Inquilab Logo Happiest Places to Work

۴؍ ریاستوں کے اسمبلی ضمنی ا نتخابات میں بی جےپی کو ہزیمت

Updated: June 24, 2025, 8:38 AM IST | New Delhi

صرف گجرات کی کڑی سیٹ ہی جیت سکی ، عام آدمی پارٹی کی بہتر کارکردگی ، گجرات اورپنجاب کی ایک ایک سیٹ پرقبضہ ،کیرالا میں کانگریس ا ور بنگال میںترنمول کانگریس فاتح

AAP candidate Sanjeev Arora wins from Ludhiana West Assembly seat. (PTI)
لدھیانہ ویسٹ اسمبلی سیٹ سے جیتنے والے آپ امیدوار سنجیو اروڑا ۔(پی ٹی آئی )

چار ریاستوں کی ۵؍ اسمبلی سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخابات کے نتائج پیر کو گئے ۔ گجرات کی کڑی سیٹ سے بی جے پی امیدوار راجندر چاوڑا جیت گئے۔ انہوں نے کانگریس کے رمیش چاوڑا کو شکست دی۔ وساؤدر سے عام آدمی پارٹی (آپ) کے گوپال اٹالیا جیت گئے۔ بی جے پی کے کیرتی پٹیل دوسرے نمبر پر رہے۔
 ضمنی الیکشن میں’آپ‘ کی کارکردگی اس لحاظ سے بہت بہتر رہی ہے کہ اس نے پنجاب کی لدھیانہ ویسٹ اسمبلی سیٹ پر جیت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ گجرات کی وساودَر اسمبلی سیٹ بھی جیت لی ۔ بی جے پی کیلئے انتخابی نتائج بہت خوش کن نہیں رہے، کیونکہ اس نے پانچوں اسمبلی سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کیے تھے، لیکن جیت محض گجرات کی کڑی اسمبلی سیٹ پر ملی ہے۔ کانگریس کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ اس نے طویل عرصہ بعد کیرالا کی نیلامبور سیٹ پر کامیابی کا پرچم لہرایا ہے۔
  نیلامبور اسمبلی سیٹ پر کانگریس کی قیادت میںیو ڈی ایف امیدوار آریہ دان شوکت کو۱۱؍ ہزارسے زائد ووٹوں سے کامیابی ملی ہے۔ کیرالا کی اس سیٹ کو جیتنے کے لیے کانگریس نے کافی محنت کی تھی اور اس کا مثبت نتیجہ برآمد ہوا ۔ پرینکا گاندھی کی انتخابی تشہیر نے بھی اپنا اثر دکھایا اور نیلامبور سیٹ پر طویل عرصہ بعد کانگریس کو جیت نصیب ہوئی۔ آریہ دان شوکت کو ۷۷؍ ہزار ۷۳۷؍ ووٹ ملے جبکہ سی پی آئی (ایم) امیدوار ایم سواراج کو ۶۶؍ ہزار ۶۶۰؍ ووٹ ملے ۔ بی جے پی امیدوار ایڈوکیٹ موہن جارج محض۸۶۴۸؍ ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے اور وہ چوتھے مقام پر رہے۔
 پنجاب کی لدھیانہ ویسٹ اسمبلی سیٹ پر آپ امیدوار سنجیو اروڑا شروع میں کانگریس امیدوار بھارت بھوشن آشو سے پیچھے چل رہے تھے لیکن جیسے جیسے ووٹوں کی گنتی آگے بڑھی، سنجیو نے سبقت بنا لی۔ انہوں نے کانگریس امیدوار کو ۱۰؍ ہزار ۶۳۷؍ ووٹوں سے شکست دی۔ بی جے پی امیدوار جیون گپتا اس سیٹ پر۲۰؍ ہزار ۳۲۳؍ ووٹوں کے ساتھ تیسرے مقام پر رہے، جبکہ شرومنی اکالی دل امیدوار کو چوتھا مقام حاصل ہوا۔
 گجرات کی ۲؍ اسمبلی سیٹوں وساودَر اور کڑی میں انتخابات کرائے گئے تھے جن میں سے وساؤدر میں آپ اور کڑی (ریزرو) میں بی جے پی کو کامیابی ملی ہے۔ وساودَر میں ’آپ‘ امیدوار گوپال اٹالیا نے تقریباً۷۶؍ ہزار ووٹ حاصل کر کے بی جے پی امیدوار کریت پٹیل کو تقریباً ۱۷ء۵؍ہزار ووٹوں سے شکست دی۔ کانگریس امیدوار نتن رنپریا تقریباً۵ء۵؍ہزار ووٹ حاصل کر کے تیسرے مقام پر رہے ۔ کڑی سیٹ پر بی جے پی امیدوار راجندر کمار چاؤڑا نے تقریباً ایک لاکھ ووٹ حاصل کر کانگریس امیدوار رمیش بھائی چاؤڑا کو تقریباً۴۰؍ہزار ووٹوں سے شکست دی۔ آپ امیدوار جگدیش  چاؤڑا نے محض ۳۰۹۰؍ووٹ حاصل کئے۔
 مغربی بنگال کی کالی گنج سیٹ پر ترنمول کانگریس کا دبدبہ برقرار رہا۔ ممتا بنرجی نے ایک بار پھر اپنا دَم دکھاتے ہوئے کالی گنج سیٹ پر جیت حاصل کر لی ہے۔ ترنمول کانگریس کے الیفہ احمد  نے ۵۰؍ ہزار سے زائد ووٹوں سے فتح کا پرچم لہرایا ہے۔ انھوں نے بی جے پی امیدوار آشیش گھوش کو شکست فاش دی۔ کانگریس امیدوار کابل الدین شیخ نے اس سیٹ پر تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔
میں راجیہ سبھا نہیں جا رہا ہوں:کیجریوال 
 سنجیواروڑا کے الیکشن جیتنے کے بعد، کیجریوال نے دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ پارٹی کی جانب سے راجیہ سبھا میں کس کو بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ  یہ فیصلہ آپ کی  سیاسی امور کی کمیٹی (پی اے سی)کرے گی، میں راجیہ سبھا نہیں جا رہا ہوں۔
ریاستوں کی موجودہ صو رتحال 
گجرات: یہاں بی جے پی کی حکومت ہے۔ بھوپیندر پٹیل وزیر اعلیٰ ہیں۔ کل اسمبلی سیٹیں ۱۸۲؍ ہیں۔ بی جے پی کے پاس۱۶۱؍ ایم ایل اے ہیں، کانگریس کے پاس۱۲؍ اور آپ کے پاس ۴؍ ہیں۔ جبکہ ایک سیٹ سماج وادی پارٹی کے پاس ہے اور۲؍ آزاد امیدواروں کے پاس ہے۔
مغربی بنگال: ریاست میں ترنمول کانگریس کی  حکومت ہے۔ ممتا بنرجی وزیر اعلیٰ ہیں۔ اسمبلی کی کل۲۹۴؍سیٹیں ہیں۔ ٹی ایم سی کےپاس ۲۱۵؍ایم ایل اے ہیں۔ بی جے پی کے پاس۷۷؍ہیں۔ کانگریس کا ایک بھی ایم ایل اے نہیں ہے۔
پنجاب: یہاں عام آدمی پارٹی (آپ) کی حکومت ہے ۔ بھگونت مان  وزیر اعلیٰ ہیں ۔ اسمبلی کی کل سیٹیں ۱۱۷؍ ہیں۔ آپ کے پاس ۹۱؍سیٹیں ہیں۔ کانگریس کے  پاس ۱۸؍، شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) کے پاس ۳؍، بی ایس پی کے پاس ایک اور بی جے پی  کے ۲؍  ایم ایل اے ہیں۔ ایک ایم ایل اے آزاد ہے۔
کیرالا: یہاں لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) کی حکومت ہے ۔ پنارائی وجین وزیر اعلیٰ ہیں ۔ اسمبلی کی کل سیٹیں ۱۴۰؍ہیں۔ ایل ڈی ایف کے پاس۹۸؍ سیٹیں ہیں۔ یونائیٹڈ ڈیمو کریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) کے پاس۴۱؍ نشستیں ہیں۔

election Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK