Inquilab Logo

ناگپور میں برڈ فلو کی تصدیق، ہزاروں مرغیوں کو ہلاک کرنے کا حکم

Updated: March 08, 2024, 9:13 AM IST | Nagpur

سرکاری پولٹری فارم میں سیکڑوں مرغیاں روز ہلاک ہو رہی تھیں، نمونے کی جانچ کے بعد برڈ فلو کی تصدیق ہوئی

Nagpur: There is a ban of 21 days on the buyer of chickens
ناگپور: مرغیوں کی خریدار پر ۲۱؍ دنوں کی پابندی ہے

 ناگپور میں  ہزاروں مرغیوں میں برڈ فلو کی علامتیںپائی گئی ہیں جس کے بعد انتظامیہ نے ان مرغیوں کو ہلاک کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔    یہاں سرکاری پولٹری فارم میں  ہزاروں مرغیوں کے برڈ فلو سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ساڑھے ۸؍ ہزار  مرغیوں کو مارنے کا حکم دیا گیا ہے۔
   اطلاع کے مطابق اس پولٹری فارم کی   گزشتہ چند دنوں سے روزانہ سیکڑوں  مرغیاں مر رہی تھیں۔ منتظین کو شبہ ہوا  کہ یہ کسی بیماری میں مبتلا ہیں۔لہٰذا بیمار مرغیوں کے نمونے پونے اور پھر بھوپال کی ایک اعلیٰ لیبارٹری میں بھیجے گئے۔ ۴؍ مارچ کو ان نمونوں کی جانچ رپورٹ آگئی جس میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ یہ مرغیاں برڈ فلو سے متاثر تھیں۔ سرکاری اصولوں کے مطابق انتظامیہ نے متعلقہ پولٹری سینٹر کے ایک کلومیٹر کے علاقے کو متاثرہ علاقہ اور ۱۰؍ کلومیٹر تک کے علاقے کو سرویلانس ایریا قرار دیا ہے۔ اسکے بعد ۵؍ مارچ کو کی رات متعلقہ پولٹری فارم میںساڑھے ۸؍ہزار سے زائد مرغیاں مار دی گئیں۔ اس کے علاوہ سینٹر میں موجود ۱۶؍ ہزار سے زائد انڈے بھی تلف کر دیئے گئے۔
  ناگپور کی ضلع پریشد کنزرویشن ڈپٹی کمشنر منجوشا پونڈلک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے  اس بات کا اعتراف کیا کہ برڈ فلو کی وبا پھیلی تھی۔  البتہ انہوںنے کہا کہ شہریوں کو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ متعلقہ پولٹری فارم میں انفیکشن کا پتہ چلنے پر حکومت نے قواعد و ضوابط کے مطابق مرغیوں اور انڈوں کو تلف کر دیا ہے۔ مذکورہ پولٹری فارم  کے علاوہ، ناگپور ضلع میں کسی اور پولٹری فارم میں انفیکشن کی اطلاع نہیں ملی  ہے۔ البتہ اس  پولٹری فارم سے  ایک کلومیٹر کے اندر ویٹرنری یونیورسٹی کا پولٹری بریڈنگ  سینٹر ہے، وہاں بھی ۲۶۰؍ مرغیاں ماری گئی ہیں۔
 خریداری اور نقل و حمل پر ۲۱؍ دنوں کی پابندی
 جیسے ہی یہ پتہ چلا کہ پولٹری فارم میں مرغیوں کی موت برڈ فلو کی وجہ سے ہوئی، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کے چیئرمین ڈاکٹر وپن ایٹنکر نےحکم جاری کیا کہ  مرغیوں اور انڈوں کی خریداری  اور ان کی نقل وحمل پر ۲۱؍ دنوں کی پابندی عائد کر دی جائے۔ اس کے علاوہ پولٹری فارموںکو پوری طرح سےچراثیم سے پاک کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ 

nagpur Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK