ضلع ہیڈکوارٹرس کے باہر مظاہرے، وینوگوپال نے اعلان کیا کہ پارٹی اُن مزدوروں کے ساتھ ہے، جن کی روزی روٹی اور وقار پر حملہ ہو رہا ہے۔ شیوراج سنگھ چوہان نے ملک کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا، نئے قانون کو ’’غریب دوست‘‘ قرار دیا۔
اتوار کو بھوپال میں کانگریس کارکن منریگا کی منسوخی کےخلاف احتجاج کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
اپوزیشن کے شدید اعتراض اور احتجاج کے باوجود اکثریت کے بَل پر لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں منظور کئے گئے ’وی بی -جی رام جی بل‘ پر اتوار کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے دستخط کردیئے جس کے بعد یہ قانون بن گیا اور مہاتما گاندھی سے منسوب ’منریگا‘ فوری طور پرمنسوخ ہو گیا۔ مرکزی وزارت برائے دیہی ترقیات نے بل پر صدر کے دستخط کو سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے ذریعہ دیہی روزگار کو وکست بھارت کے ہدف سے ہم آہنگ کردیا گیا ہے۔دوسری جانب کانگریس اس متنازع قانون کے خلاف ملک گیر احتجاج کے اپنے موقف پرقائم ہے۔ اتوار کو کئی اضلاع میں ضلعی ہیڈ کوارٹرس کے باہر پارٹی کارکنوں نے احتجاج کیا۔
منریگا کی جگہ وی بی جی-رام-جی بل منظور کئے جانے کے خلاف کانگریس کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال نے اتوار کو کہا کہ مودی حکومت نے مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی اسکیم (منریگا) کو عملی طور پر ختم کر دیا ہے اور روزگار کی ضمانت کے اس حق کو احسان میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منریگا کام کرنے کا ایک قانونی حق تھا، نہ کہ کوئی فلاحی اسکیم۔ بی جے پی نے اس حق کو بجٹ پر منحصر اسکیم میں بدل کر کروڑوں دیہی خاندانوں کو عدم تحفظ اور پریشانی میں دھکیل دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’کانگریس ملک بھر کے ضلع ہیڈکوارٹرس میں اس کے خلاف احتجاج کر رہی ہے اور ان مزدوروں کے ساتھ کھڑی ہے، جن کی روزی روٹی اور وقار پر حملہ ہو رہا ہے۔ چنئی میں منعقد پریس کانفرنس میں پی چدمبرم نے کہا کہ ’’نیا منصوبہ پورے ملک میں نافذ نہیں ہوگا۔ مرکزی حکومت طے کرے گی کہ کن اضلاع اور علاقوں میں کام ملے گا؟‘‘ پی چدمبرم کا کہنا ہے کہ ’’اگر کسی ضلع کو ’کوئی کام نہیں‘ والا قرار دیا جاتا ہے تو لوگ نوکری کا مطالبہ بھی نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ ’ایمپلائمنٹ گارنٹی اسکیم‘ نہیں رہ گئی۔
دوسری طرف وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے اتوار کو ایک ویڈیو جاری کرکے کانگریس کے احتجاج کی مذمت کی۔انہوں نے اسے ’’ایک بار پھر ملک کو گمراہ کرنے کی سازش ‘‘قراردیا اور دعویٰ کیا کہ جی رام جی بل غریب دوست اور ترقی کی راہ ہموار کرنےوالا ہے۔