Inquilab Logo Happiest Places to Work

بی ایم سی سڑکوں کو گڑھے سے پاک کرنے میں ناکام

Updated: August 04, 2025, 11:54 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

جن علاقوں سے سب سے زیادہ ٹیکس وصول کیا جاتا ہے، وہاں بے شمار گڑھے ہیں۔ قلابہ ، ملبار ہل ، ورلی اور باندرہ میںسب سے کم گڑھے ہونے کی شکایتیںملیں

A potholed road in Bandra East. (Photo: Atal Kamble)
باندرہ مشرق میں گڑھوں سے بھری ایک سڑک۔ (تصویر:اتل کامبلے)

شہریوں کو گڑھوں سے پاک سڑکیں فراہم کرنے کیلئے پہلے مرحلہ میں شہرو مضافات کے اکثر علاقوں کی سڑکوں کو سیمنٹ کنکریٹ میں تبدیل کر دیا گیا ہے لیکن آج بھی بیشترسڑکوں پر جا بجا گڑھوں  سے لوگوںکو سخت پریشانیو ںکا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بی ایم سی ایک بار پھر گڑھوں سے پاک سڑکیں فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے ۔گڑھوں کی شکایت کے لئے بنائے گئے ایپ پر شہر اور مضافات سے ساڑھے سات ہزار سے زائد موصول ہونے والی شکایتوں سے ہی یہ واضح ہوا ہے کہ پراپرٹی ٹیکس کی باقاعدہ ادائیگی کے باوجود شہریوں کو نہ صرف گڑھوں سے بھری سڑکوں پر سفر کرنا پڑ رہا ہے بلکہ تکالیف کے ساتھ ساتھ حادثات  بھی ہورہے ہیں۔
  امسال بی ایم سی نے تمام ۲۴؍ وارڈوں میں گڑھوں کی شکایت اور اس کے فوری حل کیلئے ’مائی پوٹ ہول، کوئک فکس‘ نامی ایپ متعارف کرایا تھا ۔ یکم جون تا یکم اگست تک شہر اور مضافات میں ۷؍ ہزار ۶۲۱؍ گڑھوں کی شکایت موصول کی تھی ۔ایپ سے ملنے والی شکایتوں کا جائزہ لینے پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ شہر کا ہائی پروفائل علاقے جن میں قلابہ ، ملبار ہل ، ورلی اور باندرہ مغرب شامل ہیں،میں سب سے کم گڑھے ہونے کی شکایت موصول ہوئی ہے ۔گڑھوں سے متعلق اعداد وشمار اور ترتیب کردہ رپورٹ کے مطابق شہر کے مذکورہ ہائی پروفائل علاقے جس میں صنعت کار مکیش امبانی کا بنگلہ ، منترالیہ ، ودھان بھون اور پولیس کمشنریٹ اور مہاراشٹر ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کا دفتر کے علاوہ دیگر کئی اہم دفاتر بھی ہیں ، کی سڑکوں کی کل لمبائی ۲۸ء۲۷۵؍ میٹر ہے۔وہیں شہر کے بقیہ ۲۰؍ وارڈوں میں چند ایسے بھی علاقے ہیں جہاں سے بی ایم سی سب سے زیادہ ٹیکس وصول کرتی ہے لیکن ان علاقوں میں سب سے زیادہ گڑھوں کی شکایتیں موصول ہوئی ہیں ۔
  جن وارڈوں میں سب سے زیادہ ٹیکس وصو ل کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے ، ان میں ایس وارڈ (بھانڈوپ، کانجور مارگ ) جس میں ایک ہزار ۴۹۹؍ گڑھوں کی شکایتیں موصول ہوئی ہیں ۔اس کے علاوہ کے ویسٹ وارڈ (اندھیری مغرب) میں ۷۱۲، کے ایسٹ  ( اندھیری مشرق ) میں ۳۹۳،ایچ ایسٹ (باندرہ مشرق ، سانتا کروز مشرق، کھار مشرق میں ۳۱۲؍ شکایت موصول ہوئی ہے   یعنی مذکورہ وارڈوں میں کل ۲؍ ہزار ۹۱۶؍ گڑھے ہونے کی شکایت موصول ہوئی ہے ۔  موصولہ اطلاع کے مطابق ان وارڈوں سے ایک ہزار ۶۰۹؍ کروڑ ٹیکس وصول کیا گیا ہے ۔
  واضح رہے کہ شہر کو گڑھوں سے پاک کرنے کیلئے ۱۷؍ ہزار کروڑ کا پروجیکٹ منظور کیا گیا ہے ۔یہ بھی یاد رہے کہ نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے ممبئی کی سڑکوں کو گڑھوں سے پاک کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔  اب تک شہر کی ۷؍ سو کلو میٹر سڑکوں کو سیمنٹ کنکریٹ میں تبدیل کیا گیا ہے ۔  شہر اور مضافات میں گڑھوں کو بھر نے یا سڑکوں کو گڑھوں سے پاک کرنے میں بی ایم سی کی ناکامی پر شہری انتظامیہ کے کمشنر بھوشن گگرانی  نے کہا کہ ’’ایپ کے ذریعہ موصول ہونے والی اکثر شکایت ،ایک نہیں بلکہ بار بار کی گئی ہے ۔ایسی شکایتوں کا جائزہ لیا جارہا ہے ساتھ ہی ہر وارڈ کے انجینئر چھوٹے اور بڑے گڑھوں  جسے بھرا گیا ہے ، ان کا ریکارڈ ترتیب دے رہے ہیں۔
   اس ضمن میں بی ایم سی کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ امسال مانسون کی وقت سے قبل آمد اور دو مہینوں میں معمول سے زیادہ بارش کے علاوہ سیمنٹ کنکریٹ کی سڑکوں کے سلسلہ میں کی گئی کھدائی اور ترقیاتی پروجیکٹوں کے سبب بھی شہر کی سڑکوں پر جا بجا گڑھوں کے مسائل پیدا ہوئے ہیں ۔انہوںنے یہ بھی بتایا کہ مانسون کے بعد دو سرے مرحلہ میں۳۳ء۳۴؍ کو میٹر سیمنٹ کنکریٹ روڈکی تعمیر کا کام شروع کیا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK