Inquilab Logo

بہار:پہاڑی علاقوں میں بارش سےگنڈک ندی خطرے کے نشان سے اوپر

Updated: August 29, 2021, 8:56 AM IST | Patna

جھنڈہوا ٹولہ بی او پی میں پانی ہی پانی ، ۵؍ گاؤں دوبارہ زیر آب ،معمولات زندگی درہم برہم ۔سیلاب کی وجہ سے محکمۂ جنگلات کے ملازمین کو پٹرولنگ کرنے میں مشکلات

A government building submerged in the Gandak River.Picture:Inquilab
گنڈک ندی کے پانی کی زد میں ایک سرکاری عمارت ۔ ( تصویر : انقلاب)

:نیپال کے پہاڑی علاقے میں لگاتار بارش کی وجہ سے بہا ر میں سیلاب کی صورتحا ل بھیانک ہوتی جارہی ہے۔ گنڈک کی سطح میں اتار چڑھائو کا سلسلہ جاری ہے۔  گنڈک خطرے کے نشان کوپار کر گئی ہے، جس کے سبب بالمیکی نگر کے گنڈک بیراج پر لگاتارسطح آب میں اضافہ ہورہا تھا۔ سطح آب میں اتار چڑھائو کے مد نظر بالمیکی نگر کے تاریخی بیراج کے  تمام۳۶؍ پھاٹک  کھول دیئے گئے ہیں۔ دوسری طرف ندی کی سطح میں اضافہ کے بعد سرحدی علاقہ اترپردیش کے سوہگیبروا سمیت تقریباً ۲؍ درجن گائوں میں سیلاب کی وجہ سے پانی داخل ہوگیا ہے۔ نیپال کے پہاڑی علاقوں میں بارش میدانی علاقوں میں بسے  افراد کیلئے مشکلیں کھڑی کر رہی ہے۔ لگاتار بارش کے مد نظر نگرانی بڑھادی گئی ہے۔ 
 گنڈک بیراج کے ایگزیکٹیو انجینئر جمیل احمد نے بتایا کہ فی الحال گنڈک کی سطح میں اتار چڑھائو جاری ہے۔ گنڈک بیراج کی ڈیزائن ڈسچارج صلاحیت کے مطابق زیادہ سے زیادہ ساڑھے ۸؍ لاکھ کیوسک پانی ڈسچارج ہوسکتا ہے۔ 
 گنڈک کی سطح میں اضافے سے ایس ایس بی کے جھنڈہوا میں واقع کیمپ سمیت ۵؍ گائوں دوبارہ زیرآب  ہیں۔ سیلاب کا پانی متعدد گائوں میں چاروں طرف پھیلنے کی وجہ سے معمولات زندگی درہم برہم ہوگئےہیں۔
 اس بابت ایس ایس بی ۲۱؍ ویں بٹالین جھنڈہو اٹولہ کے انسپکٹر امت کمار شرما نے بتایا کہ جھنڈہوا ٹولہ بی اوپی میں سیلاب کی وجہ سے پانی داخل ہوگیا ہے۔ گشت اوردیگر ضروری کاموں کیلئے کشتیوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔ چکدہوا ، کنہی ٹولہ، بین ٹولہ اور جھنڈہوا ٹولہ میں چاروں طرف پانی ہی پانی ہے۔ 
  ادھروی ٹی آر کے جنگل میں پانی داخل ہونے سے جنگلی جانور بالائی مقامات کی طرف نقل مکانی کرنے لگے ہیں۔ سیکڑوں ایکڑ میں لگی فصلیں ڈوب گئی ہیں۔ لوگ اونچے مقامات پر اپنے اہل خانہ اور مویشیوں کے ساتھ رہ رہے ہیں۔ گنڈک کی سطح میں اضافے کے بعد ندی کا پانی نچلے علاقوں میں داخل ہونے لگا ہے۔ جھنڈہوا ٹولہ بی او پی میں بھی چاروں طرف پانی ہی پانی ہے۔ وہیں ٹھاڈھی میں واقع ایس ایس بی کیمپ میں بھی پانی داخل ہوگیا ہے ۔ گنڈک کی سطح میں اضافے کی وجہ سے نچلے علاقوں میں چاروں طرف پانی ہی پانی ہے۔ 
 ا دھر جنگل میں سیلاب کی وجہ سے محکمۂ جنگلات کے ملازمین کو پٹرولنگ کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گنڈک کا پانی وی ٹی آر کے چل بھٹا، بھیڑی ہاری اور مدن پور وغیرہ علاقے میں داخل ہوگیا ہے۔  اس طرح ہرسال آنے والے سیلاب سے محکمۂ جنگلات اور جنگلی جانوروں کو غیر معمولی نقصان ہو رہا ہے۔

bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK