Inquilab Logo

کم پولنگ پر اکھلیش اور تیجسوی یادو کا بی جے پی پر طنز

Updated: April 28, 2024, 12:30 PM IST | Agency | Patna / Lucknow

آرجے ڈی لیڈر نے کہاکہ این ڈی اے مایوسی کا شکارہے، سماجوادی لیڈر نے کہا کہ بی جےپی کا حال اور بھی برا ہوگا، مودی کا این ڈی اے کو حمایت ملنے کا دعویٰ۔

Akhilesh Yadav. Photo: INN
اکھلیش یادو۔ تصویر : آئی این این

دومرحلوں کی پولنگ میں ووٹنگ کے کم فیصدپراکھلیش یادواورتیجسوی یادونے بی جے پی اور مودی کو نشانہ بنایا ہے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ دومرحلو ں میں بی جےپی کو ووٹر نہیں ملے، آئندہ بوتھ ایجنٹ بھی نہیں ملیں گے۔ تیجسوی یادونے کہا کہ دومرحلوں کے بعداین ڈی اے ڈپریشن کا شکار ہوچکا ہے۔ راشٹریہ جنتا دل کے لیڈر اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے سنیچر کو کہا کہ۲؍ مرحلوں کے انتخابات کے بعد این ڈی اے کے لوگ ڈپریشن کا شکار ہیں۔ خیال رہے کہ لوک سبھا انتخابات کے تحت۱۹؍ اور۲۶؍ اپریل کو ووٹنگ کے دو مراحل مکمل ہو چکے ہیں۔ تیجسوی یادو نے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کے ایک روز بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ ملک کے کسانوں، نوجوانوں، خواتین، طلباء، تاجروں اور ملازمین کو پتہ چل گیا ہے کہ مودی ہے تو نوکری ملنا مشکل ہے، مودی ہے تو بے روزگاری ہٹانا مشکل ہے۔ مودی ہے تو مہنگائی کم کرنا مشکل ہے، مودی ہے تو مسائل پر بات کرنا مشکل ہے، مودی ہے تو اسکولوں اور اسپتالوں پر بات کرنا مشکل ہے، مودی ہے تو کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنا مشکل ہے!بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے کہا کہ وزیر اعظم جمعہ کو بہار میں ۲؍ مقامات پر تھے۔ ایک بار بھی انہوں نے اپنے۱۰؍ سال کے کسی ایک کارنامے کا ذکر نہیں کیا۔ حقیقی معنوں میں کوئی کامیابی ہوتی تو ذکر ضرور کرتے۔ 
 تیجسوی یادو نے کہا کہ وزیر اعظم نے یہ بھی نہیں بتایا کہ ان کے ۴۰؍ میں سے ۴۰؍ اراکین پارلیمنٹ نے گزشتہ۵؍سال کے دوران کیا کیا؟ انہوں نے کہا کہ مودی جی اتنا جھوٹ بول چکے ہیں کہ اب ان کے پاس کہنے کو کچھ نہیں بچا۔ اب وہ مسائل سے بھاگ رہے ہیں !

یہ بھی پڑھئے: فلسطین کے حق میں امریکی طلبہ کے مظاہرے جاری، اب تک۵۵۰؍ طلبہ گرفتار

بی جے پی کا حال اور بھی بُرا ہوگا
 سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے سنیچر کودعویٰ کیا کہ لوک سبھا انتخابات کے پہلے ۲؍ مراحل میں بی جے پی کو ووٹر نہیں ملے اور آئندہ مراحل میں اسے بوتھ ایجنٹ تک میسر نہیں ہوں گے! سماجوادی پارٹی سربراہ نے جمعہ کو ہونے والی دوسرے مرحلہ کی پولنگ کے بعد ایک نیوز چینل کی ایک بوتھ ایجنٹ سے کی گئی گفتگو کی ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کی۔ انہوں نے ایکس پر لکھا ’’بی جے پی لیڈروں کے۱۰؍ سال لگاتار جھوٹ پہ چھوٹ بولنے کے بعد آج بی جے پی کا جو برا حال ہو رہا ہے، اس سچ کو بولنے کی ہمت بی جے پی کا ایک بوتھ ایجنٹ کر رہا ہے۔ یہ بوتھ ایجنٹ کہہ رہا ہے کہ بی جے پی کے حق میں ووٹنگ نہیں ہونے کا سبب بی جے پی حکومت کے خلاف عوام کا اشتعال ہے، جو مہنگائی اور بے روزگاری جیسے اصل مسائل سے وابستہ ہے۔ ‘‘
  اکھلیش یادو نے کہا، ’’پہلے دو مراحل کی ووٹنگ کے بعد آئندہ مراحل میں بی جے پی کا حال اور بھی برا ہوگا۔ عوام نے بی جے پی کا بوریا بستر اور جھولا سب باندھ دیا ہے۔ ‘‘خیال رہے کہ اتر پردیش میں لوک سبھا کی۸۰؍سیٹوں کیلئے تمام ۷؍ مراحل میں ووٹنگ ہوگی، جس میں شروع کے۲؍ مراحل میں ۸-۸؍ سیٹوں کیلئے ۱۹؍اپریل اور۲۶؍ اپریل کو ووٹ ڈالے جا چکے ہیں۔ آئندہ ۵؍ مراحل کے دوران بقیہ۶۴؍ سیٹوں پر ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ 
۲؍ مرحلوں میں اپوزیشن مایوس ہوچکا ہے: مودی 
  پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ۱۳؍ ریاستوں کی۸۸؍ سیٹوں پر ووٹنگ کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے ٹویٹ کیا ہے۔ وزیراعظم نے ایکس پرلکھا کہ دوسرا مرحلہ بہت اچھا رہا۔ ہندوستان بھر کے لوگوں کا شکریہ جنہوں نے ووٹ دیا۔ مودی نےدعویٰ کیا کہ این ڈی اے کو بے مثال حمایت مل رہی ہے جس سے اپوزیشن مایوس ہے۔ مودی کے مطابق رائے دہندگان این ڈی اے کی اچھی حکمرانی چاہتے ہیں۔ نوجوان اور خواتین ووٹر این ڈی اے کو بھرپور حمایت دے رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK