• Fri, 20 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’رُسوائی سے بچنے کیلئے‘‘ بل گیٹس کا خطاب منسوخ 

Updated: February 20, 2026, 9:03 AM IST | New Delhi

ایپسٹین تنازع کے سبب اے آئی امپیکٹ سمٹ میں گیٹس فائونڈیشن نے عین وقت پرکلیدی خطبہ کا پلان بدل دیا جبکہ بل گیٹس اسی خطبہ کیلئے ہندوستان آئے تھے۔

Bill Gates with Andhra Pradesh Chief Minister Chandrababu Naidu. Gates has been
بل گیٹس آندھرا کے وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو کے ساتھ۔ گیٹس گزشتہ کچھ دنوں سے ہندوستان میں ہی مقیم ہیں۔ تصویر: آئی این این

یہاں جاری انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ کے دوران ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس اس عالمی کانفرنس میں اپنا طے شدہ کلیدی خطبہ نہیں دیں گے کیوں کہ عین وقت پر ان کا خطاب منسوخ کردیا گیا ہے۔ ہر چند کہ یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے یہ کارروائی کی گئی ہے لیکن باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ ایپسٹین فائلز کے سبب ہونے والے تنازع اور اس میں بار بار بل گیٹس کا نام آنے کے تناظر میں ہندوستانی سیاست اور حالات کے مدنظر حکومت نے گیٹس فائونڈیشن سے یہ فیصلہ کروایا ہے۔ حالانکہ بل گیٹس گزشتہ کچھ دنوں سے ہندوستان میں ہی موجود ہیں۔ وہ چند روز قبل حیدر آباد آئے تھے جہاں انہیں چندرا بابو نائیڈو کے بیٹے نے ریسیو کیا اور وہ آندھرا حکومت کے مہمان تھے۔ اسی دوران انہوں نے کچھ دیگر پروگراموں میں بھی شرکت کی اور وہ دہلی جانے والے تھے کہ یہ فیصلہ کرلیا گیا۔ گیٹس فائونڈیشن کے جاری کردہ بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ پروگرام میں تبدیلی کرتے ہوئے بل گیٹس کی شرکت منسوخ کر دی گئی ہے۔ 
فاؤنڈیشن کے مطابق یہ فیصلہ کافی غور و فکر کے بعد کیا گیا تاکہ سمٹ کی توجہ اس کے بنیادی مقاصد اور ترجیحات پر مرکوز رہے۔ بیان میں کہا گیا کہ تنظیم کی نمائندگی اب انکور وورا کریں گے، جو گیٹس فاؤنڈیشن کے افریقہ اور ہندوستان دفاتر کے صدرہیں۔ وہ سمٹ کے ایک سیشن میں فاؤنڈیشن کے کام کاج اور عالمی صحت و ترقیاتی منصوبوں پر اظہار خیال کریں گے۔ 
واضح رہے کہ بل گیٹس کی عدم شرکت کو بدنام زمانہ امریکی مجرم جیفری ایپسٹین سے متعلق حالیہ منظر عام پر آنے والی دستاویزات کے پس منظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ جیفری ایپسٹین پر کم عمر لڑکیوں کی اسمگلنگ اور جنسی جرائم کے سنگین الزامات تھے۔ ۲۰۱۹ء میں جیل میں اس کی پراسرار موت کے بعد اس سے متعلق کئی خفیہ فائلیں عوام کے سامنے آرہی ہیں جن سے کئی گھنائونے راز کھل رہے ہیں اور کئی باتیں جو پردے میں تھیں سامنے آرہی ہیں۔ حالیہ دنوں میں ان دستاویزات پر نئی بحث چھڑ گئی ہے جس میں بل گیٹس اور ایپسٹین کے درمیان بعض ملاقاتوں اور روابط کا ذکر کیا گیا ہے۔ 
حالانکہ ماضی میں بل گیٹس ایک انٹرویو میں ایپسٹین سے ملاقاتوں پر افسوس کا اظہار کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ ان ملاقاتوں پر انہیں ندامت ہے اور یہ فیصلہ ان کے لئے غلط ثابت ہوا۔ تاہم انہوں نے کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہونے کی تردید کی تھی۔ اس کے باوجود جو فائلز اور دستاویز سامنے آرہے ہیں ان میں بل گیٹس اور ایپسٹین کے درمیان گہرے تعلقات کا ذکر ہو رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے اس خطبے کو منسوخ کروانے کی ایک اہم وجہ خود اس کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری کا نام بھی انہی فائلز میں آنا بتایا جا رہا ہے۔ اگربل گیٹس یہاں خطاب کرتے ہوئے تو ممکن تھا کہ اپوزیشن مرکزی حکومت پر دبائو بنانے اور تنقیدیں کرنے کا موقع مل جاتا۔ اسی لئے آناً فاناً میں یہ خطاب منسوخ کروایا گیا ہے۔ 
دوسری جانب گوگل کے سی ای او سندر پچائی اور اوپن اے آئی کے سربراہ سیم آلٹ مین سمٹ میں شریک ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے ۱۶؍ فروری کو نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں اس سمٹ کا افتتاح کیا تھا، جو ۲۰؍ فروری تک جاری رہے گا۔ اس سال سمٹ کا موضوع قومی وژن ’’سروجن ہتائے، سروجن سکھائے‘‘ پر مبنی ہے، جس کا مقصد انسانیت کے مفاد میں مصنوعی ذہانت کے عالمی اصول کو فروغ دینا ہے۔ اس کانفرنس میں ۱۱۰؍ سے زائد ممالک اور ۳۰؍ بین الاقوامی تنظیمیں شریک ہیں، جب کہ تقریباً ۲۰؍ ممالک کے سربراہان اور ۴۵؍ سے زیادہ وزراء بھی اس میں حصہ لے رہے ہیں۔ کمپنیاں مصنوعی ذہانت کے جدید حل پیش کر رہی ہیں اور مختلف شعبوں میں اس ٹیکنالوجی کے عملی استعمال کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK