نشی کانت دوبے نے یہ نوٹس دیا، الیکشن لڑنے پر بھی تاحیات پابندی کا مطالبہ
EPAPER
Updated: February 12, 2026, 11:24 PM IST | New Delhi
نشی کانت دوبے نے یہ نوٹس دیا، الیکشن لڑنے پر بھی تاحیات پابندی کا مطالبہ
حکمراں پارٹی بی جے پی اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی مقبولیت اور ان کے الزامات سے اس قدر گھبراگئی ہے کہ وہ ان کی رکنیت ہی منسوخ کروادینا چاہتی ہے۔ ساتھ ہی ان پر الیکشن لڑنے پر تاحیات پابندی بھی لگوانا چاہتی ہے۔ لوک سبھا میںبی جے پی کے رکن اور گاندھی خاندان کے سب سے بڑے مخالفین میں سےایک نشی کانت دوبے نے اس سلسلے میں ایک نوٹس پیش کیا ہے۔ اپنے نوٹس کے تعلق سے دوبے نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں صحافیوں کے سامنے دعویٰ کیا کہ راہل گاندھی نے پارلیمنٹ میں غلط الزامات لگا کر ملک کو گمراہ کرنے کا کام کیا ہے۔انہوں نے لوک سبھا اسپیکر سے اپنے نوٹس پر غور کرنے اور اسے بحث کے لئے پیش کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ راہل گاندھی کی رکنیت ختم کی جا سکے اور ان پر تاحیات الیکشن لڑنے پر پابندی عائد کروائی جاسکے۔
نشی کانت دوبے جو اکثر ایوان میں راہل گاندھی کے خلاف انتہائی جارحانہ رخ اختیار کرتے ہیں، نے الزام لگایا کہ راہل گاندھی غیرملکی دوروں پر مبینہ طور پر سوروس فاؤنڈیشن، یو ایس اے آئی ڈی اور فورڈ فاؤنڈیشن جیسی تنظیموں سے وابستہ افراد کے رابطے میں رہتے ہیںجو ملک مخالف تنظیمیں ہیں۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ راہل گاندھی تھائی لینڈ، ویتنام اور کمبوڈیا کے دوروں پر ہندوستان مخالف عناصر کے ساتھ ملی بھگت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نوٹس لوک سبھا کے ضابطہ ۳۸۰؍کے مطابق دیا گیا ہے۔