Inquilab Logo

تلوجہ میں پانی سپلائی نہ ہونے سے مساجد کے باہر بورڈآویزاں

Updated: November 07, 2021, 11:49 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

مساجد سے اعلان کیا جاتا ہے کہ’ مصلیان اپنے اپنے گھروں سے وضوکرکے آئیں‘ ، علاقے کے مکین ٹینکر کا پانی اور بسلیری خرید کر استعمال کرنے پر مجبور

Muslims face water shortage outside Ayesha Mosque.PictureInquilab
مسجد عائشہ کے باہر مصلیان کو پانی کی قلت کا سامنا ہے ۔(تصویر،انقلاب)

یہاںتلوجہ میں واقع فیزون اور فیز ٹو میں ہزاروں کی تعداد میں مکین جہاں سڈکو  کے ذریعہ سپلائی ہونے والے پانی کی قلت سےجہاں دوچار ہیں وہیں ان  علاقوں کی مساجد میں پانی نہ آنے کی وجہ سےٹرسٹیان کی جانب سے مسجدوں کے گیٹ پر   بورڈ لکھ کر پانی نہ ہونے کی وجہ سے گھر سے وضو کرکے آنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ اسی طرح  نماز کی ادائیگی کیلئے باہر سے  آنے والوں نمازیوں کیلئے مسجد کے باہر ٹینکر کے ذریعہ پانی منگواکر  ڈرم میںرکھا گیا ہے اور وہاں پر کھڑے ہوکر ایک آنے والے نمازی کو ہدایت دیتا ہے کہ وضو کا پانی کم سے کم خرچ کرے۔
  پنویل مہانگر پالیکا کے علاقے میں تلوجہ کے فیز ون میں رہنے والے ابوسالم اعظمی (سماجی کارکن ) نے نمائندۂ انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوی ممبئی میں واقع تلوجہ کی آبادی بہت تیزی کے ساتھ بڑھتی جارہی ہے لیکن  یہاں پر فیز ون اور فیز ٹو  میں سڈکو کے ذریعہ سپلائی کیا جانے والا پانی نہ آنے سے مکین  پینے کے پانی کیلئے خاص طور سے بے حد پریشان ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ویسے تو یہاں پانی کیلئے کئی ماہ سے مکینوں کو تکلیف ہے لیکن ۱۰؍ سے ۱۵؍ دنوں سے علاقےکے لوگ پینے کے پانی کیلئے  ایک ایک قطرہ کیلئے ترس رہے ہیں ۔ 
 ایک سوال کے جواب میں ابوسالم اعظمی کا کہنا ہے کہ بلڈنگ کی سوسائٹی کے ذریعہ ٹینکر کے ذریعے پانی منگوایا جاتا ہے لیکن ٹینکر کا پانی کھانے پینے کے لائق نہیں ہوتاجس کی وجہ سے لوگ بسلیری پانی کا گیلن اور بند بوتل پانی ۵۰؍ روپے میں ۲۰؍ لیٹر  دکانوں سے خرید کراستعمال کرنے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ چند روز پہلے میرے گھر میںباہر سے نئے مہمان آنے والے تھے اور گھر میںکھانے پینے کیلئے پانی ایک قطرہ نہیں تھا ۔ ہم لوگوں نے دیگر ضروریات کیلئے ٹینکر کے ذریعہ پانی منگوایا اور پینے کیلئے دکانوں سے پانی خرید کراستعمال کرتے رہے ۔
 ابوسالم  نے  بات چیت  کے دوران بتایا کہ  عائشہ مسجد میں ہر جمعہ کو ۳؍ جماعت ہوتی ہے اور الحمدللہ ہر جماعت میں سیکڑوں افراد نماز اداکرتے ہیں۔البتہ  پانی کی  شدید تکلیف  کے سبب مسجد عائشہ اور دیگر مساجد سے اعلان کیا جاتا ہے کہ ’ مسجد میں پانی نہیں ہے،  آپ لوگ اپنے اپنے گھروں سے وضو کرکےمسجد آئیں ‘۔
  تلوجہ  کے فیز ون میں  واقع مدرسہ ومسجد عائشہ   کے بانی اور اس کے صدر افروز شیخ نے انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پانی سپلائی نہ ہونے سے لوگ پریشان ہیں۔گھروں کے علاوہ ہوٹل اور دیگر  کارخا نو ں میں پانی نہ ملنے سےان کے کاروبار متاثر ہورہے ہیں ۔ علاقے کے تاجر اور مکین  ۲۲۰۰ ؍ روپے خرچ کرکے پرائیویٹ ٹینکر سے پانی منگواتے ہیں  اور مقامی لوگوں کا ایسا بھی الزام ہے کہ علاقے میں پانی فروخت کرنے والے افراد کی سانٹھ’ گانٹھ سے پانی  سپلائی کم ہوتی ہے ۔افروزشیخ کا دعویٰ ہے کہ منگل کو علاقے کے لوگ بڑی تعداد میں تلوجہ سے پنویل مہانگر پالیکا اور سڈ کو کے متعلقہ حکام سے ملاقات کرکے پانی کی سپلائی کا نظم بہتر کرنے کیلئے تحریری مطالبہ کریں گے اور اگر ضرورت پڑی تو احتجاج بھی کریں گے ۔

taluja Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK