Inquilab Logo

مغربی بنگال میں بی جے پی کی شکست سے ملک بھر میں پیغام جائے گا

Updated: March 15, 2021, 10:49 AM IST | Agency | Kolkata

سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا نےکہاکہ ممتا بنرجی کی سربراہی میں ان کی پارٹی ترنمول کانگریس دوبارہ اقتدار میں آئے گی

Yashwant Sinha - Pic : PTI
یشونت سنہا ۔ تصویر : پی ٹی آئی

سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا نے ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) میں شامل ہونے کے ایک دن بعد کہاکہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں صرف بی جے پی کو شکست ہونی چاہئے تبھی ملک بھر میںایک مثبت  پیغام جائے گا۔ سنہا نے کہا کہ انہوں نے بغیر کسی شرط کے ممتا بنرجی کو اپنا تعاون دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی سربراہی میں ان کی پارٹی واضح اکثریت سے دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔ این ڈی ٹی وی کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں۸۳؍ سالہ سنہا نے کہا کہ’’میں نے (ممتا بنرجی) کے ہاتھ  کومضبوط کرنے کے لئے ٹی ایم سی میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ وہ اپنی جنگ لڑ رہی ہیں ، وہ بنگال کی جنگ لڑ رہی  ہیں۔ وہ ایک ملک کے لئے بھی لڑ ر ہی ہیں۔ جس طرح  بی جے پی نے بنگال میں پرچار کیا ہے اس سے یہ قومی اہمیت کا انتخاب بن گیا ہے۔بی جے پی کے سابق  لیڈر نے کہا کہ یہ بہت اہم ہے کہ ممتا جیت جائے اور بی جے پی بنگال میں ہار جائے، اس سے ملک گیر پیغام جائے گا۔
واضح رہےکہ مغربی بنگال کی سیاست میں اس وقت اُبال آیا جب سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی سے ناراضگی کے سبب ناطہ توڑ چکے یشونت سنہا نے ترنمول کانگریس کا دامن تھام لیا۔ یشونت سنہا نے گزشتہ روز کولکاتا پہنچ کر نہ صرف ترنمول کانگریس کی رکنیت اختیار کی بلکہ بی جے پی کے خلاف کھل کر آواز اٹھائی۔ ویسے تو یشونت سنہا کئی مواقع پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں، لیکن بنگال میں ممتا بنرجی کا ہاتھ تھام کر انھوں نے بی جے پی کو زبردست جھٹکا دیا ہے جو کہ ریاست میں پہلی مرتبہ برسراقتدار ہونے کا خواب شرمندۂ تعبیر کرنے کے لیے پوری طاقت لگا رہی ہے۔
 یشونت سنہا  نےجو اٹل بہاری واجپئی حکومت میں کابینہ وزیر کے عہدے پر رہے ہیں، ۲۰۱۸ءمیں پارٹی قیادت کے ساتھ تلخیاں بڑھ جانے کے بعد بھگوا پارٹی چھوڑ دی تھی۔ان کے بیٹے جینت سنہا جھارکھنڈ میں ہزاری باغ سے بی جے پی کے ایم پی ہیں۔ سنہا نے کہاکہ ’’ملک ایک غیر یقینی صورتحال سے گزررہا ہے۔ہمارے اصول او راقدار خطرے میں ہیں۔ ہماری جمہوریت کا استحکام اسکے اداروں میں مضمر ہے او رمذکورہ تمام ادارے منظم انداز میں کمزور کردئے جارہے ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK