Inquilab Logo

بی جے پی کی میٹنگ، وزیر اعظم کی تائید میں قرارداد منظور

Updated: February 22, 2021, 11:09 AM IST | Agency | New Delhi

کورونا پر قابو پانے اورزرعی قوانین کے تعلق سے وزیر اعظم مودی کے اقدامات کی قرارداد میں تائید وستائش کی گئی ،اطمینان ظاہر کیا گیا کہ وزیر اعظم نے کورونا کے چیلنج سے بخوبی نمٹتے ہوئے دنیا کےسامنے ہندوستان کو ایک مثال کے طور پر پیش کیا ہے،مودی کاریاستی صدور اورجنرل سیکریٹریوں سے خطاب

PM Modi - PIC : PTI
پی ایم مودی ۔ تصویر : پی ٹی آئی

بی جے پی  کے قومی لیڈروں کی اتوارکو منعقدہ  ایک میٹنگ میںبی جے پی نے ایک سیاسی قرارداد منظور کرتے ہوئےکورونا اورزرعی قوانین کے تعلق سے وزیر اعظم مودی کے اقدامات کی تائید وستائش کی۔قرارداد میں دعویٰ کیا گیا کہ وزیر اعظم مودی نے کورونا کے چیلنج سے بخوبی نمٹتے ہوئے دنیا کےسامنے ہندوستان کو ایک مثال کے طور پر پیش کیا ہے۔اتوار کو یہاں منعقدہ بی جےپی کے قومی عہدیداروں کی میٹنگ میں اس قرار داد کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے پارٹی کے نائب صدر ڈاکٹر رمن سنگھ نے بتایا کہ ’’کورونا کے دوران ہندوستان کے سامنے سب سے بڑا چیلنج اس بحران سے نمٹنا تھا کیونکہ۱۳۰؍ کروڑآبادی والے ملک میں صحت کا بنیادی ڈھانچہ مضبوط نہیں تھا۔اس کے باوجود وزیر اعظم کی مؤثر قیادت کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے ۴۸؍ گھنٹوں کے اندر اندر کروڑوں غریب محنت کش آبادی کو راحت  دینے  کیلئے ۲ء۷۶؍ لاکھ کروڑ روپے کے پیکیج کا اعلان کیا گیا۔ اس سے۸۰؍ کروڑ ضرورت مند لوگوں تک راشن پہنچانےکا کام کیا گیا۔
 انہوں نے بتایا کہ ’’وزیر اعظم مودی  نے کورونا  کے دوران خدمات کے عزم کے سلسلے میں تنظیم کو متحرک کرنے کا کام کیا جس کی وجہ سے سیوا ہیسنگھن پروگرام سے۲۲؍کروڑ سے زیادہ لوگوں کےکھانے کاانتظام کیا گیا۔‘‘رمن سنگھ نےبتایا کہ ’’ہمارے سائنسدانوں کی محنت کی وجہ سے  ہندوستان دو دو کورونا ویکسین بنانے میں کامیاب رہا۔آج ہندوستان دنیا کے۱۷؍ ممالک میں ویکسین بھیج رہا ہے۔
 ہندوستان نے ایک کروڑ کورونا ٹیکے لگانے کا ہدف صرف۳۴؍ دن میں مکمل کرلیا ہے جبکہ برطانیہ نے۵۶؍ دن میں ایک کروڑ افراد کو ٹیکے لگائے۔سیاسی تجویز میں زرعی قوانین کی حمایت کی بات کرتے ہوئےسنگھ نے کہاکہ ’’زرعی بہبود، زرعی اصلاحات اور کسانوں کے مفاد میں وزیر اعظم مودی نے تین قوانین کے ذریعے بڑے فیصلے کئے۔ اس سے کسانوں کو ان کی  پیداوار کی مناسب قیمت ملے گی اور وہ اپنی پیداوار کہیں بھی فروخت کرسکیں گے۔‘‘
 رمن سنگھ نے ۵؍ ریاستوں میں آئندہ ہونے والے اسمبلی انتخابات کے تناظر میں کہاکہ ’’اس مرتبہ مغربی بنگال کے عوام کی  حمایت وزیر اعظم کی قیادت میں بی جے پی کومل رہی ہے۔ وہاں کے لوگ غیر جمہوری اور جابرانہ حکومت سے دوچار ہیں، لہٰذا بی جے پی یقینی طور پر وہاں جیت حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’سیاسی تجویز میں عمومی بجٹ کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس سے خود کفیل ہندوستان کا عزم  پوراہوگااور یہ ہمہ جہت، جامع بجٹ ملک کی ترقی کی بنیاد کو مستحکم کرے گا۔‘‘
 بی جے پی کے قومی عہدیداروں کی اس میٹنگ کا وزیراعظم نریندرمودی نے افتتاح کیا تھا۔ اس دوران وزیراعظم اور صدر جگت پرکاش نڈا نے بی جے پی قومی عہدیداروں سے خطاب بھی کیا۔اس دوران مودی نے بی جےپی کے قومی عہدے داروں ،ریاستی صدور اور ریاستی اکائیوں کے جنرل سیکریٹریوں سے خطاب بھی کیا۔
 بی جے پی کے جنرل سیکریٹری ارون سنگھ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ پارٹی کے صدر جگت پرکاش نڈا کی صدارت میں ہورہی اس میٹنگ میں کئی ریاستوں میں ہونے جارہے آئندہ اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں پارٹی کی حکمت عملی پر بحث  کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ’’ میٹنگ میں آتم نربھر بھارت ابھیان اور زرعی قوانین پر بحث کی گئی۔ ساتھ ہی ریاستی مبنی گروپ کی میٹنگوں اور مستقبل کے منصوبوں پر گفتگو کی گئی اورکچھ کااعلان کیا گیا۔اس کے علاوہ قومی عہدیداروںکی میٹنگ کا خاکہ ،ریاست کی اکائیوں کے ذریعہ چلائے جارہے پروگراموں اور انتخابی ریاستوں کی تیاریوںکا بھی  جائزہ لیا گیا۔
 کورونا سے جان گنوانے والوں  کے تئیں تعزیت کا اظہار کرنے کےلئے میٹنگ میں تعزیتی تجویز پاس کی گئی۔میٹنگ میں بی جےپی کی فیصلہ کرنے والی اعلیٰ ترین یونٹ  پارلیمانی بورڈ کے رکن،قومی عہدے دار ،سبھی ریاستوں کے صدر اور ریاستی اکائیوں کے جنرل سیکریٹریز شامل ہوئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK