Inquilab Logo

بہار: مجلس اتحاد المسلمین کے لیڈرعبدالسلام کا گولی مار کر قتل

Updated: February 13, 2024, 5:43 PM IST | Patna

بہار کے گوپال گنج ضلع میں حملہ آوروں نے اے آئی ایم آئی ایم کے ریاستی سیکریٹری اور سارن انچارچ عبدالسلام کو مبینہ طور پر گولی مار کر قتل کیا ہے۔ اس معاملے کی تحقیقات کیلئے ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی نے ریاست میں امن و امان کی صورتحال پر بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کو تنقید کا نشانہ بنایا اور پوچھا کہ صرف ان ہی کے لیڈران کیوں نشانہ پر ہیں؟

AIMIM leader Abdul Salam. Photo: INN
اے آئی ایم آئی ایم کے لیڈر عبدالسلام۔ تصویر: آئی این این

میڈیا رپورٹس کے مطابق بہار کے گوپال گنج ضلع میں حملہ آوروں نے اے آئی ایم آئی ایم کے ریاستی سیکریٹری اور سارن انچارج عبدالسلام عرف اسلم مکھیا کو مبینہ طور پر گولی مار کر قتل کر دیا۔ یہ واقعہ گوپال گنج کے نگر تھانہ علاقے کے ترکہہ پل کے قریب این ایچ ۵۳۱؍ پر پیش آیا ہے۔ متوفی عبدالسلام عرف اسلم مکھیا نے نومبر ۲۰۲۳ء  میں گوپال گنج صدر سیٹ سے اسمبلی ضمنی انتخاب بھی لڑا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: بہار اسمبلی میں نتیش کی فتح مگر تیجسوی یادو مایوس نہیں

خبروں کے مطابق عبدالسلام عرف اسلم مکھیا اپنے قریبی دوست فیصل امام منا کے ساتھ تھاوے جنکشن سے لکھنؤ جانے والی ٹرین میں سوار ہونے جارہے تھے۔ راستے میں موٹر سائیکل پر سوار حملہ آوروں  نےان کی کار کو اوورٹیک کیا اور انھیں گولی مار کر قتل کردیا۔ واردات کے بعد ملزمین فرار ہوگئے۔ آس پاس کے لوگوں کی مدد سے انھیں صدر اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دیا۔
قتل کی اطلاع ملتے ہی پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ ایس پی سوارن پربھات نے کہا کہ قتل کیس کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے صدر ایس ڈی پی او پرانجل کی قیادت میں ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے۔ ڈی آئی یو اور ایس آئی ٹی مجرموں کی تلاش میں چھاپے مار رہے ہیں۔ صدر ایس ڈی پی او کے ساتھ پولیس ٹیم صدر اسپتال پہنچ گئی ہے اور معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی مجرموں نے جس طرح سے قتل کو انجام دیا، اس سے لوگ پولیس کی کارگردگی اور امن و امان کی صورتحال سوال اٹھا رہے ہیں۔اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے ریاست میں امن و امان کی صورتحال پر بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایکس پوسٹ پر لکھا ’’گزشتہ سال، دسمبر میں ہمارے ضلع سیوان کے صدر عارف جمال کو گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔ نتیش کمار، کرسی بچانے کا مقابلہ ختم ہونے کے بعد، کچھ کام کریں۔ صرف ہمارے لیڈر ہی کیوں نشانے پر ہیں؟ کیا ان کے اہل خانہ کو انصاف ملے گا؟
اے آئی ایم آئی ایم کے بہار کے ترجمان عادل حسن آزاد نےعبدالسلام کو ایک غیر متنازعہ اور سیدھا لیڈر قرار دیا جو سیاسی طور پر اپنی شناخت بنا رہے تھے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم چاہتے ہیں کہ پولیس معاملے کی مکمل تحقیقات کرے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK