امیت شاہ نے انتخابی منشور جاری کیا، ’دراندازوں‘ کو چن چن کر ملک بدر کرنے اور خواتین کو ماہانہ ۳؍ ہزار روپے کا وظیفہ دینے کا اعلان
EPAPER
Updated: April 11, 2026, 9:34 AM IST | Kolkata
امیت شاہ نے انتخابی منشور جاری کیا، ’دراندازوں‘ کو چن چن کر ملک بدر کرنے اور خواتین کو ماہانہ ۳؍ ہزار روپے کا وظیفہ دینے کا اعلان
بی جےپی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعہ کو مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کیلئے پارٹی کا منشور جاری کرتے ہوئے برسراقتدار آنے پر ریاست میں ۶؍ ماہ میں یونیفارم سو ِل کوڈ نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی دراندازوں کو ’’تلاش، حذف اور ملک بدر‘‘کرنے کا اعلان کیاگیاہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاست کی ترقی کا وعدہ کرتے ہوئے خواتین اور بیروزگاروں کیلئے ماہانہ ۳؍ ہزار روپے کے وظیفے کا بھی اعلان کیاگیاہے۔
امیت شاہ نے انتخابی منشور کو’’سنکلپ پتر‘‘ نام دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ اگر بنگال میں بی جے پی کی حکومت بنتی ہے تو ریاست میں ایک مضبوط، باصلاحیت اور اہل وزیر اعلیٰ کا تقرر کیا جائے گا۔انہوں نے زور دیکر کہا کہ وزیر اعلیٰ بنگال کا ہی ہوگا۔ منشور میں کرمالی اور راجبونگشی زبانوں کو آئین کےآٹھویں شیڈول میں شامل کرنے کی پہل کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔
پارٹی نے اگلے پانچ برسوں میں ایک کروڑ روزگار اور خود روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا وعدہ کیا ہے جبکہ بیروزگار نوجوانوں کو ہر ماہ۳؍ ہزار روپے کی مالی مدد اور مسابقتی امتحانات کی تیاری کیلئے ۱۵۰۰۰؍روپے کی اسکالرشپ کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ خواتین کیلئے ہر ماہ۳؍ روپے کی مالی امداد، سرکاری ملازمتوں میں۳۳؍فیصد ریزرویشن، خواتین پولیس بٹالین اور درگا سیکوریٹی اسکواڈ کے قیام کا وعدہ کیا گیا ہے۔ حاملہ خواتین کو۲۱؍ روپے کی مدد اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ امیت شاہ نے ممتا حکومت کی ’لکشیر بھنڈار‘اسکیم کے تحت خواتین کو دی جانےوالی ۱۵۰۰؍ کی رقم اور بیروزگاروں کو ملنےوالے ۱۵۰۰؍ کے ماہانہ وظیفہ کو کو ’’رشوت ‘‘قراردیاہے۔