل فوٹو۔ تصویر : آئی این این

یہاں شہر سے ملحق قومی شاہراہ پر گزشتہ سال ۶۱؍  حادثات میں ۲۴؍افراد ہلاک ہوئے  ۔بیشتر حادثے رات کے اوقات میں رونما ہوئے۔ ڈرائیوروں کے مطابق  حادثات کی ایک اہم وجہ سڑک کے گڑھے بھی ہیں۔ واضح رہےکہ قومی شاہراہ پر سڑک کے گڑھے اور دیگر وجوہات کی بناپر ٹریفک کا مسئلہ سنگین ہوگیا ہے۔اس کے ساتھ ہی   حادثات کی شرح میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جس کا شکار ہوکر بیشتر افراد اپنی  جان گنوا دیتے ہیں۔ حادثات سے محفوظ رہنے کیلئے ڈرائیوروں کیلئے ضروری ہو گیا ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریںاور گاڑیاں محتاط ہوکرصحیح طریقے سے چلائیں۔
جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ ڈرائیوروں کو خاص طور سے رات کے وقت قومی شاہراہ  کے ان ۶؍ مقامات پر گاڑی چلاتے وقت بہت محتاط رہنے کی ضرورت ہے،جہاں حادثات کثرت سے  ہوتے ہیں۔یہ خطرناک اور گاڑی چلانے والوں کے نقطہ نظر سے غیر محفوظ تصور کئے جانے والے مقامات ہیں:منکولی ناکہ، دیوے گاؤں، کھارے گاؤں برج، کشیلی برج، پمپلاس پھاٹا، راجنولی ناکہ اور اندرون شہر دھامنکر ناکہ۔ ان ۶؍ خطرناک مقامات پر ۲۰۲۳ء میں ۶۱؍ سڑک  حادثات میں ۲۴؍ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جس میں زیادہ تر حادثات رات ۱۲؍  بجے سے علی الصباح  ۳؍ بجے کے درمیان ہوئے ہیں۔ ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ اکثر حادثات رات کے وقت سڑکوں کے گڑھوں کی وجہ سے ہوتے ہیں۔گزشتہ سال مانکولی ناکہ پر  ۱۴؍ حادثات  ہوئے جن میں ۶؍ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اسی طرح ممبئی ناسک قومی شاہراہ پر دیوے گاؤں کے پاس۹؍ حادثات ہوئے جن میں ۲؍ افراد کی موت ہوئی۔ اسی کے پاس کھارے گاؤں بریج کے قریب ۷؍ حادثات  ہوئے جن میں ۳؍ افراد ہلاک ہو گئے۔
بھیونڈی -تھانے روڈ پر واقع کشیلی بریج کے قریب ۲؍ حادثات  ہوئے جن میں خوش قسمتی سے کسی کی جان نہیں گئی۔ لیکن بہت سے لوگ زخمی ہوئے۔ ممبئی -ناسک قومی شاہراہ پر پمپلاس پھاٹا کے قریب ۱۷؍ سڑک حادثات ہوئے جن میں ۹؍ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔ یہاں زیادہ تر حادثات دو پہیہ گاڑیوں پر ہوئے ہیں۔ جہاں بھیونڈی بائی پاس پر راجنولی ناکہ پر ۱۱؍ سڑک حادثات میں ۴؍افرادہلاک ہوئے  وہیں صرف ایک حادثہ دھامنکرناکہ کے قریب ہوا ہے جس میں کسی کی موت نہیں ہوئی۔ شہر میں ونجار پٹی ناکہ تاچاوندرااور ندی  ناکہ سے شیلار کے درمیان بھی کئی حادثات ہوچکے ہیں۔ بالخصوص ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام فلائی اوور اور اجواڈرائی فروٹس کے سامنے متعدد حادثات میں کئی جانیں گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK