• Mon, 22 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گزشتہ سال بی جے پی کو کل سیاسی عطیات کا ۸۵؍ فیصد حصہ ملا، ۲۳ء کے مقابلے ۳۰؍ فیصد اضافہ: رپورٹ

Updated: December 22, 2025, 6:59 PM IST | New Delhi

بی جے پی کے مقابلے، کانگریس کو اسی مدت کے دوران ۵۲۲ کروڑ روپے ملے، جو زعفرانی پارٹی کو ملے کل چندے کے دسویں حصے سے بھی کم ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

الیکشن کمیشن کے ذریعے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، بی جے پی نے ۲۵-۲۰۲۴ء کے دوران ۶ ہزار کروڑ روپے سے زائد مالیت کے سیاسی عطیات حاصل کئے۔ بی جے پی کو ملنے والے عطیات، گزشتہ سال تمام بڑی سیاسی پارٹیوں کو ملنے والے چندے کا ۸۵؍ فیصد حصہ ہے۔ یہ ۲۴-۲۰۲۳ء کے مقابلے ایک بڑا اضافہ ہے، جب کل عطیات میں پارٹی کا حصہ ۵۶ فیصد تھا۔ بی جے پی کے مقابلے، کانگریس کو اسی مدت میں ۵۲۲ کروڑ روپے ملے، جو بھگوا پارٹی کو ملے کل چندے کے دسویں حصے سے بھی کم ہے۔ اس دفعہ کانگریس کے فنڈز میں نمایاں کمی آئی ہے۔ گزشتہ سال پارٹی کو ۱۱۳۰ کروڑ روپے کا چندہ موصول ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: لوکل باڈی الیکشن میں بی جےپی سب سے بڑی پارٹی بن کر اُبھری، ۱۲۹؍ میونسپل کونسل پر قبضہ

الیکٹورل ٹرسٹ سب سے بڑے عطیہ دہندگان

فروری ۲۰۲۴ء میں سپریم کورٹ کی جانب سے الیکٹورل بانڈز اسکیم کو کالعدم قرار دیئے جانے کے بعد، کارپوریٹ عطیہ دہندگان، الیکٹورل ٹرسٹس کے ذریعے سیاسی پارٹیوں کو چندہ دے رہے ہیں۔ اس کے نتیجے میں ۲۵-۲۰۲۴ء میں الیکٹورل ٹرسٹ سب سے بڑے سیاسی عطیہ دہندگان بن کر ابھرے ہیں۔

سب سے زیادہ عطیات دینے والے ٹرسٹس کی فہرست میں پروڈنٹ الیکٹورل ٹرسٹ سر فہرست رہا جس نے بی جے پی کو ۲۱۸۱ کروڑ روپے اور کانگریس کو ۲۱۶ کروڑ روپے عطیہ کئے۔ اس ٹرسٹ کا سب سے بڑا عطیہ (۵۰۰ کروڑ روپے) ایلیویٹڈ ایونیو رئیلٹی ایل ایل پی کی طرف سے آیا، جو لارسن اینڈ ٹوبرو (L&T) سے منسلک ہے۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ٹاٹا گروپ کے زیر انتظام پروگریسو الیکٹورل ٹرسٹ ہے جس نے بی جے پی کو ۶ء۷۵۷ کروڑ روپے اور کانگریس کو ۳ء۷۷ کروڑ روپے دیئے۔ آدتیہ برلا گروپ سے وابستہ اے بی جنرل ٹرسٹ نے بی جے پی کو ۶۰۶ کروڑ روپے کا عطیہ دیا۔

یہ بھی پڑھئے: بلدیاتی الیکشن میں فتح پربرسراقتدار پارٹیاں خوش، اپوزیشن کی سخت تنقید

براہِ راست کارپوریٹ عطیات

کئی کمپنیوں نے بی جے پی کو براہِ راست بڑے عطیات دیئے۔ ان میں سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (۱۰۰ کروڑ روپے)، رونگٹا گروپ (۹۵ کروڑ روپے)، بجاج گروپ (۷۴ کروڑ روپے)، ہیرو انٹرپرائز (۷۰ کروڑ روپے)، آئی ٹی سی گروپ (۵ء۷۲ کروڑ روپے) اور ویدانتا گروپ (۶۵ کروڑ روپے) شامل ہیں۔ 

اعداد و شمار کے تجزیہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگرچہ ۸ بڑی قومی اور علاقائی پارٹیوں کو ملنے والے مجموعی عطیات ۷ ہزار کروڑ روپے آس پاس مستحکم رہے، لیکن بی جے پی کے حصے میں ڈرامائی اضافہ ہوا۔ فنڈز کا ایک بڑا حصہ اپریل اور مئی ۲۰۲۴ء میں موصول ہوا، جو لوک سبھا انتخابات کے نتائج سے ٹھیک پہلے کا وقت تھا۔ یہ اعدادوشمار اس بات کی نشان دہی کرتے ہیں کہ کارپوریٹ فنڈز کا رخ تیزی سے برسراقتدار پارٹی کی طرف ہورہا ہے، جس سے بی جے پی اور اپوزیشن پارٹیوں کے درمیان مالی خلیج مزید بڑھ گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK